مسافر طیارے میں چوہے اور رن وے پر کتے کے باعث ایمرجنسی
31 دسمبر 2015بھارتی دارالحکومت نئی دہلی سے جمعرات اکتیس دسمبر کو ملنے والی نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کی رپورٹوں کے مطابق کل بدھ کے روز ملکی فضائی کمپنی ایئر انڈیا کی ایک پرواز جب ممبئی کے ہوائی اڈے سے برطانوی دارالحکومت لندن کے لیے پرواز کر چکی تھی تو متعدد مسافروں نے عملے کے ارکان کو بتایا کہ انہوں نے طیارے میں ایک چوہا دیکھا ہے۔
اس پر پائلٹ کو اطلاع دی گئی تو اس نے فوری طور پر طیارے کو واپس ممبئی میں اتارنے کا فیصلہ کیا۔ وجہ یہ تھی کہ ہوائی جہاز میں موجود کوئی بھی چوہا یا چوہے بجلی اور کمیونیکیشن نظام کی تاریں کتر سکتے ہیں اور یہ بات بہت خطرناک ثابت ہو سکتی ہے۔
ایئر انڈیا نے آج اپنے ایک بیان میں بتایا کہ مسافروں اور عملے کے ارکان کی سلامتی کو یقینی بنانے اور چوہے کو پکڑنے کے لیے اس ہوائی جہاز کو ممبئی میں اتار کر اس کی تلاشی لی گئی لیکن کوئی چوہا نہ ملا۔ بعد میں ان مسافروں کو ایک دوسرے ہوائی جہاز کے ذریعے لندن روانہ کیا گیا۔ جس طیارے میں مسافروں نے چوہا دیکھا تھا، اسے ممبئی ہی میں روک لیا گیا۔
اس جہاز کا دوبارہ کمرشل استعمال اس کی نئے سرے سے انتہائی تفصیلی چیکنگ کے بعد شروع کیا جائے گا۔ اس دوران تکنیکی دیکھ بھال کے ماہرین اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ چوہے یا چوہوں نے الیکٹرانک نظام یا وائرنگ کو کوئی نقصان نہ پہنچایا ہو۔ اس کے بعد ہی اس طیارے کے لیے ’چوہوں سے پاک‘ ہونے کا سرٹیفیکیٹ جاری کیا جا سکے گا۔
کل بدھ ہی کے روز ایئر انڈیا کی ایک اور مسافر پرواز کو بھی ایک ناخواشگوار واقعہ پیش آیا۔ بھارتی شہر امرتسر کے ہوائی اڈے پر ایک مسافر طیارہ پرواز سے چند لمحے پہلے تیزی سے ٹیکسی کر رہا تھا کہ پائلٹ کو ایک ایسا لاوارث کتا نظر آیا جو رن وے پر دوڑ رہا تھا۔
امرتسر ایئر پورٹ کے ایک اہلکار کے مطابق یہ کتا رن وے پر عین اس جگہ دوڑ رہا تھا جہاں قریب ہی جہاز کے اگلے پہیے تھے۔ یہ بھانپتے ہوئے کہ اس لمحے کوئی حادثہ پیش آ سکتا تھا، طیارے کے پائلٹ نے ایمرجنسی بریکیں استعمال کیں اور جہاز کو دوبارہ رن وے کے پارکنگ ایریا میں لے آیا۔
اس واقعے کے بعد یہ ہوائی جہاز بھی فوری معائنے کے لیے خالی کرا لیا گیا۔ ایئر انڈیا کی یہ پرواز بھی لندن جانا تھی۔ معائنے کے بعد 171 مسافر اور عملے کے ارکان ایک بار پھر اسی طیارے کے ذریعے لندن کے لیے روانہ ہو گئے۔
ایسوسی ایٹڈ پریس نے مزید لکھا ہے کہ ایک اور واقعے میں ایئر انڈیا ہی کے ایک مسافر طیارے کو، جو ممبئی سے مسافروں کو لے کر آیا تھا، امریکی ریاست ریاست نیو جرسی میں Newark کے ہوائی اڈے پر ایک ایسی وین نے ٹکر بھی مار دی، جو مسافروں کے لیے کیٹرنگ کا سامان لے کر وہاں پہنچی تھی۔