میانمار، فوج نے مظاہرین پر فائرنگ کر دی
19 مارچ 2021میانمار میں فوجی بغاوت کے خلاف عوامی مظاہروں کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ یکم فروری کی فوجی بغاوت کے بعد سے ملک بھر کے تقریبا سبھی بڑے شہروں میں روز مرہ کی زندگی مفلوج نظر آ رہی ہے۔ ان مظاہروں کو کچلنے کی خاطر فوجی جنتا نے نہتے اور پر امن مظاہرین کے خلاف طاقت کا بے جا استعمال بھی شروع کر دیا ہے۔
میانمار کے وسطی شہر انوبان میں تشدد کے ایسے ہی ایک تازہ واقعے کے نتیجے میں کم ازکم آٹھ مظاہرین کی ہلاکت کی اطلاع ہے۔ مقامی میڈیا کے مطابق جمعے کے دن وسطی شہر انوبان میں پرامن مظاہرہ کیا جا رہا تھا لیکن فوج نے اس احتجاج کو منشتر کرنے کی خاطر فائرنگ کر دی۔
یہ بھی پڑھیے: میانمار: فوجی بغاوت کے بعد سے اب تک 138 افراد ہلاک
اس صورتحال میں فوجی بغاوت کے نتیجے میں معزول کیے گئے قانون دانوں نے غور کرنا شروع کر دیا کہ ملکی فوج کی اس بربریت کے خلاف بین الاقوامی عدالت سے رجوع کیا جانا چاہیے۔ ان سیاستدانوں کا کہنا ہے کہ فوجی جنتا انسانی حقوق کی پامالی کی مرتکب ہو رہی ہے۔ تاہم یہ واضح نہیں کہ آیا اس فوجی تشدد کے خلاف اس بین الاقوامی عدالت میں مقدمہ درج کیا جا سکتا ہے۔
میانمار میں گزشتہ دو ماہ میں ان مظاہروں کے دوران فوج اور پولیس اہلکاروں سے جھڑپوں کے دوران کم ازکم دو سو چوبیس شہری مارے جا چکے ہیں۔ اس فوجی کریک ڈاؤن کے باوجود میانمار میں جموریت نواز شہریوں کی طرف سے مظاہروں اور احتجاجات کا سلسلہ ترک نہیں کیا گیا ہے۔
میانمار کے لیے اقوام متحدہ کے مندوب کائیو مو نے کہا ہے کہ کوشش کی جا رہی ہے کہ ریاستی سطح پر ہونے والی ان پرتشدد کارروائیوں کو روکنے کی خاطر بین الاقوامی فوجداری عدالت مداخلت کرے۔ نیو يارک میں ایک اجتماع سے خطاب کے دوران انہوں نے مزید کہا کہ معزول کیے گئے ممبران پارلیمان کی ایک کمیٹی اس حوالے سے ایک منصوبہ تیار کرنے کی کوشش میں ہے۔
یہ بھی پڑھیے:میانمار کی فوجی جنتا کا میڈیا کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن
جنیوا میں اقوام متحدہ کی ہیومن رائٹس کونسل کے ماہرین نے میانمار میں جاری فوجی کارروائی پر سخت تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ انسانی حقوق کے کارکنان کے قتل، گرفتاریوں اور ہراساں کیے جانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے ان ماہرین نے اصرار کیا ہے کہ ان واقعات کی روک تھام کے لیے بین الاقوامی برداری کی مداخلت ناگزیر ہو چکی ہے۔
ادھر میانمار کی فوجی جنتا نے دہرایا ہے کہ ملک میں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کی خاطر کارروائی کی جا رہی ہے۔ مزید کہا گیا گیا ہے کہ ان پرتشدد مظاہرین کے خلاف کارروائی ملکی اور بین الاقوامی قانونی تقاضوں کو ملحوظ رکھتے ہوئے کی جا رہی ہیں۔ میانمار کی فوج نے ملک کا کنٹرول سنبھالنے کا دفاع کرتے ہوئے کہا ہے کہ جلد ہی انتخابات کراتے ہوئے ملک کا اقتدار سول حکومت کو سونپ دیا جائے گا۔
یورپی یونین کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ عوام کے خلاف تشدد کا مرتکب ہونے پر ذمہ دار افراد کے خلاف پابندیاں عائد کی جائیں گی۔ بتایا گیا ہے کہ میانمار کی فوج سے منسلک اہم عہدیداروں کے خلاف پابندیاں کی ایک تجویز تیار کر لی گئی ہے اور متوقع طور پر پیر کے دن یہ پابندیاں عائد کر دی جائیں گی۔
یہ بھی پڑھیے:یورپی یونین میانمار پر پابندیاں لگانے پر تیار
میانمار میں فوجی بغاوت کے بعد عالمی برداری کی طرف سے اسے پہلا ایسا قدم قرار دیا جا رہا ہے، جس کی وجہ سے میانمار کی فوجی جنتا پر دباؤ دیا جا سکے گا۔
ع ب / ع ا / خبر رساں ادارے