پاکستان میلبورن ٹی ٹوئنٹی بھی ہار گیا
5 فروری 2010پاکستان کی طرف سے وکٹ کیپر بیٹسمین کامران اکمل نے جارحانہ اننگز کھیلی، انہوں نے سات چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے محض تینتیس گیندوں میں چونسٹھ رنز بنائے۔ کامران کی اس شاندار اننگز کے باوجود پاکستان میچ ہار گیا۔ آسٹریلیا کی طرف سے مین آف دی میچ شان ٹیٹ نے صرف تیرہ رنز کے عوض تین قیمتی وکٹیں حاصل کیں۔
آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا لیکن اننگز کا آغاز اچھا نہیں رہا۔ شین واٹسن آٹھ رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔ اس کے بعد کپتان مائیکل کلارک اور اوپنر ڈیوڈ وارنر کے درمیان چالیس رنز کی شراکت ہوئی، وارنر نے چوبیس رنز بنائے جبکہ کپتان کلارک بتیس رنز بناکر عمر گل کا شکار بنے۔ مائک ہسی کے بھائی ڈیوڈ ہسی کریز پر آئے اور انہوں نے اپنے منفرد انداز میں اکتیس گیندوں میں چالیس رنز بنائے لیکن مڈل آرڈر میں آسٹریلیا کی اننگز لڑکھڑا گئی اور وکٹیں تسلسل کے ساتھ گرتی چلی گئیں۔ جارحانہ بیٹنگ کے لئے مشہور کیمرون وائٹ اور وکٹ کیپر بیٹسمین بریڈ ہیڈن خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے۔
پاکستان کی طرف سے فاسٹ بولر عمر گُل نے شاندار بولنگ کی، انہوں نے محض بیس رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں۔ میلبورن ٹی ٹوئنٹی کے لئے پاکستانی کپتان شعیب ملک نے دو جبکہ محمد آصف اور نویدالحسن رانا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
اس طرح پاکستانی ٹیم کو دورہء آسٹریلیا کے دوران تین میچوں کی ٹیسٹ سیریز اور پانچ میچوں پر مشتمل ون ڈے سیریز کے بعد اب واحد ٹی ٹوئنٹی میچ میں بھی شکست ہوئی ہے۔ یہ دورہ پاکستان کے لئے ناقابلِ فراموش رہے گا۔
رپورٹ: گوہر نذیر گیلانی
ادارت: امجد علی